نقوشِ ادب Nuqoosh-e-Adab

عنوان                                   مصنف                         

  اداریہ                                                                    محمد معز قادری شطاری      

 صوفی صاحب کے بارے میں                    متاع نجات                       حضرت خواجہ شوق ؔ

تعارف                                     متاع نجات                       محمداحمد شریف شطاری (پاگل عادل آبادی)

عرض حال                                  متاع نجات                       صوفی سلطان شطاری (عادل آبادی)    

 پیش لفظ                                    خامہ فکر                         حضرت سید عبدالحکیم یعقوبی                   

تعارف                                     (منظوم)                       کاظم علی خان حزیںعنبر خوانی

کیا کہیں کیا نہ کہیں                            خامہ فکر                         صوفی سلطان شطاری (عادل آبادی)       

 صوفی سلطان شطاری کی شاعری                  سراجاً منیرا                       حضرت خواجہ شوق ؔ          

دکن کا معتبر ، زندہ دل اور قادر الکلام شاعر          سراجا منیرا                      یوسف روش ؔ ایم ٹیک (عثمانیہ)

کچھ صوفی سلطان شطاری کے بارے میں           سراجا منیرا                      شیخ اسمعیل صابر

بہشت میں اہل بہشت کو سماع حاصل ہوگا          سراجا منیرا                      صوفی سلطان شطاری (عادل آبادی)

سراجا منیرا                                  سراجا منیرا                        ڈاکٹر عقیل ہاشمی

سراجا منیرا                                  سراجا منیرا                       مولانا نادر المسدوسی

صوفی سلطان شطاری داخلی کیفیتوں کا شاعر         مضمون                         یوسف روش ؔ ایم ٹیک (عثمانیہ)

صوفی سلطان شطاری کی شخصیت اور شاعری         مضمون                         ایڈویٹ اجمل محسنؔ ۔ (ورنگل)

عشق زندہ ہے محمدؐ کے پرستاروں سے             مضمون                         محترمہ نفیسہ خان (ناگر جونا ساگر )

شاعر سوز وگدازصوفی سلطان شطاری               مضمون                         انجم شافعی ریسرچ اسکالر                       

صوفی سلطانؔ شطاری کی صوفیانہ شاعری             مضمون                       محترمہ فریدہ زین ایم اے                    

خامۂ فکر سے رنگ غزل تک                    مضمون                        محترمہ تسنیم جوہرایم اے ۔ بی ایڈ                                

صوفی شاہ محمد سلطان شطاری قادری               مضمون                          سعدیہ مشتاق                                                              

جناب صوفی سلطان کی صوفیانہ شاعری              مضمون                         انجم قمر سوز                                                              

سراجا منیرا(نعتیہ مجموعہ)                         تبصرہ                         رؤف خلش                                          

سلطان قادری کی پچاس سالہ ادبی خدمات           مضمون                      محمد نعیم اللہ شریف ۔ جدہ                                             

حرف جمیل                                   مضمون                       جمیل نظام آبادی                                                     

صوفی سلطان شطاری معتبر ومحترم شاعر                مضمون                       مومن خاں شوقؔ                                                     

صوفی سلطان شطاری قدیم روایتی کلاسیکی

      طرزاظہار کا پیروکار                        مضمون                       ڈاکٹر راہی                                                                

نرمل کا کومل شاعر  صوفی سلطان شطاری              خاکہ                         فرید سحرؔ                                                                  

متاع نجات سے رنگ غزل تک ،                  مضمون                       ڈاکٹر صوفی غازی امان ۔ اورنگ آبادی      

 صوفی سلطان کا تخلیقی سفر                       

صوفی سلطان شطاری                             مضمون                    نسیمہ تراب الحسن                                                    

صوفی کی شاعری میں تصوف کی جھلکیاں             مضمون                       مسعود مرزا محشر ورنگل                                             

صوفی سلطان شطاری صوفیانہ فکر کا شاعر               مضمون                      اقبال شیدائی ورنگل          

جناب سلطان قادری کے پچاس سالہ                                             محمد محمود علی

اداریہ

اللہ رب العزت کا یہ کتنا بڑا احسان اور کرم ہے کہ اس نے میرے پدر پزرگوار حضرت صوفی سلطان شطاری صاحب کی شعر گوئی کے پچاس سالہ جشن مبارک کے خوشگوار وپربہار موقع پر مجھے کچھ لکھنے کی توفیق وسعادت بخشی۔
دنیائے شعر وادب میں میرے دادا حضرت صوفی محمد عبدالمنان قادری شطاریؒ کشورؔ نرملی صاحب فارسی اور اردو کے نامور اور ممتاز شعراء میں شمار کئے جاتے تھے۔ آپ کاسلسلہ ٔ طریقت سلسلۂ ہاشم پیرؓ سے ملتا ہے جو قادریہ شطاریہ کہلاتا ہے۔ اللہ تعالی کی عطا کردہ عنایتوں اور برکات وفیوض سے آپ نے اپنے معتقدین ومریدین کو علم کی روشنی سے بہرہ مند فرمایا ۔ آپ کے مریدین زیادہ تر ناگپور ، نرمل ، عادل آباد اور ناندیڑ وغیرہ کے متوطن ہیں۔ آپ کا وصال ۱۹۷۹ء میں ہوا۔ اسی مناسبت سے آپ کا عرس مبارک ہر سال ۲۵؍ ذی الحجہ کو نہایت اہتمام وافتخار سے اوٹنور (ضلع عادل آباد ) میں مسلسل تین دنوں تک منعقد کیا جاتا ہے جہاں آپ کا روضہ ٔ اقدس اپنے فیوض وبرکات کے ساتھ زیارت خلائق کے لئے موجود ہے۔
حضرت کشورؔ نرملی کے وصال کے تقریباً ایک سال بعد ۱۹۸۰؁ء میں بزم کشورؔ کا قیام عمل میں آیا جس کے بانی وصدر میرے والد بزرگوار حضرت صوفی سلطان شطاری صاحب قبلہ ہیں جو حیدرآباد کے ممتاز شاعر ، ادیب ، مقرر اور فعال شخصیت کے حامل ہیں جن کو حضرت کشورؔ نرملی سے شرف ِتلمذ حاصل رہا۔ بزمِ کشورؔ کے دیگر اراکین میں سید عبدالحکیم یعقوبی مرحوم ، کاظم علی خاں حزیں، مرحوم ، پاگل ؔ عادل آبادی ، مرحوم ، اور شیخ اسماعیل صابرؔ صاحبان کے نام قابل ذکر ہیں۔
صوفی سلطانؔ شطاری صاحب ادبی وشعری سرگرمیوں کے علاوہ حکمت وکئی سماجی ، ملی اور سیاسی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ چنانچہ سماج ومعاشرے کے بیشتر فلاحی کاموں کو سر انجام دینا اپنا اہم فرض سمجھتے ہیں۔ آپ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی سے وابستہ ہیں اور اسٹیٹ سکریٹری کی حیثیت سے سرگرم عمل ہیں۔
صوفی سلطانؔ شطاری صاحب کا شعری سفر بحمد اللہ نصف صدی یعنی ۱۹۵۹؁ء سے مختلف اصناف سخن مثلا : حمد ، نعت ، منقبت ، غزلوں ، نظموں ، قطعات اور مثنوی وغیرہ کی طبع آزمائی میں گزرا اور گزر رہا ہے۔ آپ کے تاحال تین شعری مجموعے بالترتیب متاعِ نجات (نعتیہ مجموعہ) ۱۹۸۵؁ء میں خامہ فکر  (غزلوں کا مجموعہ ) ۱۹۸۷ء میں اور سراجا ً منیرا (نعتیہؐ مجموعہ) اور نور کا سفر  نثری مجموعہ (خاصۂ رسول اکرم ؐ) ۲۰۰۷؁ء میں منظر عام پر آچکے ہں۔ اور رنگ ِغزل (شعری مجموعہ) زیرطباعت ہے۔
حالیہ دنوں میں صوفی سلطانؔ شطاری صاحب کے قریبی احباب کو یہ خیال شدت سے ستانے لگا کہ کیوں نہ موصوف کی شاعری کی گولڈن جوبلی تقریب منائی جائے ؟ چنانچہ آپسی مشاورت سے یہ دو روزہ جشن نہایت تزک واحتشام سے آخری ہفتہ جون ۲۰۰۹؁ء کو حیدرآباد کے عالی شان تھیٹر رویندرا بھارتی میں منایا جارہا ہے۔ اس یادگار موقع پر ایک دلکش و دیدہ زیب میگزین نقوش ِ ادب صوفی سلطان شطاری شعری گولڈن جوبلی کے نام سے شائع کیا جارہا ہے تا کہ حضرت والا کے مختلف اصناف ِسخن کے خوبصورت نمونے دیگر سرگرمیاں اور مختلف دانشورانِ ادب وشعراء کے رقم کردہ تاثرات اور مضامین یکجا کئے جاسکیں۔ اس دلنواز اور یادگار میگزین کی رسم اجراء کے علاوہ شام غزل ، ابی اجلاس ، اور عظیم الشان مظاہرہ کا بھی پروگرام طے کیا گیا ہے۔ جس کی تفصیلات دعوت ناموں اور اخباری اطلاعات کے ذریعہ مدعوئین کی خدمت میں بہم پہنچائی جائیں گی۔
میں ان تمام ادباء وشعراء حضرات کا تہہ دل سے شکر گذار ہوں کہ جنہوں نے مختلف مضامین ،آراء وخیالات کے اظہار کے ذریعہ موصوف کا مکمل خاکہ تحریری طور پر کھینچا اور تقریباً ادبی ، سماجی ، اور شعری ونثری زندگی کا احاطہ کرتے ہوئے اس سووینر کو ایک گلدستہ کی شکل دینے میں مدد کی۔
آخر میں میری دلی دعا ہے کہ خدا والد ماجد حضرت صوفی سلطانؔ شطاری صاحب کی شاعری کی گولڈن جوبلی تقریب کو کامیاب بناتے ہوئے موصوف کو دین ودنیا کی طویل صحت مند زندگی عطا کرے تا کہ آپ کی ادبی ، شعری اور سماجی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے اورحضرت والا خدمت خلق کے سلسلے کو بھی جاری وساری رکھ سکیں۔

نیاز کیش :محمد عبدالمعز قادری شطاری
(بی۔ایس۔ سی، ایم ۔ بی ۔ اے)

جنرل سکریٹری بزم کشور ؔ

صوفی صاحب کے بارے میں

نعت رسولؐ ، سلام ، منقبت وہ اصناف سخن ہیں جہاں با ادب با نصیب بے ادب بے نصیب ہے خدا بخشے حافظ حکیم محمود الرحمن خاں صاحب کے ہاں غزلوں کی محفلوں کے علاوہ نعت رسول کی محفلیں بھی بڑے اہتمام واحترام سے منعقد ہوتی تھیں جن میں اکثر وبیشتر مشاہیر ادب شریک ہوتے اور نذرانہ عقیدت پیش کرتے جن میں قابل ذکر کچھ نام حافظہ میں رہ گئے ہیں۔ مولانا کامل ؔ شطاری، علامہ حیرتؔ بدایونی، علامہ نجمؔ اختری، حضرت حمید الدین رعناؔ ، حضرت عبدالحمید خاں خیالی، حضرت تاج ؔ قرشی، حضرت قدرؔ عریضی ، مولانا سید معزؔ الدین قادری المتانی، حضرت سعیدؔ شہیدی، حضرت اوجؔ یعقوبی، راقم الحروف ، جناب شمس الدین تاباںؔ ، جناب رازؔ عابدی اور کئی اصحاب بالالتزام شریک رہتے۔ بزمانۂ قیام حیدرآباد حضرت جگرؔ مراد آبادی اور کبھی کبھی مہمان شعراء کی بھی شرکت ہوجاتی تھی۔ ایک مرتبہ محفل نعتؐ اس قدر کامیاب جارہی تھی۔ معلوم یہ ہو رہا تھا کہ رحمتوں کا نزول ہو رہا ہے۔ حکیم صاحب نے فرمایا کہ کوئی نعتؐ خراب ہو ہی نہیں سکتی کیونکہ جس ذات ستودہ صفات کی مدح ہو رہی ہے اس میں کسی قسم کی کوئی برائی یا خرابی کا وجود ہی نہیں ہے تو نعتؐ کیسے خراب ہوسکتی ہے۔ فرق صرف جذبات مودت۔ عقیدت واحترام الفاظ کے انتخاب اپنی اپنی نسبت وابستگی بندش اور مضمون کا ہوتا ہے واقعہ یہ ہے کہ حکیم صاحب نے دورانِ مشاعرہ ایک ایسی حقیقت کا امر کھلے بندوں اظہار کیا کہ بات کہیں سے کہیں نکل گئی اور ایک کیفیت دیر تک طاری رہی نعتؐ گوئی کوئی آسان کام نہیں باخدا دیوانہ باشد با محمد ہوشیار والی منزل ہے جس کا سلسلہ صدیوں سے جاری ہے اور جاری رہیگا۔ عربی ، فارسی کے بعد اردو میں بھی کافی ذخیرہ موجود ہے اور کیوں نہ ہوگا جبکہ حب ِرسول عین ایمان ومتاع نجات ہے۔ غور طلب بات اتنی ہے کہ خالق عزوجل نے جس ذات قدسی وجہ تخلیق کائنات کی تعریف کی ہو خلفت اس کی تعریف کیا کرسکے گی۔ کہاں ذات ِپاک مرتبہ دانِ محمد است جو تعارف مبنی ہو کہاں علم الہی کہاں علم قلیلہ ، تعریف تو وہ مستند ہوتی ہے تعارف کے بغیر تعریف صرف حسن عقیدت ووابستگی ہے تمہیں صدیوں سے سمجھا جارہا ہے۔ شعور ہر صدی میں تشنگی ہے۔ بزرگان دین کا معاملہ اور ہے جن کی مثال عام شعرا پر منطبق نہیں ہوسکتی۔ اسی طرح شرف قبولیت کا معاملہ بھی بالکلیہ استثنائی صورت رکھتا ہے جو کہ کسی کے بس کا نہیں۔ الغرض بعد از خدا بزرگ توئی کی بارگاہ میں نہ زعم قابلیت کام دیتا ہے نہ استادی شاگردی ! سچ پوچھئے تو شہرت کا ہونا نہ ہونا الگ چیز ہے۔ اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ فارسی شعرا نے اس میدان میں جریدۂ عالم پر اپنی مہر دوام ثبت کرلی یوں بھی فارسی زبان کی شیرینی، لوچ گیرائی، گہرائی اردو زبان میں پیدا ہونا محال قطعی ہے۔ لیکن شمالی ہند کے شعراء کے علاوہ حیدرآباد کے نعتؐ گو شعراء کی فہرست بھی بفضل خدا کافی طویل ہے جن پر علیحدہ ایک مستقل کتاب لکھی جاسکتی ہے اور بات ہے کہ بد نصیبی سے ہماری نظریں صرف شمالی ہند کے شعراء پر ہی مرکوز ہو کر رہ گئی ہے۔
آمد م برسر مطلب آج سے کم وبیش سولہ ، سترہ سال قبل کی بات ہے کہ مشہور مزاحیہ شاعر جناب پاگل ؔ عادل آبادی نے ایک ملاقات میں برسبیل تذکرہ اپنے پیر ومرشد کا غائبانہ تعارف کروایا تھا۔ میں نے از راہ مذاق ان سے کہا کہ میاں تم خود پاگلؔ ہو تو تمہارے مرشد کا کیا عالم ہوگا ؟ بات رفت گزشت ہوگئی۔ کچھ دنوں بعد دفتر رہنمائے دکن میں ایک صاحب تشریف لائے بے حد شائستہ وسنجیدہ۔ لباس وضع قطع سے قابل ِاحترام فقیر منش سیدھا سادا دلکش انداز۔ دوران گفتگو پتہ چلا کہ اسمِ گرامی صوفی سلطانؔ شطاری شطاریہ سلسلہ سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنا شجرہ اس طرح بیان کیا کہ حضرت سید شاہ محمد غوث گوالیاریؒ کے خلیفہ سید شاہ وجیہہ الدین گجراتیؒ مفسر قرآن کے خلفاء کے کچھ اورنگ آباد میں قیام پذیر ہوئے کچھ بیجا پور آئے۔ جن میں حضرت ہاشم پیر دستگیرؒ ہیں۔ جو کہ بادشاہ علی عادل شاہ بیجاپوری کے پیر ومرشد تھے اور ان کے خلفا کے سلسلہ میں حضرت بابا تاج الدین ناگپوریؒ کے برادر تایا زاد صوفی حسین علی شاہؒ نرملی تھے جو آپ کے دادا ہوتے ہیں سلسلہ کے۔ اور یہ سلسلہ شطاریہ صاحبزادۂ سرکار غوث الثقلینؓ سے چلا ہے۔ ابتدائی ملاقات کے بعد روابط بتدریج مراسم میں تبدیل ہوتے گئے۔ پھر یہ بات مشاہدہ میں آئی کہ محترم جناب اوجؔ یعقوبی صاحب مرحوم کے برادر بزرگ حکیم بھائی سے صوفی صاحب کے بہتر قریبی تعلقات ہیں ۔ چونکہ اوجؔ یعقوبی صاحب کے رشتہ سے حکیم بھائی بھی میرے لئے اتنے ہی قابل احترام ہیںجتنے کہ مرحوم اوجؔ یعقوبی صاحب لہذا سمند ناز پہ اکر تازیانہ ہوا موصوف کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقعہ ملا۔ بڑے زندہ دل اور یار باش آدمی ہیں حلقہ احباب وسیع ہے۔ ابتدا میں اپنا کلام والد بزرگوار حضرت صوفی فیاض علی شاہ صاحب شطاری عرف صوفی محمد عبدالمنان صاحب کشورؔ (نرملی) سے اصلاح لیتے تھے۔ جو نعتؐ گو شاعر تھے۔ زمانۂ طالب علمی ویوک وردھنی کالج میں بی اے سال آخر سے جناب ناصرؔ کرنولی کی تحریک پر غزل گوئی بھی شروع کی چنانچہ کالج میگزین میں رہبرؔ تخلص کے ساتھ کافی دنوں تک کلام شائع ہوتا رہا لیکن والد بزرگوار نے اس کو پسند نہیں فرمایا اور حمد و نعتؐ سلام ومنقبت کی طرف راغب ہونے کا مشورہ دیا تا کہ سامان نجات اُخروی فراہم ہوسکے جس پر بڑی حد تک کار بند ہیں کیونکہ یہ دولت وراثت میں ملی ہے۔ پیشہ کے اعتبار سے کنٹراکٹر ہیں۔ دنیاوی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ آبائی صوفیانہ مسلک کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا یہ بڑی بات ہے اور یہ امتیازی وصف ان کے کلام میں جا بجا نمایاں ہے۔ بغرض تصدیق میں نے بنظر اختصار کچھ گلہائے عقیدت کا انتخاب کیا ہے ورنہ اہل بینش کے لئے اس گلزار نعتؐ میں کیا نہیں ؟

دامانِ نظر تنگ وگل حسن تو بسیار
گلچیں بہار تو زداماں گلہ دارد
اللہ کرے زور قلم اور زیادہ
ہو چشم بصیرت تو کھلے رازِ حقیقت
ظاہر میں تو انساں ہیں مگر جانئے کیا ہیں
٭
سرورِ عالم کی الفت سے اگر خالی ہو دل
لاکھ سجدے کیجئے لیکن اثر کچھ بھی نہیں
٭
آواز دے کے دیکھ کبھی احترام سے
بنتے ہیں بگڑے کام محمدؐ کے نام سے
٭
جہاں نقش پائے شہ دوسرا ہیں
وہ راہیں ہیں آنکھیں بچھانے کے قابل
٭
شب ِاسریٰ جو اک پل میں نبیؐ جا کر چلے آئے
ملا ہے وقت کو خود آپؐ کی رفتار کا صدقہ
٭
آپؐ کو کس طرح بھولے کوئی انساں آقا
آپ ؐسے عظمت ِانساں ہے رسولؐ ِعربی
جسکے دل میں جس قدر ہے جذبۂ ایماں نہاں
اس نے دیکھا اتنا ہی جلوہ رسولؐ اللہ کا 

٭
ہر وقت نظر آئے مکیں دل میں محمدؐ
دنیا تو یہ کہتی ہے دل اللہ کا گھر ہے
٭
ائے خدا سایۂ بے سایہ کی قربت دیدے
دیکھ لوں شاہ کو بس اتنی بصیرت دیدے
٭
دلوں میں کھلیں پھول نعت نبیؐ کے
فقط اتنا زورِ قلم چاہتا ہوں
٭
محمدؐ ناخدا ٹھہرے تو ہم کو فکر کیا کوئی
کدھر طوفان ہے اور کس طرف اپنا سفینہ ہے
٭
شق ہوا چاند تو حیرت کی کوئی بات نہیں
ٹکڑے ہوجاتا فلک آپؐ اشارہ کرتے
٭
سایہ ہی نہیں ہے تو تشبیہ کہاں ممکن
کس طرح کوئی کھینچے تصویر محمدؐ کی
٭
سلطانؔ چلئے تھام کے دامان مصطفیؐ
کتنا ہی کیوں نہ سخت کوئی مرحلہ رہے
٭٭٭

حضرت خواجہ شوقؔ

تعارف

محمد احمد شریف شطاری قادری
عرف پاگل ؔعادل آبادی اردو محل کالج ، کالونی عادل آباد

مجھے یہ خوش قسمتی حاصل ہے کہ میرے پیرومرشد حضرت صوفی شاہ محمد سلطانؔ شطاری قادری سجادہ نشین کے حالات زندگی پر روشنی ڈالنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں۔ 

پیر ومرشد کی شخصیت کا شمار ریاست آندھراپردیش کے ان چند قابل فخر ہستیوں میں سے ہے جن کو نہ موجودہ زمانہ کبھی فراموش کرسکتا ہے۔ نہ آنے والی نسل ، حضرت قبلہ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ خصوصاً شہر حیدرآباد ضلع عادل آباد، نرمل وغیرہ میں ان کی ہستی خاص وعام میں مقبول ہے۔ آپ کی ولادت بہ سعادت تعلقہ نرمل ضلع عادل آباد کے ممتاز مشائخ گھرانے میں ہوئی۔ آپ کے والد بزرگوار پیر کامل حضرت صوفی فیاض علی شاہ شطاری قادریؒ بلند پایہ صاحب دل بزرگ گذرے ہیں جن کی عرفیت صوفی محمد عبدالمنان صاحب کشورؔ تھا۔ آپ بہت ہی کم گو تھے اور پتہ کی بات کہتے تھے۔ اور ایک بہت بڑے نعتؐ گو شاعر بھی تھے۔ آپ کا تخلص کشورؔ تھا۔ آپؒ کی شاعری عشق ِنبیؐ اور تصوّف میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ان کا مزار مبارک تعلقہ اُٹنور (ضلع عادل آباد) گاؤں سے ایک کلومیٹر دور مغرب میں حضرت سید صادق پنجابیؒ کے عقب میں واقع ہے۔ سید صادق پنجابیؒ بہت قدیم بزرگ ہیں جو کہ ۳۵۵ سال قبل کے ہیں۔ اور صوفی صاحب کا عرس شریف ۲۵؍ ذوالحجہ کو بڑے اہتمام سے منایا جاتا ہے۔ جس میں خاص طور سے نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا جاتا ہے اور دور دور شہروں سے زائرین شریک ہوتے ہیں۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ آپؒ سے مجھے کافی لگا ؤ رہا ہے۔ آپ کے دادا پیر حضرت قبلہ بزرگان سلف میں جلیل القدر ہستی کے حامل تھے جن کا اسم گرامی حضرت صوفی حسین علی شاہ شطاری قادریؒ ہے۔ آپ ؒہی کے نام سے صوفی نگر آج بھی آباد ہے جو (تعلقہ نرمل ضلع عادل آباد کا ایک مشہور موضع ہے) آپؒ کا عرس شریف بصد عقیدت واحترام ہر سال بتاریخ ۱۵؍ تا ۱۷؍ ذوالحجہ عظیم الشان پیمانہ پر منایا جاتا ہے۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین وعقیدت مند شرکت کرتے رہتے ہیں۔
حضرت صوفی شاہ محمد سلطانؔ شطاری قادری اسی سلسلہ نسب کے فیضان سے اور اپنے مرشد کامل والد بزرگوار حضرت صوفی فیاض علی شاہ ؒ شطاری قادری سے خلافت حاصل ہونے کے بعد آپ میں روحانی خصوصیات بدرجہ اتم موجود ہیں۔ حضرت قبلہ کردار واطوار میں اپنے والد بزرگوار کا سچا نمونہ ہیں۔ ان ساری خوبیوں کے علاوہ آپ ایک بلند پایہ شاعر بھی ہیں۔ انتہائی مصروفیت کے باوجود بھی خدا اور اس کے حبیبؐ کی حمد وثنا کو نظم کرنے کے لئے اپنا وقت نکالا کرتے ہیں۔ آپ نے اسرار ورموز کو غزلیات میں سمو کر معرفت کا رنگ بخشا ہے۔ زیادہ تر نعتؐ ومنقبت کہتے ہیں آپ کو شاعری اسی حد تک پسند ہے جو خدا اوراس کے حبیبؐ کے لئے استعمال کی جائے۔ آپ نے اپنے کلام سے شمع محمدیؐ کے پروانوں کے دلوں میں ایمان کی حرارت پیدا کردی ہے۔ انہیں درس وتدریس خدا اور رسول کی تعلیمات کا شوق ورثہ میں ملا ہے۔ جب کبھی میں نے دیکھا ہے انہیں خدمت خلق میں مصروف پایا ہے۔ ان کا یہ خدمت ِملّی اور خدا پرستی کا جذبہ ان کے باشعور ہونے کے ساتھ ہی پیدا ہوگیا ہے۔ جیسے جیسے ان کا شعور بڑھتا گیا اپنے والد بزرگوار کے نقش ِقدم پر چلتے رہے۔ اور ان کی شہرت ومقبولیت میں اضافہ ہوتا گیا۔ جس وقت سے آپ مسند ِخلافت پر فائز ہوئے ہیں آپ کے معتقدین کی تعداد میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ آپ کے مریدین میں اکثر حکومت آندھراپردیش کے آئی ۔ اے ۔ ایس عہدہ دار اور ہائی کورٹ حیدرآباد کے ایڈوکیٹس شامل ہیں۔ بلا لحاظ مذہب وملت آپ کے در پر سیکڑوں لوگ جمع رہتے ہیں۔ انسانی خدمت فلاح وبہبودی سے آپ کو اس قدر دلچسپی ہے کہ یہ ہمیشہ اس کار نیک میں مصروف نظر آتے ہیں۔ آپ کا خیال ہے کہ بھٹکے ہوئے انسانوں کو خدا کے راستے پر لانا بھی ایک عبادت ہے۔ حضرت قبلہ ایسے گھرانے میں تولد ہوئے ہیں جہاں خدا اور رسولؐ کی خوشنودی ہمیشہ حاصل رہی ہے شب وروز کے اوقات میں ان کا زیادہ تر وقت ذکر واذکارِ الہی عبادت اور رشد وہدایت میں گذرتا ہے۔ انہیں دیکھنے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ ایک ایسی پر نورشخصیت کے مالک ہیں۔ جنھیں دنیاوی معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ آپ ارشاد فرماتے ہیں کہ خدائے بزرگ وبرتر کی جتنی بھی حمد وثنا کی جائے بندہ کے لئے کم ہے۔ جسم سے نکلنے والی ہر سانس بھی خدا کی تعریف کے لئے نکلتی ہو تب بھی بندہ اپنے فرض کو پورا نہیں کرسکتا آپ تبلیغ کو اپنی زندگی کا جزو لا ینفک بناچکے ہیں۔ رات اور دن کبھی بھی کسی وقت بھی حضرت قبلہ سے ملاقات کے لئے چلے جائیے آپ سے انتہائی خلوص ومحبت سے ملیں گے۔ خدا کی عبادت کے بعد اپنے آرام کا وقت بھی خدمت ِخلق وتبلیغی امور کے لئے وقف کردیا ہے۔ یہی ان کی زندگی کا لائحہ عمل ہے۔

٭٭٭

عرض حال

صوفی سلطان شطاری ؔ

کبھی یہ سونچا بھی نہ تھا کہ شعری بندشوں میں مقید اپنے افکار ادبی دنیا میں پیش کرنا پڑے گا۔ حمد و نعتؐ گوئی اور اس کی اشاعت چونکہ باعث ِسعادت بھی ہے، اس لئے حمد ونعتؐ پر مشتمل کلام متاع ِنجات کے نام سے پیش خدمت ہے۔ غزلیات پر مشتمل مجموعۂ کلام جسے خامۂ دل کے نام سے موسوم کیا گیا، کتابت مکمل ہونے کے باوجود اس کی اشاعت محض اس خاطر روکی گئی کہ ادبی دنیا میں تعارف کی ابتداء حمد ونعتؐ پر مشتمل مجموعۂ کلام سے ہو۔ میں جس گھرانے میں پیدا ہوا، وہاں ادبی علمی اور تصوّف کا ماحول تھا۔ والد مرحوم خود ایک بہترین شاعر اور فقیر منش شخص تھے۔ ہمارے گھر میں اکثر نعتؐ وسماع کی محفلیں اور مشاعرے منعقد ہوا کرتے تھے۔ اسی طرح بچپن ہی سے ادبی علمی مجالس اور دینی محفلوں میں حصہ لینے اور گزشتہ ڈیڑھ صدی کے ادبی شعری خزانوں سے استفادے کا موقع ملا۔ علامہ اقبال ؔ ، غالبؔ، میرؔ، مومنؔ ، ذوقؔ، امجدؔ، انیسؔ، حالیؔ، سوداؔ، آرزو،ؔ جلیلؔ، جوشؔ، جگرؔ، صفیؔ اورنگ آبادی ، کے کلام کو بغور پڑھتے رہنا میرا محبوب مشغلہ بن گیا تھا، یہی مشغلہ بالآخر شعر کہنے کی ترغیب کا باعث بنا۔ لیکن والد صاحب کو اس بات کا علم نہیںتھا۔ لیکن ہوا یہ کہ ہمارے گھر میں منعقدہ ایک محفلِ سماع میں قوال صاحب سے کسی کا کلام سنانے میں کافی گڑبڑ ہوگئی ان کے حافظے سے مصرعۂ ثانی نکل گیا تھا۔ اس مرحلے پر میں نے انھیں یکے بعد دیگرے مصرعے دینے شروع کئے۔ محفل میں ایک سماں سا بندھ گیا محفل کے اختتام پر قوال صاحب میری قدم بوسی کو آگے بڑھے۔ ادھر میں گھبرایا ہوا تھا کہ میرے شاعر بننے کا راز والد صاحب پر کھل جائے گا۔ والد صاحب نے قوال سے پوچھا کہ آخر معاملہ کیا ہے تو اس نے بتایا کہ یہ آخری چار شعر پاشاہ کے ہیں۔ حاضرین محفل نے میرے اشعار کی تعریفیں کیں اور بہت دعائیں بھی دیں۔ شروع شروع میں والد محترم کے کلام کو یاد کر کے اسے گنگناتا رہتا تھا اور کبھی انھیں سنا کر شاباشی حاصل کیا کرتا تھا۔ لیکن والد صاحب کو میری شاعری کے اس شوق پر خوش ہوتے نہیں دیکھا اور تعلیم سے دلچسپی کو اہم اور افضل بتایا۔ ۱۹۵۹ء کی بات ہے کہ ایک مشاعرے میں شرکت کی خاطر طرحی غزل کی اصلاح لینے ان کی خدمت میں حاضر ہوا تو بہت ناراضگی کے ساتھ انھوں نے اصلاح دینے کے بعد فرمایا کہ میاں جان  ہم کو آپ سے بہت توقعات ہیں، اگر آپ کو شاعری اتنی ہی عزیز ہے تو گُل وبُلبل کی شاعری کے بجائے تم اللہ اور اللہ کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں لکھو تا کہ تمہاری نجات کایہ باعث بنے۔اس کے بعد میں نے یہ فیصلہ کرلیاتھا کہ ؎

جب تک بھی زندگی کا مری سلسلہ رہے
ذکرِ رسول پاک کا بس مشغلہ رہے

حضرت اوجؔ یعقوبی کو جب میں نے یہ واقعہ سنایا تھا تو انھوں نے میرے اس نعتیہ کلام کے مجموعے کا نام متاع نجات تجویز کیا تھا جو کہ میرے والد بزرگوار کی نصیحت کی عکاسی کرتا ہے۔
ویویک وردھنی کالج میں تعلیم کے دوران جناب ناصر کرنولی صاحب کی خصوصی توجہ دہانی پر کالج میگزین اور ملک کے دیگر ادبی رسائل کے لئے لکھتا رہا۔ اس طرح میرا شوقِ شاعری پروان چڑھتا رہا۔ آل انڈیا مشاعروں میں شرکت کے علاوہ حیدرآباد اور ہندوستان کے ہر بڑے چھوٹے شہر میں کئی مشاعروں میں شرکت کی۔ آل انڈیا ریڈیو اور ٹی وی پر میرے پروگرامس ہوتے رہتے ہیں۔
اس طرح مجھے اور میرے کلام کو مقبولیت اور شہرت ملی۔ میری شاعری اور میرے تعلق سے جناب خواجہ شوقؔ اور جناب پاگلؔ عادل آبادی بہت کچھ لکھ چکے ہیں۔ اللہ تعالی کا بہت بڑا کرم ہے کہ مجھے اس مجموعہ کی اشاعت کے سلسلہ میں کسی ادارے یا کسی شخص سے مالی اعانت کی ضرورت نہیں پڑی۔
میرے اس مجموعۂ کلام کی ترتیب واشاعت میں میرے تمام کرم فرماؤں نے جو رہنمائی کی ، ان کا میں تہہ دل سے ممنون ومشکور ہوں۔ بالخصوص جناب خواجہ شوقؔ، جناب خواجہ ذاکر ؔ،میرے حقیقی بڑے بھائی جناب عبدالقدوس کمالؔ( عادل آبادی) جناب سید عبدالحکیم یعقوبی ، جناب کاظم علی خاں حزیںؔ، جناب محمد مظفرؔ علی ، اور جناب شیخ اسماعیل صابرؔ کا جن کی ہمت افزائی اور پرخلوص رہنمائی اور مشوروں کے بغیر متاعِ نجات کو منظر عام پر لانا ممکن نہیں ہوسکتا تھا۔
پاگلؔ عادل آبادی کا شکریہ ادا کرنے کے بجائے میں انھیں دعائیں دیتا ہوں کہ حضور ختمی مرتبتؐ کے صدے میں اللہ تبارک وتعالیٰ ان کو اور ہم سب کو

خوش رکھے اور عشق محمدیؐ کی جو شمع ہمارے قلوب میں روشن فرمائی ہے، اس کی روشنی اور تابانی کو دوام عطا فرمادے۔ آمین۔

اِک ایسی نظر یا رب ہم کو بھی عطا کردے
جس طرح قرن والا سرکارؐ کو دیکھا ہے

فقط
حقیر وفقیر صوفی سلطان شطاری
(عادل آبادی)

 

خدا کے فضل سے تو شاعری حاصل ہوئی سلطاںؔ
ملی ہے نعتؐ کی دولت محمدؐ کے وسیلے سے

٭٭٭

پیش ِلفظ

سید عبدالحکیم یعقوبی (مرحوم)

حیدرآباد میں بیسویں صدی شاعروں کی صدی رہی ہے اس خاک سے وہ غواص معانی اٹھے ہیں کہ جن کے لئے ہر بحر پر آشوب پایاب تھا۔ مختلف اصناف ِسخن میں طبع آزمائی کرتے ہوئے جہاں روایات کی پاسداری کی گئی وہاں اس کا بھی لحاظ رکھاگیا کہ کلاسیکی رچاؤ اور شعری مزاج پر حرف نہ آنے پائے۔ اس سلسلہ کا ایک لطیف پہلو یہ بھی تھا کہ شعراء کی ایک اچھی خاصی تعداد ان بزرگوں پر مشتمل تھی جو روایتی طور پر موزوںطبع نہ تھے بلکہ واقعی شاعر تھے اگر گداز قلب کی دولت سے مالا مال تھے۔ ان شعراء کے پاس تصوف کی وہ متاعِ گراں بہا تھی۔ جس کی وجہ سے مجاز میں حقیقت نظر آتی تھی۔ اور حقیقت مجاز کا روپ اختیار کرلیتی تھی۔
ایسے ہی شعراء میں جناب صوفی محمد سلطان شطاری قادری صاحب کابھی شمار ہوتا ہے۔ موصوف سلسلہ قادریہ شطاریہ ، چشتیہ کی ایک اہم اور جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ اور شعری روایت ، فکر سے ہم آہنگ ہو کر انہیں اس طرح ملی ہے کہ اب وراثت وملکیت معلوم ہوتی ہے۔ یوں تو ہر صنف ِسخن ان کا میدان ہے لیکن غزل ان کی محبوبہ ہے اور غزل کا حال یہ ہے کہ وہ شاعر سے ہر لفظ اور ہر استعارے کا حساب مانگتی ہے۔ اگر سلیقہ سخن نہیں ہے تو پھر غزل کے اشعار پھیکے ، بے کیف ، اور بے رس معلوم ہوتے ہیں۔ لیکن اگر شاعر غزل کے مزاج سے آشنا ہے اور صاحب دل بھی تو پھر ان اشعار کی معنویت بڑھ جاتی ہے محترم سلطانؔ صاحب کے ہاں غزل کی کلاسکیت کا رچاؤ تو ہے ہی ساتھ ہی ساتھ ان کے ہاں وہ تازگی اور شگفتگی بھی ملتی ہے جس کا دورِ حاضر مشتاق وطلبگار ہے۔
جیسے ملاحظہ ہو یہ شعر ۔

جلتے ہوئے چراغوں میں شامل ہے اپنا خوں
پھر بھی شریکِ جشن چراغاں نہ ہوسکے

یہاں خیال اور جذبہ عصری حیثیت سے ہم آہنگ ہے۔ اور ذرا غور کیجئے تو اس شعر کے پس منظر میں ہندوستانی تاریخ اور جہد آزادی میں مسلمانوں کے خون ِجگر کی سرخی جھلکتی نظر آتی ہے اور آج جب ہم آزاد ہیں تو محرومی کا احساس شاعر کے الفاظ میں عصری کرب بن کر ڈھل گیا ہے۔

یہاں اپنے محترم دوست سلطان صاحب کے چند ایک اشعار ناظرین کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں جنہیں میں اکثر وبیشتر گنگنایا بھی کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ بھی ان کی لطافت ، شگفتگی ، پاکیزگی اور ان کے آہنگ سے لطف اندوز ہوں گے اور خود ہی موصوف کے کلام سے ان کی تخیل اور شعری معجز نمائی کا اندازہ فرمائیں گے۔

سجدے مرے زمان ومکاں سے ہیں بے نیاز
کعبہ سے بتکدے سے کوئی رابطہ نہیں
٭
شام وسحر بہار وخزاں، رنج وانبساط
کوئی بھی انقلاب کی زد سے بچا نہیں
٭
ہزار بار جلا ہے یہ آشیاں لیکن
وفا پرست گلستاں بدل نہیں سکتا
٭

بہرحال میں عرض کروں گا کہ ان کے اشعار میں وہ سب کچھ ہے جس کی وجہ سے غزل کو اردو شاعری کی آبرو کا خطاب ملا ہے میرے محترم دوست سلطانؔ صاحب معروف اساتذہ کی زمینوں میں بھی شعر کہتے ہیں مثلاً حضرت علامہ اقبالؔ نے تصویر درد کے ابتدائی بند میں فرمایا۔

اڑائے کچھ ورق لالے نے کچھ نرگس نے کچھ گل نے
چمن میں ہر طرف بکھری ہوئی ہے داستاں میری

اس ضمن میں محترم صوفی صاحب نے یوں لکھا ہے۔ ملاحظہ ہو۔

کسی کا ذکر کیا میں خود نہیں ہوں ہم سفر اپنا
گئی ہے چھوڑ کر مجھ کو کہاں عمرِ رواں میری

موصوف کے پہلے مجموعۂ کلاب متاع ِنجات میں حضرت خواجہ شوقؔ کا مقدمہ ہے۔ اس میں جناب صوفی صاحب نے حمد ، نعتؐ شریف، اور منقبت میں غزل کا بانکپن برقرار رکھا ہے۔ اور غزل کے زیر نظر مجموعے میں تصوف کا رنگ اسی انداز سے جھلکتا ہے ۔ اور ایسے شعر اہل دل ہی کہہ سکتے ہیں۔ مثلا ً :

 

پردے میں رہ کے بھی وہ لب ِبام ہی تو ہے
میری نگاہِ شوق پہ الزام ہی تو ہے
٭
حق ادا کر بندگی کا زندگانی کے لئے
عمر تھوڑی کھو نہ دے قصہ کہانی کے لئے
٭
آج تک میں سمجھ نہیں پایا
زیست شعلہ ہے یا کہ شبنم ہے
٭
جی یہ کہتا ہے کہ اٹھ کہ بزم سے ہوجاؤں دور

آپ کے بدلے ہوئے محفل میں تیور دیکھ کر
٭
یہ میرے حسن تصور کا فیض ہے شاید
دل ونظر میں ہے تصویر ہو بہ ہو تیری
٭
کہیں کا بھی نہ رکھا آپ کی نامہربانی نے
نہ جانے کیا کریں گے آپ ہم پر مہرباں ہو کر
٭

زلف ِشبگوں کی قسم عارضِ روشن کی قسم
جلوۂ شام وسحر ہو تو غزل ہوتی
٭
سلطانؔ حادثات کو شعروں میں ڈھال کر
ایسی غزل سناؤ کلیجہ نکل پڑے
٭
اے برق آج دعوتِ نظارہ کر قبول
گلشن میں آشیانہ نیا پھر بنا تو ہے
٭
ہر دل میں اضطراب ہے ہر آنکھ میں نمی
حاجت ہے دورِ آہ میں اک خیر خواہ کی
٭
تیرا خیال تیرا تصوّر ہے تیرا ذکر
اب اس سے ہٹ کے اور کریں ہم کہاں کی بات
٭
گرے نہ پھر نئے انداز سے کہیں بجلی
نیا چمن ہے نیا آشیاں بناتے ہیں
٭
میرے ہی ٹوٹے ہوئے دل کا ہے اک عکس لطیف
دستِ ساقی میں جو اک ٹوٹا ہوا پیمانہ ہے
٭

ہر در پہ سر جھکانا بے روح سجدہ کرنا
یہ بندگی نہیں ہے توہین بندگی ہے
٭
نہ پوچھ ہم سے تیرے غم کی عظمتیں کیا ہیں
تمام عمر ترے غم سے پیار ہم نے کیا
٭
جگہ مرقد پہ پائیں یا گلے کا ہار بن جائیں
بدل سکتی نہیں فطرت گُلوں کے مسکرانے کی
٭
کہیں حرم میں کہیں دیر میں بھٹکتے ہیں
پھرا کرے گی کہاں لے کے جستجو تیری
٭

مختصراً یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس دورِ بلا خیز میں صوفی صاحب جیسے شعراء کی وجہ سے شعر وادب کا چراغ روشن ہے اور رہے گا۔
چلتے چلتے یہ بھی گوش گذار کردوں کہ محترم صوفی صاحب میرے بھائی اوجؔ یعقوبی مرحوم ملک الشعراء کے ملنے والوں میں سے ہیں۔ اگر وہ آج بقید حیات ہوتے تو یہ پیش لفظ ملک الشعراء ہی تحریر فرماتے اور بطریق احسن اور بہ ہزار حسن وخوبی تحریر فرمایا جاتا ۔
آخر میں اس تمنائے دلی اور کوتاہیوں کے لئے معذرت خواہی کیساتھ ختم کرتا ہوں کہ اللہ کرے زورِ سخن اور زیادہ۔

تعارف

کاظم علی خاں حزیںؔ عنبر خوانی

 

صوفی بھی ہے سلطانؔ بھی روحِ رواں بھی ہے
شاعر بھی ہے شکاری بھی ہے سخت جاں بھی ہے
خوگر ہے غم کا ، حامل ضبط فغاں بھی ہے
کردار کا نمونہ بھی عالی نشاں بھی ہے
جو اپنے دوستوں کے لئے مہرباں بھی ہے
اور دشمنوں کے واسطے شیرِزیاں بھی ہے
حق گو بھی ہے جواں بھی ہے شیریں زباں بھی ہے
ہے شر سے پاک صاحب ِامن واماں بھی ہے
یہ سارے وصف خالقِ عالم نے ہیں دیئے
میں تو یہ جانتا ہوں مرا جسم وجاں بھی ہے
تسکینِ قلب ہے یہ کہیں صبر کا عنواں 

گل کی طرح سے خنداں بھی عنبر فشاں بھی ہے
مصنف ہے خامۂ فکر ومتاعِ نجات کا
اس پر ہی منحصر نہیں جادو بیاں بھی ہے
جس کی زباں پہ ہر گھڑی ہے تیرا تذکرہ
نعتؐ رسول بھی تیری حمد وثنا بھی ہے
مرد سخی جفا کش و دانائے روزگار
سلطاںؔ حزیںؔ کا دوست بھی ہے قدر داں بھی ہے

کیا کہیں کیا نہ کہیں

صوفی سلطانؔ شطاری

خامۂ فکر سے موسوم میرا یہ دوسرا مجموعۂ کلام ہے جو اردو شعر وادب کے قدر شناسوں کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں۔ نعتیہ کلام پر مشتمل شدہ میرے پہلے شعری مجموعے متاع نجاتکی اشاعت سپٹمبر ۱۹۸۵ء میں ہوئی تھی جسے غیر معمولی مقبولیت اور شہرت حاصل ہوئی متاع نجات کے حصول کے لئے نہ صرف ہندوستان پاکستان بلکہ امریکہ اور کئی شہروں نیویارک ، ٹورنٹو، مانٹریال ، کنیڈا، شکاگو ،برمنگم اور سعودی عرب کے کئی شہروں جدہ ، ریاض ، دمام ، القطیف ، عر عر ، تبوک اور مدینہ منورہ سے اردو کے پرستاروں نے خطوط لکھے اور ڈرافٹ بجھوائے متاع نجات کا یہ پہلا ایڈیشن صرف ایک ہزار کی تعداد میں شائع کیا گیا تھا لیکن اس کی مسلسل طلب کا لحاظ کرتے ہوئے اس کا دوسرا ایڈیشن دو ہزار کی تعداد میں شائع کرانے کا منصوبہ تیار ہے۔ انعامی مقابلہ ۱۹۸۶ء میں متاع نجات کو آندھراپردیش اردو اکیڈیمی نے بھی ایوارلا سے نوازا ہے جو میرے لئے مزید ہمت افزائی کا باعث بنا۔
میرا شعری سفر ۱۹۵۹ء سے شروع ہوا۔ ابتداء میں چھوٹی چھوٹی ادبی محفلوں میں والد صاحب کی چوری سے جایا کرتا تھا۔ اور جب ان کو میرے اس شوق کے بارے میں پتہ چلا تو بہت نارا ض رہے۔ اور پابند فرمایا کرتے تھے کہ شاعری کھیل نہیں اگر شاعر بنا اتنا ہی پسند ہو تو پہلے تنگ دستی اور فاقہ کشی کے لئے تیار ہوجاؤ  کیونکہ والد بزرگ خود ایک بہترین شاعر تھے اردو اور فارسی پر یکساں عبور تھا۔ نعتؐ، منقبت اور غزل کہتے تھے۔ ان کا رنگ بالکل منفرد تھا۔ تصوف کلام میں ہر حال میں چھایا ہوا رہتا۔ پولیس ایکشن میں گھر بار زمین جائداد سب کچھ کھوچکے تھے۔ باقی بچی تھی جان  جس کو جلا کر شعر روشن کیا کرتے تھے ۔پتہ نہیں والدبزرگ پر کیا کیا دور گذرے ہوں تب ہی تو اس راستہ پر چلنے سے منع فرمایا کرتے تھے۔ مگر یہ کس کے بس کا روگ ہے  کیا کوئی جان بوجھ کر شاعر بننا چاہتا ہے۔ ؟ یہ تو عین غیبی تائید ہوتی ہے۔

سلطانؔ جس کو تائید غیبی نہ ہو عطا
میری نظر میں شاعر الہام نہیں ہے

جیسے جیسے وقت گذرا حالات بدلے ہماری شاعری گاؤں (عادل آباد) سے شہر پہونچی۔ والد بزرگ سے ہی کلام کی اصلاح لیا کرتا تھا۔ ان کے گذر جانے کے بعد (۱۹۷۹ء وفات ) پھر کوئی دوسرا میری نظر میں جچا ہی نہیں جسے اپنا استاد بنالیتا۔ دوران تعلیم ویویک وردھنی کالج میں اردو کے لکچرر جناب ناصرؔ کرنولی صاحب کی نگرانی میں اچھی خاصی سخن سے دلچسپی پیدا کردی گئی اس طرح یہ شوق اور ابھرا۔ پھر اپنی عملی زندگی شروع ہوئی۔ تعلیم ختم کر کے ملازمت اختیار کیا۔ چند سال تک گورنمنٹ میڈل اسکول گادی گوڑہ اٹنور ضلع عادل آباد پر صدر مدرس کی حیثیت سے گذارے۔ گھنٹے نگلات میں خوب گھومنے اور سیر کرنے کے مواقع ملے اور شاعری بھی خوب چلتی رہی۔ اسی طرح پنچایت راج ڈپارٹمنٹ میں بھی اپنے خدمات چھ سال تک رہے ایک وقت ایسا بھی آیا کہ ایک بد ذوق آفسر سے

سخن پر نوک جھونک ہوگئی موصوف اب ایک بہت بڑے عہدے پر فائز ہیں نام لینا مناسب نہیں ہے۔

تنقید کر رہے ہیں وہ سلطان دیکھئے
شعر وسخن سے جن کو کوئی واسطہ نہیں

وہ وقت واقعی قسمت کی تبدیلی کا تھا ملازمت چھوڑنے کی دھن دماغ پر چھاگئی ۱۹۶۸ء میں پیشہ تجارت اور گتہ داری میں داخل ہوگیا۔ اللہ کا احسان ہے کہ ہزاروں سے بہتر ہوں۔
غزلیات مجھے پسند ہیں خواہ کسی کی ہوں۔
میں اپنے مطالعہ میں ڈیڑھ صدی کے تقریبا سبھی شعراء کو پڑھتا رہا ہوں اور آج بھی میرا یہی مشغلہ ہے فی زمانہ کئی شعراء کرام کا کلام مجھے عزیز ہے۔ کاملؔ شطاری ، اوج ؔ یعقوبی ، والد مرحوم صوفی عبدالمنان صاحب کشورؔ ، قدر عریضی، معز الدین ملتانی، خواجہ شوق ؔ، سعید شہیدی، کاظم علی خاں حزیںؔ ، خواجہ ذاکر ؔ، خیرات ندیمؔ ، علیؔ احمد جلیلی، شاذ تمکنت ،ناصرؔ کرنولی ، داود نصیب، صادقؔ نقوی، خواجہ ضمیر ،
آپ کو اس مجموعۂ کلام میں زیادہ تر غزلیات ہی ملیں گے۔ ایسا نہیں کہ میں غزل سے ہٹ کر نظمیں نہیں کہتا۔ میں نے کئی نظمیں ، رباعیات اور مثنوی بھی کہی ہیں۔ موقع ملنے پر اس کا ایک الگ مجموعہ ہی شائع کرونگا۔ فی الوقت چار نظمیں اس کتاب میں شامل کر رہا ہوں۔ اللہ کا بہت بڑا احسان ہے کہ زندگی میں ہی اپنے دوسرے مجموعہ کلام کی بھی خود اشاعت بلا کسی غیر کی مدد کے کر رہا ہوں۔
اس ۲۷؍سالہ شعری سفیر میں ہندوستان کے بڑے چھوڑے کئی شہروں کے علاوہ پاکستان ، سیالکوٹ ، کراچی اور سعودی عرب میں جدہ ، ریاض ، دمام، الخبر، القطیف ، عر عر اور مدینہ منورہ میں بھی منعقدہ کئی مشاعروں میں قدر افزائی ہوئی اور سخنوروں اور سخن شناسوں نے نہ صرف داد دی بلکہ رہنمائی اور ہمت افزائی بھی کی۔ دوستوں اور ہمدردوں کے اصرار پر شعری اور ادبی سرگرمیوں کے سلسلے میں دوبار سعودی عربیہ کا دورہ کرچکا ہوں۔ آل انڈیا ریڈیو سے کئی بار اپنا کلام سنانے کا موقع ملا۔ اس مجموعہ کلام خامہ ٔ فکر سے کئی غزلیں کئی نامور گلوکاروٹھل راؤ صاحب، جناب امیر محمد خاں صاحب ، جناب رکن الدین صاحب ، جناب خان اطہر اور جناب قادر علی صاحب ، حبیب علوی ، چاند سرور، حمیدہ خانم ، موسیقی کی دلنواز دھنوں کے ساتھ پیش کرتے رہے ہیں۔ اس مجموعہ کے بیشتر غزلیات حیدرآباد کے شائع ہونے والے ممتاز اردو روزناموں ، رہنمائے دکن، اور منصف کے علاوہ دہلی کے ماہنامہ بیسویں صدی اور ہندوستان کے دیگر ادبی رسالوں میں طبع ہوچکی ہیں۔سوائے روزنامہ سیاست کے ۔
اس شعری مجموعہ کا نام خامۂ دل رکھنے کا ارادہ تھا جس کے تعلق سے متاع نجات میں تذکرہ کیا گیاتھا۔ لیکن متاع نجات کی رسم اجراء میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک جناب محبوب حسینجگر صاحب جائنٹ ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد نے اس بات کی نشاندہی کیکہ خامۂ دل سے موسوم ایک شعری مجموعہ طبع ہوچکا ہے۔ اس لئے بہتر ہوگا کہ کوئی اور نام رکھا جائے۔ جناب محبوب حسین جگر صاحب کا یہ مشورہ نہایت بروقت اور اہم تھا۔ اس لئے میرے ایک بزرگ اور مخلص دوست جناب خیرات ندیم صاحب کی تجویز پر اس مجموعۂ کلام کو خامۂ فکر سے موسوم کیاگیا ہے۔
میرے پہلے مجموعہ کلام متاع نجات کی طرح اس مجموعہ کو بہتر طور پر پیش کرنے میں میرے مخلص احباب اور کرم فرماؤں کی ہمت افزائیوں اور بروقت قیمتی مشوروں کا بہت عمل دخل رہا ہے۔ ان سب کے لئے میرا قلب تشکر وامتنان کے جذبات سے معمور ہے اس کہ اظہار الفاظ میں کرنا مشکل ہے۔
اس مجموعہ کلام کا پیش لفظ لکھنے میں نے اپنے ایک بزرگ دوست حضرت سید عبدالحکیم یعقوبی صاحب کو زحمت دی۔ جو کہ عروس البلاد حیدرآباد کے ایک ممتازمشہور اور منفرد شاعر ملک الشعراء حضرت اوجؔ یعقوبی مرحوم کے برادر کلاں ہیں خامہ فکر آپ کی خدمت میں پیش کرتے ہوئے آپ کی رائے کا منتظر ہوں۔

صوفی سلطان ؔشطاری کی شاعری

حضرت خواجہ شوقؔ

آپ کا پورا نام صوفی محمد سلطان قادری شطاری ہے سلسلہ شطاریہ سے منسلک ہونے کی وجہ صوفی سلطانؔشطاری کے نام سے متعارف ہیں اس سلسلے کے بارے میں اکثر بیان کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ سرکارغوثؓ پاک کے بڑے صاحبزادے شاہ عبدالرزاقؒ سے چلا ہے مشہور بزرگ حضرت سید شاہ محمد غوث گوالیاریؒ کے خلیفہ سید شاہ وجیہ الدین گجراتیؒ کے خلفا کچھ اورنگ آباد میں فروکش ہوئے کچھ بیجا پور میں مقیم ہوئے انہی میں حضرت ہاشم پیر دستگیرؓ بھی ہیں ان کے خلفا کے سلسلے میں حضرت بابا تاج الدین ناگپوریؒ کے تایا زاد برادر صوفی حسین علی شاہؒ شطاری قادری نرملی ان کے دادا پیر ہیں ان کے سلسلہ میں صوفی محمد عبدالمنان کشورؔ نرملی ہیں جو صوفی سلطان شطاری صاحب کے والد بزرگوار ہوتے ہیں۔
آپ ۱۵؍اگست ۱۹۴۲ء کو نرمل میں تولد ہوئے جو ضلع عادل آباد کا تعلقہ ہے تعلیم بی۔ اے تک ہوئی پیشے کے اعتبار سے گورنمنٹ کنٹراکٹر ہیں شاعری میں تلمذ والد محترم سے ہی رہا غزلیات کا پہلا مجموعہ خامۂ فکر ۱۹۸۶ء میں زیور ِطبع سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آیا اور بہت مقبول ہوا۔ جس کو مغربی بنگال کی جانب سے رقمی انعام اور ایوارڈ دیا گیا۔ شاعری کا آغاز ۱۹۵۹ء ہی سے ہوچکا تھا لیکن والد صاحب نے غزلیاتی شاعری کو بنظر استحسان نہیں دیکھا اور بڑے بزرگانہ انداز میں حمد ونعتؐ کی ترغیب دلائی کہ یہ دولت دونوں جہاں میں کام آنے والی ہے چنانچہ اس کا اثر یہ ہوا کہ صوفی صاحب کا ذہن نعتؐ ومنقبت کی جانب متوجہ ہوگیا۔ ۱۹۸۵ء میں پہلا مجموعہ نعتؐ متاعِ نجات کے نام سے اشاعت پذیر ہوا جس کی کافی پذیرائی ہوئی اور اُردو اکیڈیمی آندھراپردیش کی جانب سے رقمی انعام وایوارڈ دیا گیا۔ ۱۹۵۸ء سے مستقل طور پر حیدرآباد منتقل ہوچکے ہیں۔ اب زیر نظر یہ دوسرا مجموعۂ نعتؐ سراجاً منیرا نام سے منظر عام پر آیا ہے۔
نعتؐ شریف کا کہنا سننا بھی داخل عبادت ہے خصوصاً مسلمان حضرات اپنے جذبات عقیدت واحساسات وارفتگی کو تازہ رکھنے کے لئے اس صنف ِسخن کی طرف بھی اپنی توجہ بڑے خلوص کے ساتھ مبذول کئے رہتے ہیں۔ یہ میدان اس قدر وسیع ہے جس کا احاطہ مشکل ہے۔ ہر صحیفہ میں سرکار ؐ کی نعتؐ موجود ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سلسلہ بہت قدیم ہے۔ ہر زمانے اور مقام اور ہر زبان میں سرکار ِؐکائنات کی مدحت کو لوگوں نے متاعِ حیات وسرمایۂ نجات سمجھ کر بقدرِ استطاعت مدحت وثنا کی ہے اور کئے جارہے ہیں۔ عربی۔ فارسی والوں کی پیروی میں اردو والوں نے بھی بڑی کامیاب کوششیں کی ہیں اور اردو زبان میں بھی بحمداللہ نعت کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔ میں نے اس سے پہلے بھی کہیں یہ وضاحت کی ہے کہ شعرائے کرام کے تین گروہ ہیں۔ ایک وہ جس نے تبرکا تیمناً نعت کہی ہے دوسرا گروہ وہ ہے جس نے صرف مذہبی شاعری (نعت ، سلام ومنقبت) پر اکتفا کیا۔ تیسرا گروہ ایسا ہے جس نے دیگر اصناف ِسخن کے مجموعہ کے ساتھ مذہبی شاعری کا بھی ایک علحدہ مجموعہ دیا ہے۔ فی زمانہ جہاں شاعری بہت آسان وارزاں ہوگئی ہے وہیں مذہبی شاعری(نعتؐ وسلام ومنقبت) بھی کوئی مشکل نہیں رہی۔ اسلاف اک عمر شعر وادب میں گزارنے کے بعد مذہبی شاعری کے میدان میں بہت محتاط اور ڈرتے ڈرتے قدم رکھتے تھے لیکن آج معاملہ بالکل اس کے برعکس ہوگیا ہے۔ جیسے شاعر ویسی شاعری ہے سامعین کا حساب تو بس اللہ ہی اللہ ہے۔ (اِلاماشاء اللہ) رات دن کے مشاہدے اور قریب سے دیکھنے پر حقیقت کا پتہ چلتا ہے ورنہ ممکن ہے میری تلخ نوائی اور اظہار حقیقت لوگوں پر بار گزرے۔
آمدم برسرِ مطلب ! جہاں تک حضرت صوفی سلطان شطاری کی نعتیہ شاعری کا تعلق ہے وہاں بلا مبالغہ اور بلاخوف تردیدی یہ کہا جائیگا کہ شعروں میں سرکار سے عقیدت ووابستگی کا بدرجۂ اتم اظہار ہے سادگی۔ عجز واِنکساری۔ جذبات مودّت ، جاں نثاری کا ثبوت ان کی قلمی کاوشوں اور طرزِ ادا سے صاف مترشح ہوتا ہے۔ صاحب ِسلسلہ ہونے کے ناطے ان کے اشعار میں کافی گیرائی اور گہرائی موجود ہے چونکہ سرکار ِؐکائنات سے قلبی لگاؤ ہی ایمان کی بنیاد ہے۔ بفضل ِخدا صوفی صاحب بھی ان بزرگوں کے نقش قدم پر گامزن ہیں جو مقبول بارگاہِ الہی ہیں۔ مزید تفصیلات میں جانے کی بجائے بہتر یہی کہ اس کا ثبوت انہی کے کچھ شعری انتخاب سے دیا جائے۔ قارئین کے لئے اس میں بڑا ذخیرہ ہے۔ بشرطیکہ عقیدت وخلوص سے پڑھا جائے۔

نعلین چھوڑنے کی بھی مہلت نہ دی گئی
دیکھو خدا کو کتنی محبت نبیؐ کی ہے
٭
دنیاے آب و گل میں ہوئے جلوہ گر حضورؐ
راہِ نجات کیا ہے دِکھانے کے واسطے
٭
کیا غم جو بہت تیز ہے حالات کی آندھی
روشن شہ ؐ طیبہ کی عنایت کا دیا ہے
٭
سوتے ہیں نام لے کے اٹھتے ہیں نام لے کے
ہم بیکسوں کا آقاؐ اس پر ہی ہے گزارا
٭
نظر آتے ہیں فتنے ہر طرف ایماں کی راہوں میں
بچالیجے ہمیں ان سے خدارا یا رسول اللہ
٭
پہنچائیے اب اس کو سرکارؐ کنارے پر
امت کا سفینہ پھر طوفاں میں نظر آیا
٭
ہر لمحہ یہاں بارشِ انوارِ خدا ہے
روشن ہے اسی نور سے دربارِ مدینہ
٭
محشر میں گنہ گاروں پہ ہیں آپؐ کی نظریں
اور آپؐ پہ ہے چشمِ خدا سرورؐ کونین
٭
آپؐ کا ذکر اگر ہو تو ہے جینے کا مزہ
ورنہ ہر سانس ہے بیکار رسولِؐ عربی
٭
ہیں دل شفاف آئینے تو چہرے آفتابی ہیں
محمدؐ کے غلاموں کی یہی پہچان ہے دیکھو
٭

سرکارؐ کے طفیل میں عزت ملی ہمیں
ہم جی رہے ہیں سینے میں قرآں لئے ہوئے
٭
اک آپ ہی کے جسم کا سایہ نہیں حضورؐ
قدرت نے سارے جسموں کے سائے دکھائے ہیں
٭
ہر وقت تصور ہے سرکارؐ کے روضے کا
جاری رہے بس یونہی سانسوں کا سفر آقاؐ
٭
ہم کو بھی اپنے لطف وکرم سے نوازئیے
سرکارؐ رحمتوں کے طلب گار ہم بھی ہیں
٭
حشر کے لمحے ہیں قیامت کے
سبھی محتاج ہیں شفاعت کے
٭
نامِ نبیؐ سے ہوتی ہیں آسان مشکلیں
ملتا ہے یہ ثبوت خدا کے کلام سے
٭
آخر میں دست بہ دعا ہوں کہ خدا کرے یہ شغل نعتؐ گوئی شب وروز جاری رہے ، اللہ کرے زور ِقلم اور زیادہ۔
امید کہ اہل ذوق حضرات میں اس کی پذیرائی ہوگی۔

دکن کا معتبر، زندہ دل اور قادرالکلام شاعر

صوفی سلطانؔ شطاری

یوسف روش ایم ۔ٹیک (عثمانیہ)

حضرت صوفی سلطانؔ شطاری قادری کانام نامی تاویل عام میں ہر فطری سخن ور کی طرح تلمیذالرحمن سے مربوط ہے تو تاویل خاص میں علمی ومذہبی گھرانے کے اس مبارک سلسلہ طریقت سے وابستہ ہے جو سلسلہ آل رسولﷺ ہاشم پیر دستگیرؓ قادریہ شطاریہ کہلاتا ہے جو کہ سرکار غوثؓ اعظم کے بڑے صاحب زادے سید شاہ عبد الرزاقؒ سے جاملتا ہے۔ صاحب موصوف حضرت صوفی محمد عبد المنان قادری کشورؔنرملی عرف صوفی فیاض علی شاہ شطاری قادری ؒکے تیسرے فرزند ہیں جو اپنے دور کے فارسی واردو کے نامور وممتاز شعراء میںشمار کئے جاتے تھے۔ اللہ کی عطا کردہ عنایتوں اور برکات وفیوض سے حضرت کشورؔنرملی نے اپنے معتقدین و مریدین کے قلوب کو عشق الٰہی سے گرمایا اور انھیں ظاہری وباطنی علوم سے بھی مالامال کیا۔

آپ کے مریدین زیادہ تر ناگپور، نرمل، عادل آباد اور ناندیڑ کے متوطن ہیں۔آپ کے پردہ فرمانے کے بعد یہ سلسلہ رشد وہدایت اللہ پاک نے حضرت صوفی سلطانؔ شطاری کے توسط سے دکن کے کئی علاقوں میں جاری وساری رکھا ہے۔
روشنی نہ کم ہوگی ، اہل دل کی محفل میں
اِک چراغ بجھتاہے ، اک چراغ جلتا ہے
اصلاح باطن اور تبلیغ دین کے اس اہم فریضہ سے قطع نظر خدا نے سلطان شطاری صاحب کو کئی ادبی، ملی، سماجی اور سیاسی سرگرمیوں میں مصروف بہ کار رکھا۔ چناچہ ایک طرف آپ ممتاز شاعر، اچھے مقرر اور فعال شخصیت کے حامل بزرگ ہیں تو دوسری طرف سیاسی سرگرمیوں سے سماج ومعاشرے کے فلاحی کاموں کو سرانجام دینا اپنا اہم فرض سمجھتے ہیں۔
سلطان شطاری صاحب کا شعری سفر تقریباً نصف صدی یعنی 1959ء سے حمد، نعت، منقبت، غزلوں، نظموں، رباعیات اور مثنوی جیسی اصناف سخن کی طبع آزمائی میں گزرا اور ہنوز جاری ہے۔
آپ قادرالکلام، زندہ دل ، معتبر، خود اعتماد اور کہنہ مشق شاعر ہیں۔کئی زمینوں میں بے باکی اور سرشاری سے شعر کہتے ہیں۔آپ کی شاعری زیادہ تر داخلی کیفیات، جذبات اور احساسات سے لبریز اور آراستہ نظر آتی ہے جس میں روایت کی پاسداری بدرجہ اتم موجود ہے۔ جنابِِ والا کی نقل مکانی قابلِ توجہ ہے۔ آپ نے کئی ممالک مثلاً۔ہندوستان ، پاکستان، اور سعوی عرب اور ان کے کئی شہروں کے نہ صرف دورے کئے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح کے مشاعرے بھی پڑھ چکے ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ خارجی ماحول اور نقل مکانی کے اثرات آپ کی شعر گوئی پر اثر انداز نہیں ہوئے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ موصوف خارجیت کے بجائے داخلیت کو اہمیت دیتے ہیں۔ چنانچہ ترقی پسند شاعری اور جدید شاعری بھی آپ کے لب و لہجے کو متاثر نہ کر سکی تاہم آپ کے ہاں بعض چونکانے والے شعر موجود ہیں۔
آپ کے تاحال دو شعری مجموعے متاعِ نجات(نعتیہ مجموعہ) 1985 ء اور خامۂ فکر (غزلوں کا مجموعہ) 1987ء میں منظر عام پر آچکے ہیں اور تقریباً ۲۲ سال کی طویل خاموشی کے بعد اب آپ ایک ضخیم دیوان کی ترتیب میں منہمک ہیں۔ نیز اپنے والد ِماجد حضرت کشورؔنرملی کا مجموعۂ کلام بھی ترتیب دے رہے ہیں جو صاحب ِموصوف کے واحد استاد ورہنما رہے ہیں۔آپ نے ان کے سوا اپنے کلام پر کسی اور سے اصلاح نہیں لی شاید اس کی ضرورت بھی پیش نہیں آئی۔
اپنے ضخیم دیوان کی اشاعت سے قبل سلطان شطاری صاحب نے اردو اکیڈمی آندھراپردیش کے جزوی مالی تعاون سے اپنے تازہ نعتیہ مجموعہ سراجاً منیرا شائع فرمایا ہے۔
زیر نظر نعتیہ مجموعہ 4 حمد باری، 79 نعتیں ، 4 نعتیہ قطعات، 6 سلام، 2 مناقب حضرت علیؓ اوردیگر مناقب بضمن حضرت غوث پاکؒ، حضرت خواجہ غریب نوازؒ، حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودرازؒ اور اپنے والد پیر کامل حضرت صوفی فیاض علی شاہؒ شطاری قادری درج ہیں۔ دیدہ زیب ٹائٹل، ( 152 ) صفحات پر مشتمل یہ مجموعہ (200) روپئے ہدیہ میں دستیاب ہے۔
مجموعہ کیا ہے؟ دراصل عقیدت وعشق رسول اکرم ﷺ میں ڈوبا ہوا کلام ہے جس میں نسبت و وابستگی کا اظہار برملا اور نمایاں ہے۔ اشعار میں سلاست وسادگی کے علاوہ دل میں اتر جانے والا انداز بے ساختگی سے ابھر آیا ہے۔ تمام اصنافِ سخن میں لفظوں کی مٹھاس، بندش خیال اور عام فہم تراکیب اپنی مثال آپ ہیں۔ بطور نمونہ چند شعر ملاحظہ ہوں۔
حمد باری تعالیٰ
تو پاس ہوکے دور ہے ، یہ اور بات ہے
ارض و سماء میں کون تجھے جانتا نہیں
بہت ممکن ہے تو مل جائے مجھ کو
فقط اک جستجو ہے اور میں ہوں

اے خدا تیرا بڑا احسان ہے
امت احمدؐ میں جو سلطانؔ ہے
نعت پاک
پھر تا ہوں لے کے بارِ تمنا یہ سر پہ میں
مرجاؤں سر پٹک کے محمدؐکے در پہ میں
٭
بس لکھ رہا ہوں نعتؐ محمدؐ میں اس لئے
محشر میں سر چھپانے کا اک آسرا ہے یہ
٭
کیا ہے جزائے حج وزیارت نہ پوچھئے
حاصل ہوئی ہے کون سی دولت نہ پو چھئے
٭
ہے سلطاںؔ یہی آرزو میرے دل میں
رہوں بن کے میں خاک ِپائے محمدؐ
٭
حدِ سدرہ سے جبریلِ امیں آگے نہیں جاتے
حدِ قوسین کہلاتی ہے وہ آقاؐ جہاں تم ہو
٭
ذکرِ رب ، ذکر ہے محمدؐ کا
غیر ممکن ہے حق ادا کرنا
٭
منزل کی تمنا میں بھٹکتے ہی رہے لوگ
منزل کا پتہ ہم کو مدینے سے ملا ہے
سلام
کوئی فرات کی لہروں سے پوچھ کر دیکھے
غم ِحسینؓ میں دریا کا دل بھی پانی ہے
٭
اعدا سمجھ رہے ہیں کہ پیاسے ہی مرگئے
شبیرؓ پی کے جامِ شہادت گذر گئے
٭

کہاں ہو حضرت ایوبؑ آکر کربلامیں تم
ذرا عاشور کی شامِ غریباں دیکھتے جاؤ
٭
کہیں جھلک تو نہیں ہے یہ خونِ اصغرؓ کی
شفق کے چہرے پہ جو رنگ ِارغوانی ہے

منقبت
کیا پو چھتے ہو ہم سے جو عظمت علیؓ کی ہے
ارض وسماء میں اب بھی حکومت علیؓ کی ہے
٭
یہ لازم ہے علیؓ کے ہر عمل کو پہلے اپنائیں
صداقت سے، شجاعت سے اگر کچھ کام لینا ہے
٭
درِغوثؓ الوریٰ پر سر جھکا کر دیکھتے چلو
یہاں بن جاتے ہیں بگڑے مقدر دیکھتے جاؤ
٭
صدا دل سے زباں تک بھی نہ آئی آپ آ پہنچے
کیا شانِ دستگیری کا ہے منظر دیکھتے جاؤ
٭
کرکے یٰس کی تلاوت کو درونِ مرقد
شان اعجاز زمانے کو دکھائے فیاضؒ
٭
دولت ِایماں سے بھر دیتے دامان ِطلب
جب بھی پیغام الٰہی کو سنائے فیاضؒ

آخر میں دعا ہے کہ آپ کا شعری سفر اسی توانائی اور جولانی کے ساتھ جاری وساری رہے اور مستقبل قریب میں آپ کے ایک اور شعری مجموعہ اور دیوان کا پیش خیمہ بنے۔آمین

کچھ صوفی سلطان ؔشطاری کے بارے میں

موجودہ دور ہو کہ دورِ ماضی ، ہندوستان میں بے شمار شاعر گزرے ہیں جن میں نعتؐ گو بھی ہیں اور غزل گو بھی۔ نعت گو شاعر کا مقام الگ ہوتا ہے اور غزل گو شاعر کا مقام الگ۔ نعتؐ شریف لکھنے میں کافی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ ذرا سی غلطی یا لغزش کبھی کبھی کفر وشرک تک پہنچادیتی ہے۔ اس لئے نعتؐ کی وادی نہایت نازک وادی کہلاتی ہے۔
شہر حیدرآباد کے قدیم وجدید نعتؐ گو شعراء کی فہرست کافی طویل ہے ان میں ایک مبارک ومسعود نام صوفی سلطانؔ شطاری کا بھی آتا ہے جنھوں نے محتاط انداز میں نعتیہ شاعری کے علاوہ غزلیہ شاعری میں بھی اپنا مقام بنایا ہے۔ آپ کا تعلق ضلع عادل آباد سے ہے۔ آپ کے والد ِمحترم صوفی محمد عبدالمنان کشورؔ نرملی جو حضرت صوفی حسین علی شاہ شطاریؒ صاحب قبلہ نرملی کے خلفاء میں تھے ، اپنے دور کے اچھے شاعر اور حکیم تھے جن کی مجھے بھی شفقت حاصل رہی۔ انہی کے نقش قدم پر ان کے صاحبزادے وسجادہ نشین صوفی سلطان شطاری صاحب شاعری کے ساتھ ساتھ حکمت میں بھی مہارت رکھتے ہیں اور ان کا بھی دائرہ مریدین ومعتقدین کافی وسیع ہے اور یہ سماجی وسیاسی سرگرمیوں میں بھی مشغول رہتے ہیں اور اپنے زمانے کے بہترین شکاری بھی رہے ہیں۔
راقم الحروف کی دوستی وملاقات صاحب موصوف کے علاوہ کاظم علی خاں حزیںؔ اور سید عبدالحکیم یعقوبی مرحوم (جو حضرت اوجؔ یعقوبی کے برادرِ کلاں تھے) سے تقریبا چالیس سال پرانی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حضرت اوجؔ یعقوبی مرحوم متذکرہ چار احباب کو رباعی کے نام سے یاد کرتے تھے اور کبھی کوئی صاحب محفل میں غیر حاضر ہوتے تو فرماتے کہ آج رباعی کا ایک مصرعہ غائب ہے ۔
صوفی سلطانؔ شطاری صاحب کا شعر ہے ؎

سلطانؔ چلئے تھام کے دامانِ مصطفےؐ
کتنا ہی سخت کیوں نہ کوئی مرحلہ رہے

اس زمانے میں حیدرآباد کے مشائخ گھرانوں اور ان کے آستانوں میں بڑے ہی اہتمام سے نعتیہ محافل سجائی جاتی تھیں جن میں قابل ذکر پیر طریقت حضرت خواجہ ذاکرؔ گودڑ شاہ ثانیؒ کی محفل تھی جس میں حیدرآباد کے استادِ سخن حضرت اوجؔ یعقوبی مرحوم، جناب رازؔ عابدی، حضرت معزؔ الدین ملتانی ، معلمؔ عبیدی ،حضرت خواجہ شوقؔ ، جناب نصیرؔ بیابانی اور کئی اساتذئہ سخن شریک ہوا کرتے تھے۔ اور اللہ کے فضل وکرم سے راقم الحروف کے غریب خانہ پر سالانہ نعتیہ محفل بضمن استقبال رمضان ہر سال پابندی سے ہوا کرتی ہے اور آج بھی بفضل تعالی جاری ہے جس میں شعراء کی کثیر تعداد شریک رہتی ہے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ صوفی سلطان شطاری صاحب کا کلام دکن کے ممتاز گلوکاروں نے سازوں پر پیش کیا ہے جن میں امیر محمد خاں ، حبیب علوی ، رکن الدین ، خان اطہر ، شکیل احمد ، حمیدہ خانم اور چاند سرور قابل ذکر ہیں ، اور ان کی گائی ہوئی نعتیں اور غزلیں کیسٹس و سی ڈی، کی شکل میں آج بھی حسیب الکٹرانکس شاہ علی بندہ حیدرآباد پر دستیاب ہیں۔
صوفی سلطانؔ شطاری صاحب کا پہلا نعتیہ مجموعہ متاعِ نجات ۱۹۸۵ء میں اور غزلوں کا مجموعہ خامۂ فکر ۱۹۸۷ء میں شائع ہو کر منظر عام پر آچکے ہیں اور اب نعتیہ مجموعہ سراجا منیرا ۲۰۰۷ میں شائع ہوا ہے۔ سلطان شطاری صاحب کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ صاحب موصوف نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ممالک میں بھی کئی بین الاقوامی مشاعرے پڑھ چکے ہیں۔میری پرخلوص دعا ہے کہ اللہ آپ کے قلم میں اور زیادہ لکھنے کی طاقت اور توانائی پیدا کرے تا کہ آپ کا سلسلہ سخن اپنی جولانیوں کے ساتھ جاری وساری رہے۔ آمین

بہشت میں اہل بہشت کو سماع حاصل ہوگا

صوفی سلطانؔ شطاری

حضورﷺنے فرمایا کہ بلاشبہ بعض شعر حکمت پر مبنی ہوتے ہیں۔ اور حکمت مومن کی کھوئی ہوئی چیز ہے۔ اور جہاں بھی ملے وہ اس کا سب سے زیادہ مستحق ہے ۔
حضورﷺنے اشعار سنے ہیں اور صحابہ کرام ؓ نے بھی شعر کہے اور سنے ہیں۔ حضورﷺ سے جب شعر کے بارے میں پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا کہ جوشعر اچھا ہو وہ اچھا ہے۔ اور جو برا ہو وہ برا ہے  یعنی جو باتیں حرام ہیں مثلاً غیبت ، بہتان ، فحش گوئی، ہجو ومذمت ، کلمات کفر وغیرہ۔ جوسب کی سب نثر میں حرام ہیں۔ وہ نظم یعنی شاعری میں حرام ہی ہیں۔ لیکن وہ باتیں جن کا نثر میں سننا حلال ہے۔ مثلاً حکمت ، پندومواعظ ، آیات حق میں استدلال، شواہد حق پر غور وفکر وغیرہ۔ وہ شعر وشاعری میں بھی حلال ہیں۔
اہل عرب میں سے صادق اور برجستہ ترین قول اگر کسی کا ہے تو شاعر لبیدؔ کا ہے۔ جس نے اپنے ایک شعر میں کہا ہے کہ بلاشبہ اللہ تعالی کے سوا باقی ہر چیز باطل ہے اور نعمت یقینا آمادۂ زوال ہے ۔
حضرت عمر بن اشریدؓ روایت کرتے ہیں کہ ایک دن حضورؐ نے مجھے شعر پڑھنے کو کہا اور پوچھا کہ  کیا تجھے امیہؓ بن ابی الصیلت کے کچھ اشعار یاد ہیں  اور اگر یاد ہوں تو ہمیں سناؤ۔ میںنے عرض کیا یاد ہیں۔ اور پھر میں نے ایک سو (۱۰۰) شعر سنائے۔ کیونکہ ہر مرتبہ جب میں شعر سناچکا ہوتا تو ارشاد ہوتا کہ کوئی اور ، اور کچھ چنانچہ حضورؐ اور کی فرمائش کرتے جاتے تھے اور میں سناتا جاتا تھا۔ یہاں تک کہ ایک سو شعر سنا ڈالے۔ حضورؐ اور صحابہ کرامؓ کے بارے میں اس قسم کی بہت سی روایات موجود ہیں۔
اللہ تعالی نے فرمایا۔ وہ (اللہ تعالیٰ) تخلیق وپیدائش میں جو چاہتا ہے ایزاد یعنی اِنسان کو پیدا کرتے وقت اس میں جس چیز کا چاہے اِضافہ کردیتا ہے۔ (سورئہ فاطرآیت۔۱) چنانچہ مفسرین نے اس کی یہ تفسیر بیان کی ہے کہ اس اضافہ سے مراد حسن آواز یعنی خوش الحانی ہے (بہترین آوازہے)۔ اور حضورؐ نے فرمایا کہ جو شخص داؤد ؑ کی آواز سننے کا متمنی ہو اسے چاہئے کہ ابو موسی ؓ اشعری کی آواز سن لے اور احادیث میں وارد ہے کہ بہشت میں اہل بہشت کو سماع حاصل ہوگا  اور اس کی صورت یہ ہوگی کہ ہر درخت سے مختلف قسم کی آوازیں اور سریں نکلیں گی۔ اور ظاہر ہے کہ مختلف قسم کی آوازیں مل کر نکلتی ہیں تو ان کے امتزاج سے عجیب لذت پیدا ہوجاتی ہے۔ جو سننے والے کو بہت ہی زیادہ پسند ومرغوب ہوتی ہے۔ اور اس قسم سے لطافت پیدا ہوجاتی ہے۔ اور انسان وحیوان میں لطافت عام ہے۔ کیونکہ ان کی زندگی روح سے ہے اور روح ایک لطیف چیز ہے۔ اسی طرح آوازوں میں بھی ایک خاص لطافت پائی جاتی ہے۔ جس کے سننے سے جنس کو ہم جنس کی طرف مائل کردیتی ہے۔ تحقیق کا دعوی ہے اس ضمن میں بہت سی باتیں مذکور ہیں اور خوش الحانی کے موضوع پر کئی کتابیں بھی لکھی گئی ہیں۔
یہ بھی ایک راز اللہ تعالی کا ہے کہ جو آدمی کے دل میں ایسے ہی پنہاں ہے جس طرح کہ لوہے اور پتھر میں آگ پوشیدہ ہوتی ہے۔ حالانکہ بظاہر نہ لوہے میں آگ دکھائی دیتی ہے نہ پتھر کو دیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس کے اندر آگ چھپی ہوئی ہوگی۔ لیکن جونہی پتھر پر لوہے کی ضرب پڑتی ہے ، وہ چھپی ہوئی آگ ظاہر ہوجاتی ہے۔ اور صحرا میں پھیل جاتی ہے۔ اسی طرح اچھی اور موزوں آواز ہر دل میں جنبش پیدا کردیتی ہے۔ اور اس میں ایک کیفیت ظہور پذیر ہوجاتی ہے۔ جو بالکل بے ساختہ ہوتی ہے۔ آدمی کو اس پر کچھ اختیار نہیں ہوتا ۔ اور اسی مناسبت سے جو آدمیت کو عالم حسن علوی سے ہوتا ہے۔ جسے عالم ارواح بھی کہتے ہیں۔
عالم علوی درحقیقت عالم حسن وجمال ہے۔ اور حسن وزیبائی نام ہے تناسب وموزونیت کا۔اور ہر وہ چیز جو صفت تناسب سے مزین ہے وہ اس عالم جمال کی جھلک لئے ہوتی ہے۔ کیونکہ اس دنیا میں حسن وجمال ،رعنائی وزیبائی اور موزونیت کا ہر جلوہ دراصل اسی عالم حسن وجمال کا ثمرہ ہی تو ہے۔
اچھے اشعار اور موزوں آواز جو حسن تناسب سے آراستہ ہو اس کی مشابہت بھی اسی عالم حسن کے عجائب سے ہوتی ہے۔ اور اسی سبب سے ذوق آگہی دل میں بیدار ہوجاتا ہے۔ جس سے شوق وحرکت کا ظہور ہوتا ہے۔
اہل دل کے لئے جو حسن وعشق کے راز سے واقف ہو اور وہ اللہ اور اس کے حبیب ﷺکی تعریف میں کہے گئے اشعار ہوں اور اچھی آواز سے آراستہ ہو تو

وہ حرکت میں آجاتا ہے۔ (یعنی سرور میں آجاتا ہے) جس طرح پھونک مارنے سے آگ اور بھڑک اٹھتی ہے۔(سماع حاصل ہوتا ہے)
کہتے ہیں کہ اسحقؓ موصلی نے ایک دن باغ میں جا کر اللہ کے ذکرکا راگ چھیڑا تو قریب ہی ایک بلبل جو نغمہ سرائی کر رہی تھی ، اسحاق کا سریلا راگ سن کر ایسی مگن ہوئی کہ نغمہ سرائی چھوڑ کر خاموش ہوگئی۔ اور ان کا ترانہ سنتے سنتے یکدم درخت سے نیچے آگری۔ دیکھا تو مرچکی تھی۔(سرور میں مرگئی)
حضرت حسانؓ بن ثابت آپ انصار کے قبیلہ خزرج سے تعلق رکھتے تھے۔ اور شاعرِ رسولؐ کہے جاتے تھے۔ (۶۰) سال کی عمر میں اسلام قبول کئے۔ اور اسلام لانے کے بعد آپ کی شاعری اسلام اور پیغمبر اسلامؐ کی تعریف اور دفاع کے لئے وقف تھی۔ آنحضرتؐ آپؓ کے لئے مسجد نبوی میں ممبر لگواتے تھے۔ اور حسانؓ بن ثابت اس ممبر پر کھڑے ہو کر حضوراقدسؐ کے کارناموں کو اشعار میں بیان فرماتے تھے۔ آپؐ فرماتے حسان جب تک اللہ کے رسولؐ کا دِفاع کرتے رہیں گے اللہ تعالی جبریل ؑکے ذریعہ ان کی مدد فرماتے رہیں گے ۔ اور حسانؓ نے اسلام لانے کے بعد کے بعد۶۰ سال زندہ رہ کر یعنی (۱۲۰) سال کی عمر میں ۵۰ ؁ھ میں انتقال کیا۔
اِسی طرح کے اور کئی واقعات ہیں جو کہ شاعری اور سماع سے متعلق ہیں پھر کسی موقع سے پیش کئے جاسکتے ہیں۔
قصہ مختصر یہ کہ انسان اچھی شاعری (نعت ، حمد پاک ) کو سریلی آوازوں کی تالیف وترکیب سے بلاشبہ راحت ومسرت محسوس کرتا ہے۔
اس مجموعۂ نعت سراجاً منیرا کی ترتیب واشاعت میں میرے مددگار دوست احباب بہت ہیں میں ہر ایک کا نام لئے بغیر تمام حضرات کا ممنون ہوں ۔ اس سے قبل میرے تین مجموعے بالترتیب متاع ِ نجات (نعتیہ) ، خامۂ فکر (غزلیہ)، اور نور کا سفر (نثر) بلا کسی امداد غیری شائع ہوچکے ہیں۔ یہ پہلا نعتیہ مجموعہ ہے جس کو اردو اکیڈیمی آندھراپردیش کی جزوی مالی اعانت دی گئی جس کے لئے میں اردو اکیڈیمی کا ممنون ہوں۔ اور امید کرتا ہوں کہ ہمیشہ کی طرح اہل ذوق حضرات میری اس کوشش (سراجا ًمنیرا) کو بھی کریں گے ، اور میری ہمت افزائی فرمائیں گے۔

سراجاً منیرا

ڈاکٹر عقیل ہاشمی

نعت گوئی سید الکونین حبیب کبریا حضرت محمدمصطفی احمد مجتبی ﷺ کی شان ومرتبت ، عظمت رفعت کا بیان، محبت ومودت رسول اکرمﷺ کی پہچان ہے اور اس ایمان افروز اظہار کا طریقہ قرینۂ عشاقان سرکارِؐدوعالم نے خود کلام اللہ کی آیات بینات سے سیکھا ہے۔ پروردگارِ عالم نے حضور سرور کائناتؐ کی مدح وتوصیف کو جس والہانہ انداز سے قرآن مجید میں پیش کیا ہے وہ بے مثال ولازوال ہے ، سلسلہ حیات النبی ﷺ کے کتنے ہی پہلو کتنے ہی زاویے اہل ایمان ویقین کے لئے نعتؐ عظمی بن کر سامنے آئے یوں نعتؐ سرور کل حضور رحمت العالمین کے عادات واطوار ، خصائل اور فضائل اسوئہ حسنہ کی صورت نعت شریف کا عنوان بن گئے اور نعتؐ گو شاعر نہایت ادب واحترام واحتیاط سے بارگاہ نبوی میں ہدیہ خلوص کی صورت ومحبت کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ گویا سنت الہی کی پیروی رسول مقبول کی جناب میں صلوۃ والسلام کا نذرانہ ہے۔ نعت گو شعرا عشق ِرسول ﷺ میں ڈوب کر سیرت ِرسول اللہ کے نقوش، دل پذیر کا تذکرہ اور خود ان کے اپنے ربط وتعلق کا اظہار کرتے ہیں۔ حضرت حسانؓ ابن ثابت ، کعب ابن زبیر ، عبداللہ بن رواحہ ؓ اور دیگر صحابہ کرام کے بعد شعرائے عجم رومیؒ ، جامیؒ سعدیؒ عرفی نیز ہندوستان بلکہ اقطاع عالم کے ہزارہا شعراء کی ایک تاریخ ہے جن کی نورانی پاکیزہ و مطہر نعتیں جذبات کی وارفتگی، احساسات کی سرشاری جذبۂ عشق رسولؐ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہاں یہ بات بھی عرض کردوں کہ مناسبت مدحت ووصف کے تحت کسی بھی نعتؐ گو کی شاعری غیر معیاری ہو ہی نہیںسکتی خواہ تخیلات وافکارکی کوئی صورت ہو یا کیفیات کا کوئی شعار کیونکہ یہ حضور سید الکونین کی محبت کا طریق فدویانہ جان نثارانہ ہوگا، حقائق کی عکاسی ہوگی اس میں محض ترتیب نعت گوئی سید الکونین حبیب کبریا حضرت محمدمصطفی احمد مجتبی ﷺ کی شان ومرتبت ، عظمت رفعت کا بیان، محبت ومودت رسول اکرمﷺ کی پہچان ہے اور اس ایمان افروز اظہار کا طریقہ قرینۂ عشاقان سرکارِؐدوعالم نے خود کلام اللہ کی آیات بینات سے سیکھا ہے۔ پروردگارِ عالم نے حضور سرور کائناتؐ کی مدح وتوصیف کو جس والہانہ انداز سے قرآن مجید میں پیش کیا ہے وہ بے مثال ولازوال ہے ، سلسلہ حیات النبی ﷺ کے کتنے ہی پہلو کتنے ہی زاویے اہل ایمان ویقین کے لئے نعتؐ عظمی بن کر سامنے آئے یوں نعتؐ سرور کل حضور رحمت العالمین کے عادات واطوار ، خصائل اور فضائل اسوئہ حسنہ کی صورت نعت شریف کا عنوان بن گئے اور نعتؐ گو شاعر نہایت ادب واحترام واحتیاط سے بارگاہ نبوی میں ہدیہ خلوص کی صورت ومحبت کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ گویا سنت الہی کی پیروی رسول مقبول کی جناب میں صلوۃ والسلام کا نذرانہ ہے۔ نعت گو شعرا عشق ِرسول ﷺ میں ڈوب کر سیرت ِرسول اللہ کے نقوش، دل پذیر کا تذکرہ اور خود ان کے اپنے ربط وتعلق کا اظہار کرتے ہیں۔ حضرت حسانؓ ابن ثابت ، کعب ابن زبیر ، عبداللہ بن رواحہ ؓ اور دیگر صحابہ کرام کے بعد شعرائے عجم رومیؒ ، جامیؒ سعدیؒ عرفی نیز ہندوستان بلکہ اقطاع عالم کے ہزارہا شعراء کی ایک تاریخ ہے جن کی نورانی پاکیزہ و مطہر نعتیں جذبات کی وارفتگی، احساسات کی سرشاری جذبۂ عشق رسولؐ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہاں یہ بات بھی عرض کردوں کہ مناسبت مدحت ووصف کے تحت کسی بھی نعتؐ گو کی شاعری غیر معیاری ہو ہی نہیںسکتی خواہ تخیلات وافکارکی کوئی صورت ہو یا کیفیات کا کوئی شعار کیونکہ یہ حضور سید الکونین کی محبت کا طریق فدویانہ جان نثارانہ ہوگا، حقائق کی عکاسی ہوگی اس میں محض ترتیب وتشکیل کی تبدیلی ہوگی جس سے فی نفس وظیفہ نعت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا نعتؐ گوئی کا اصلی جوہر تو رسول اللہ حضور ختمی مرتبتؐ سے رابطہ ہے یہ حق تعالی سبحانہ کا فضل اس کی عطا ہے کہ شمع انوار رسالت سے دل ودماغ منور ہوجائیں لفظوں کو روشنی ملے کیوں نہ ہو حق تعالیٰ نے قرآن مجید میں آپ کے محامد ومحاسن بیان کئے ہیں قد جاء کم من اللہ نور کتب ومبین کا اشارہ کافی ہے آپ رحمت عالم کی ذات اقدس  سراجاً منیرا کامنور اعزاز بھی رکھتی ہے یوں تو صیف رسول اللہ ﷺ نعت گو شعراکا مقدر ہے با الفاظ دیگر نعتؐ ہمارے ایمان ویقین کے اظہار کا ذریعہ بن گئی بقول شخصے :


غلامان ِمحمدؐ دور سے پہچانے جاتے ہیں
سر شوریدہ ، شوریدہ دل وگرویدہ گرویدہ


زیر تبصرہ نعتیہ مجموعہ سراجاً منیرا ایسا ہی ایک محبت وعقیدت سے معمور مجموعہ ہے جس کے شاعر ہیں جناب صوفی سلطان شطاریؔ ، موصوف صاحب کا سلسلہ فعال ، خود اعتماد مقبول پیشے کے لحاظ سے درس وتدریس سے وابستہ ، زندہ دل بسیار نویسی زود گو شاعر ہیں نیز معاشرے کے فلاحی امور سے تعلق خاطر رکھتے ہیں یوں ادبی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی اور سیاسی تحریکوں سے وابستہ ہمہ پہلو ، ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں اوائل عمری ہی سے شاعری کا شوق رہا والد ماجد حضرت صوفی محمد عبدالمنان کشورؔ نرملی سے تلمذ رکھتے ہیں۔ تا حال تین کتابیں شائع کرواچکے ہیںجس میں دو شاعری یعنی متاع نجات نعتیہ مطبوعہ ۱۹۸۵ء خامہ ٔ فکر مجموعہ غزلیات مطبوعہ ۱۹۸۶ء اور ایک نثری کاوش نور کا سفر (خاصۂ رسول اکرمﷺ) مطبوعہ شامل ہیں۔
سراجاً منیرا میں حمد ونعتؐ، منقبت وسلام کی کہکشاں ملے گی، اور سب سے آخر میں والد بزرگوار حضرت صوفی کشور ؔنرملی کا نعتیہ خمسہ مفہوم احادیث اور چار قطعات بھی درج جبکہ اس کتاب کے ابتدائی صفحات میں حضرت خواجہ شوقؔ ، جناب یوسف روش، جناب شیخ اسماعیل صابرؔ کے تاثرات کے ہمراہ خود سلطان شطاری صاحب کا ایک مضمون بعنوان بہشت میں اہل ِبہشت کو سماع حاصل ہوگا شامل ہے عصر حاضر کے مزاج اور طریق کے لحاظ سے شطاری صاحب نے بھی اس مجموعہ کی شروعات حمد پروردگار سے کی۔ بعد ازاں خمسہ نعتیں اور سلام کے بعد منقبتیں پیش کی ہیں چار قطعات اور والد ماجد کے نظم کو چھوڑ کر تمام حمد ونعت کو غزل کی ہیئت (فارم) میں لکھا ہے ایک اور اہم بات کہ ان نعتوں میں اشعار کی تعداد (۹) سے زائدنہیں جبکہ چھ اور سات اشعار کی پابندی کڑے انتخاب کے ناقدانہ رویہ کا ثبوت مہیا کرتا ہے ، اردو کے نعتیہ سرمائے میں ہمیں مختلف اصناف ورنگ آہنگ ملتا ہے لیکن فی زمانہ ہمارے کم وبیش سبھی شاعر صنف غزل میں نعت کہنے کو ترجیح دیتے ہیں اس کے علاوہ اکثر شعراء محض تبرکاً اپنے انتخاب شعری میں حمد ونعت کو شامل کرتے ہیں اس طرح وہ صرف رسم کی پابندی کرتے ہیں جب کہ بعض شعراء کے مطمحِ نظر نعت گوئی وجہ امتیاز وافتخار محبت رسول اللہ ﷺ کا حقیقی اظہار ہے۔ ان حضرات کی ذات رسالت مآب سے وابستگی ایمان وایقان کی دلیل ہوگی سلطان شطاری صاحب کی نعت گوئی اسی ذیل میںآئیگی۔ اپنی نعتوںؐ میں انہوں نے حد درجہ انکساری عاجزی فروتنی سادگی کو جگہ دی ہے جذبات واحساسات کے بیان میں درد وغم سوز اضطراب کی تمام تر داخلی کیفیات کو کہیں سے مستعار نہیں لیا بلکہ اپنی والہانہ جاں نثاری جذبہ دروں کو شعری آہنگ دیا ہے اس سلسلے میں قرآنی آیات اور احادیث کے مفاہیم کو اپنے مصرعوں کا جز بنایا ہے اور نہایت صفائی شائستگی سے سیرت رسولؐ اللہ کو رقم کیا ہے۔

کیا ہے خدا کی ذات دکھانے کے واسطے
آئے رسولِؐ پاک زمانے کے واسطے
٭
قرآن سامنے ہے تصور ہے آپ کا
کیا کیا شرف بفضل ِخدا پا رہا ہوں میں
٭
لفظوں میں کیا بیان ہو عظمت حضورؐ کی
قرآن پاک خود ہی ہے سیرت حضور ؐکی
٭آدابِ مصطفائی کی جن کو خبر نہیں
محروم ہیں وہ رحمتِ ربِّ انام سے
٭

نعت شریف میں رسول اللہﷺ کی ذات اقدس اور آپ کی شخصیت کی عظمت کا بیان اساسی نقطہ ہے شائد اسی وجہ سے نعتؐ کہنا نعتؐ کا سننا عبادت متصور کی جاتی ہے شاعری اسی ربط ونسبت پر نازاں فرحاں اسے توشہ آخرت ، سامان شفاعت ، سعادت ِنعتؐ ، سعادت ِدارین سمجھتا ہے۔ اپنی بالغ نظری اور طبع انداز کے ساتھ ساتھ فنی اعتبار سے سہل ممتنع میں شعر گوئی اتنا آسان کام نہیں یہ اسی وقت ممکن ہے جب شاعر مشق ومزاولت کا عادی ، وسیع معلومات کا خوگر اور خیالات کی ترسیل پر قادر ہو ، چنانچہ سلطان شطاری نے فکر وشعور کی کئی ایک شمعیں روشن کی ہیں ان کے اشعار میں گہرائی اور گیرائی بھی ہے ربط ونسبت کی تمازت بھی انہوں نے ایمانی حرات فکری توازن اور فن کارانہ بصیرت کو کام میں لاتے ہوئے رسول اکرم ﷺ سے محبت آپ کی اطاعت وپیروی قرآنی ہدایت کے کئی پہلو اجاگر کئے ہیں ساتھ ہی ان کی نعتوں میں شعری محاسن کے ہمراہ کہیں کہیں عجز ہنر لفظیاتی مرصع سازی ملتی ہے۔

سرکار کے خیال میں ڈوبا ہوا ہوں میں
محشر میں سر چھپانے کا اک آسرا ہے یہ
٭
اک نسبتِ آقا کے تصدق میں سر حشر
بخشش کے سبھی راستے ہموار ہوئے ہیں
٭
ہم نے جب یا محمدؐ کہا
حادثے در بہ در ہوگئے
٭
یا محمدؐ یہ فیضِ نسبت ہے
لوگ کہتے ہیں دیدہ ور مجھ کو
٭
اجالے کی مجھے حاجت نہیں ہے
میں نقش پا نبیؐ کا دیکھتا ہوں
٭
آپ کے جلووں سے دل روشن رہے
یا نبیؐ آباد یہ مسکن رہے

عبارت مختصراً سراجاً منیرا فی الواقعی نورانی وروحانی تابندگی کا ایک مرقع ہے سلطان شطاری صاحب ایک منفرد لہجے میں نعت کہنے میں کامیاب نظر آتے ہیں انہوں نے اپنی بھر پور عقیدت سے مدحت مصطفی علیہ الصلوۃ والسلام کا مظاہرہ کیا ہے فکری طہارت نظری مناسبت سے فن ِشعری کی عمدہ صلاحیت کے جوہر دکھلائے ہیں ان کا جذبہ صادق ان کے لفظ لفظ سے نمایاں ہے تاہم دو ایک جگہ مصرعے دوہرا گئے ہیں سراجا ًمنیرا کی نعتوں میں شاعر نے اپنے مزاج کے سیمابی طرز کے ناطے دعوت عمل، شاعرانہ تعلّی اور مقصد ِنعت گوئی کی شرح کی ہے نہایت خوشی کی بات ہے جبکہ موصوف نے نعت گوئی کو حد درجہ مضبوط پائیدار روایت کا حصہ بنادیا ہے میرا یقین ہے کہ یہ نعتیہ مجموعہ ، علمی ادبی اور مذہبی حلقوں میں بہ نظر استحسان دیکھا جائے گا میں اس خوبصورت پاکیزہ جذبات کے حامل  نعتیہ مجموعہ کی اشاعت پر انہیں دلی مبارکباد دیتا ہوں اور انہی کی اس شعر پر اپنی گفتگو ختم کرتا ہوں :

جب تک بھی زندگی کا مری سلسلہ رہے
ذکرِ رسول پاک کا بس مشغلہ رہے
٭

سرِورق جاذب نظر کتابت وطباعت معیاری شاعر کے پتہ فردوس منزل 16-8-617 روبرو اکبر ٹاور ملک پیٹ جدید سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

صوفی سلطانؔ شطاری داخلی کیفیتوں کا شاعر

یوسف روش (ایم ۔ ٹیک)
یہ ضروری نہیں کہ حکومت موروثی ہو یا شاعری پشت در پشت چلے۔ لیکن یہ بھی صحیح نہیں کہ شاعری موروثی نہیں ہوتی۔ چنانچہ سرزمین دکن کے امام الفن حضرت جلیل مانکپوری کے فرزند ارجمند حضرت علی احمد جلیلی ہوں کہ شمس الدین تاباں کے سپوت جناب رؤف رحیم یا حضرت نظیر علی عدیلؔ کے جگر گوشہ ڈاکٹر فاروق شکیل ، سبھی باپ بیٹے دکن کے مقبول شاعر رہے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ بعض خاندانوں میں شاعری کم از ایک پشت میں موروثی رہی ہے۔ چنانچہ حضرت محمدؐصوفی عبدالمنان کشورؔ قادر الکلام ، کہنہ مشق اور روایتی طرز کے مشہور شاعر تھے۔ عجیب بات ہے کہ خدا نے شعر گوئی میں انہی کے جگر گوشہ اور شاگرد رشید جناب صوفی سلطان شطاری کو بھی ان کے والد کی طرح وہی رنگ تغزل ، پختگی اور شہرت بخشی جو ان کی خاندانی روایت بن گئی۔ یہی وجہ ہے کہ سلطان شطاری صاحب نے اپنے والد ماجد حضرت کشورؔ کے سوا اپنے کلام پر کسی اور سے اصلاح نہیں لی اور اس کی ضرورت بھی پیش نہیں آئی۔
سلطان شطاری صاحب کاشعری سفر تقریبا نصف صدی سے (یعنی ۱۹۵۹ء سے) حمد ، نعت ، منقبت ، غزلوں ، نظموں ، رباعیات اور مثنوی جیسی اصناف ِسخن کی طبع آزمائی میں گزرا اور ہنوز جاری ہے۔ آپ کے تا حال دو شعری مجموعے متاع ِنجات (نعتیہ مجموعہ) ۱۹۸۵ء میں اور خامۂ فکر (غزلوں کا مجموعہ) ۱۹۸۷ء میں منظر عام پر آچکے ہیں۔ اور سلطان صاحب کے کہنے کے مطابق ۱۹ سال کی طویل خاموشی کے بعد اب آپ ایک دیوان کی ترتیب میں مصروف بہ کار ہیں۔ آپ کئی آسان اور مشکل زمینوں میں بے باکی اور سرشاری سے شعر کہتے ہیں۔ آپ کی شاعری زیادہ تر داخلی کیفیات ، جذبات اور احساسات سے لبریز اور آراستہ نظر آتی ہے۔ جس میں روایت کی پاسداری بدرجہ اتم موجود ہے۔
جناب والا کی مسلسل نقل مکانی (عارضی طور پر ہی سہی) قابلِ توجہ ہے۔ آپ نے کئی ممالک مثلاً۔ ہندوستان ، پاکستان ، امریکہ ، سعودی عرب اور ان کے کئی شہروں کے دورے کئے ہیں لیکن خارجی ماحول اور نقل مکانی کے اثرات آپ کی شعر گوئی پر اثر انداز نہیں ہوئے۔ جو اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ موصوف خارجیت کے بجائے داخلیت کو اہمیت دیتے ہیں۔ اسی طرح ترقی پسند شاعری اور جدید شاعری بھی آپ کے لب ولہجہ کو متاثر نہ کرسکی تاہم آپ کے ہاں بعض چونکانے والے شعر موجود ہیں۔ ملاحظہ فرمائیں۔


رگِ احساس میں دوڑے گا شراروں کا لہو
چھو کے دیکھے تو کوئی میرے تخیل کا بدن
٭
تیرا خیال ، تیرا تصور ہے ، تیرا ذکر
اب اس سے ہٹ کے اور کریں ہم کہاں کی بات
٭

جگہ مرقد پہ پائیں، یا گلے کا ہار بن جائیں
بدل سکتی نہیں فطرت گلوں کے مسکرانے کی
٭


آپ کے تخلص سلطان کے حروف (س۔ ل۔ ط ۔ ا۔ن) کا اگر جائزہ لیں تو پتہ چلے گا کہ حقیقتاً سلطان سخن کس قدر لسان اردو کا شیدائی،طالب طریقت ، ادب کا متوالا اور نیک طینت  انسان اور شاعر ہے۔
بہ حیثیت مجموعی صوفی سلطان شطاری صاحب کا رنگ تغزل پختہ اور اغلاط سے پاک ضرور ہے لیکن روایتی انداز غالب ہے لیکن روایتی انداز کوئی عیب نہیں بلکہ مہارت فن کی دلیل ہے۔ پھر بھی ہم ان جیسے پختہ مشق شاعر سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنے لب ولہجہ کو مزید منفرد بنائیں گے اور چمن ِادب میں بہار آفریں ہواؤں کو بھی آنے دیں گے۔ اس طرح ان کے طرزِ اظہار اور لفظیات کی دھار مزید تیز ہوگی۔

صوفی سلطانؔ شطاری کی شخصیت اور شاعری

اجمل محسن ایڈوکیٹ۔ ورنگل
نعتیہ مجموعہ کلام متاع نجات (۱۹۸۵ء) شعری مجموعہ خامہ ٔ فکر (۱۹۸۷ء) دوسرے نعتیہ مجموعہ سراجا منیراکے خالق جناب صوفی سلطان شطاری صاحب (عادل آبادی) ایک ہمہ جہتی شخصیت کے حامل نیک دل انسان ہیں۔ جہاں تک ذریعہ معاش کا تعلق ہے، گورنمنٹ کنٹراکٹر ہیں۔ ایک بہت ہی ہمدرد اور مخلص سماجی کارکن ہیں۔ آج کل ،تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے ریاسی سکریٹری کی حیثیت سے عوامی خدمت میں مصروف کار ہیں۔ غزل اور نعت کے عمدہ لہجہ کے شاعر ہیں۔
جناب سے چند ایک مشاعروں میں ملاقات کا شرف حاصل ہوا اور کلام سننے سنانے کا اتفاق ہوا۔ تفصیلی تعارف حاصل نہ ہوسکا۔ کلام پر بھی انہماک دے نہ سکا۔ لیکن جناب کی شخصیت میں ایک وضعداری کا احساس ضرور ہوا تھا۔ قربت اور رفاقت میں فاصلے حائل تھے۔
سال ۲۰۰۸ء میں جناب والا ، تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے ریاستی سکریٹری کی حیثیت سے ضلعی دورے پرورنگل تشریف لائے تو ، جناب اقبال شیدائی صاحب صدر تحریک قلم ورنگل نے مجھے فون پر بتایا کہ حیدرآباد مقیم عادل آباد کی ایک معروف شخصیت ، ہر دلعزیز سماجی کارکن، ٹی ۔ آر ۔ ایس کے ریاستی سکریٹری ، مشہور وممتاز شاعر جناب صوفی سلطان شطاری صاحب ورنگل تشریف لائے ہوئے ہیں۔ آپ تو انہیں جانتے بھی ہیں، میں نے فوراً کہا جانتا تو نہیں، پہچانتا ہوں شاید ۔ دوسری طرف سے اقبال شیدائی صاحب کی آواز آئی۔ ارے اچھی طرح جانتے ہو یارو ! تم نے حیدراباد میں ان کے ساتھ کئی مشاعرہ بھی پڑھے ہیں۔ تو ، ان کی آمد پر ایک خصوصی مشاعرہ منعقد کرنے کاارادہ ہے جس کی نظامت تم کر رہے ہو۔
صوفی سلطان شطاری صاحب اس مشاعرہ کے مہمان خصوصی تھے۔ اقبال شیدائی صاحب کے گھر پر سارے لوگ میرے منتظر تھے۔ صوفی سلطان شطاری صاحب نے جیسے ہی مجھے دیکھا ، فوراً کھڑے ہوگئے ، بہت ہی مخلصانہ انداز میں مصافحہ کیا۔ اقبال شیدائی صاحب نے میرا تعارف کروانا چاہا تو سلطان صاحب نے بڑے خلوص کے ساتھ کہا۔ ارے کیا بات کررہے ہیں آپ ، محسنؔ صاحب سے کون واقف نہیں ہے۔ موصوف کی یاد داشت اور پر خلوص انداز نے مجھے بہت متاثر کیا۔
موصوف کے تعلق سے میرے پاس سنا سنایا ہوا مواد ہی تھا۔ لیکن جس انداز سے میں نے موصوف کا تعارف پیش کیا وہ اتفاقا ان کے تینوں مجموعوں میں شامل تعارف کے عین مطابقت میں تھا، جس سے جناب صوفی سلطان شطاری صاحب بہتر متاثر ہوئے( میرا خیال ہے وہ سوچ میں پڑ گئے ہوں گے کہ ان کے تعلق سے اتنے معلومات مجھے حاصل کہاں سے ہوئے) مشاعرہ کے بعد بھی ہمارے درمیان گفت وشنید رہی، صوفی سلطان شطاری صاحب، میرے چچا جان جناب شیخ اسماعیل صابرؔ صاحب (مغلپورہ ، حیدرآباد) کے بہت ہی قریبی اور عزیزی نکل آئے جن سے ان کی رفاقت قریب چالیس سال کی ہے۔ مجھے بھی یاد آیا کہ میں نے دو ایک نعتیہ مشاعرہ ان کے ساتھ اپنے چاچا جان جناب شیخ اسماعیل صابرؔ کے گھر پر ہی پڑھے ہیں۔ جو کہ ہر سال استقبال رمضان کے سلسلے میں ،حیدرآباد کے بزرگ ، مشہور ومعروف ، مخدوم محی الدین ایوارڈ یافتہ شاعر جناب خواجہ شوق صاحب کی صدارت میں منعقد کیا کرتے ہیں۔ بہرحال صوفی سلطان شطاری صاحب کے ساتھ مختلف امور پر بہت ساری باتیں ہوئیں۔
اتفاق سے اس مشاعرہ کے دو دن بعد ہی ، شہر ورنگل کی ایک معروف ادبی شخصیت ، حال مقیم ٹولی چوکی حیدرآباد، نامور شاعر وادیب ڈاکٹر مسعود جعفری کی ورنگل آمد ہوئی جو کہ انجمن ترقی اردو ورنگل کے صدر ، ڈاکٹر بہادر علی سابق پرنسپل اسلامیہ ڈگری الج ورنگل کی جانب سے ، پروفیسر اقبال علی صاحب کے شاتاواہانہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدہ پر فائز ہونے کے سلسلے میں ایک تہنیتی پروگرام اور مشاعرہ دفتر انجمن ترقی اردو صوبہ داری میں منعقد ہو رہا تھا۔ نظامت کے فرائض مجھے سونپے گئے تھے۔ صوفی سلطان شطاری صاحب اس مشاعرہ میں بھی بحیثیت مہمان خصوصی مدعو تھے۔ صوفی سلطان شطاری صاحب نے مشاعرہ گاہ میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے مصافحہ کرتے ہوئے مجھ سے کہا ، محسن صاحب یقین کیجئے کہ آپ کا خلوص ہی مجھے یہاں کھینچ لایا ہے۔ ورنہ مجھے ایک سیاسی دورے پر نکلنا بہت ضروری تھا  میں نے کہا ذرہ نوازی کا بہت بہت شکریہ لیکن میں تو یہاں محض ایک اتفاق سے حاضر ہوں۔ انہوں نے فورا  کہا ارے واہ ! آپ اورآپ کی نظامت کے بغیر بھلا کوئی مشاعرہ منعقد ہو بھی سکتا ہے۔ ؟ ۔ پھر انہوں نے مجھے اپنے نعتیہ مجموعہ سراجا منیرا کی سوغات پیش کی۔ بعد تلاوت آیات قرآنی صوفی سلطان شطاری صاحب کے نعتیہ کلام سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ جناب نے خوب خوب داد لوٹی۔
اس کے بعد جناب سے میری ملاقاتیں حیدرآباد کے مشاعروں میں ہوتی رہیں، جناب انجم شافعیؔ اور جناب یوسف روش صاحب سے میری بے تکلفی ہے اور یہ دونوں صوفی سلطان شطاری صاحب سے بہت پر تکلف ہیں۔ یہ دونوں حضرات ٹی ۔ آر ۔ ایس میناریٹیز دفتر، اعظم پورہ حیدرآباد میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ایک مرتبہ جب میں ان سے ملنے اعظم پورہ کے ٹی ۔ آر ۔ ایس کے دفتر گیا تو سلطان صاحب سے ملاقات ہوگئی۔ وہ عادل آباد کے دورہ پر نکلنے کے لئے تیار تھے۔ مجھے دیکھا تو مزاج پرسی کی، وجہ حاضری دریافت کی تو یوسف روشؔ صاحب نے کہا  مجھ سے ملنے آئے ہیں ۔ انہوں نے فورا کہا ، یوسف روشؔ صاحب ! یہ ہمارے بھی محسن ہیں  انجم شافعی صاحب کے آتے ہی وہ دورے پر نکل پڑے۔
کچھ دن بعد مجھے، انجم شافعی صاحب کے ذریعہ یوسف روشؔ صاحب کی تحریر ملی، جس میں جو خواہش تھی وہی خواہش انجم شافعی صاحب نے بھی بالمشافہ میرے سامنے رکھی ۔ سلطان شطاری صاحب کے دو مجموعہ کلام میرے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ سلطان بھائی کی خواہش ہے کہ آپ انہیں تفصیلی پڑھیں، اور سلطان بھائی کے پچاس سالہ جشن شاعری کے سونیر کے لئے تحریری اظہار خیال بھی کریں ، اور یہ بھی کہا کہ سلطان بھائی آپ سے خود بھی اس سلسلے میں بات کریں گے۔ جبکہ ان دونوں سے پہلے ہی سلطان صاحب نے ذریعہ فون اسکااظہار کردیا تھا۔ میں جہاں ان کے اس خلوص واعتماد کا قائل ہوا کہ مجھے اس قابل سمجھا، وہیں اس مخمصے میں پڑ گیا کہ میں کہ جو اچھی شاعری کے مزے ہی لے سکتا ہوں ، محظوظ ہوسکتا ہوں، کلام پر اظہار خیال کی صلاحیت کہاں سے پیدا کروں۔ ان تینوں حضرات کے اعتماد کو کیسے قائم رکھوں۔؟ اخلاقی فریضہ اندر سے دل کو کچوکے دینا شروع کردیا۔ کچھ تو ان کے خلوص کا پاس رکھ محسن ؔ ، کچھ تو حقِ دوستی ادا کرنے کی سعی کر محسن ؔ، خود کو تبصرہ کا اہل نہیںسمجھتا تو کم سے کم اتنا تو ثبوت دے کہ تو نے کلام پورے انہماک سے پڑھا ہے ، اور پڑھا ہے تو کیا سمجھا ہے۔
پھر میں نے صوفی سلطانؔ شطاری صاحب کے دونوں مجموعہ خامہ ٔ فکر  اور سراجا منیرا پورے انہماک سے پڑھے۔ کسی بھی شاعر کی تخلیقات چاہے کتنی ہی اصناف ِشاعری میں ہوں، پڑھ کر قطعی محسوس نہیں ہوتا کہ ، ایک شاعر میں کئی کئی انسان بستے ہیں۔ ہر صنف میں ایک ہی شاعر اور ایک ہی انسان نظر آتا ہے۔ لیکن مجھے صوفی سلطانؔ شطاری صاحب کی شاعری میں دو مختلف انسان ملے، بیک وقت نہیں بلکہ ایک دور کے فصل سے ۔
صوفی سلطان شطاری صاحب کے متاعِ نجات کے دور کا تو مجھے علم نہیں ہے ، لیکن ان کے دور خامہ فکر میں میری ملاقات ایک جوان خیال ، رومانی مزاج وماحول کے ، فصیح وبلیغ ، روایتی طرز کے شاعر سے ہوئی تو سراجا منیرا میں میری ملاقات ، واحدانیت کے قائل ، سچے عاشق ِرسول ؐ ، اسلام دوست ، روحانی خیالات وعقیدت سے معمور ، پابند انسان سے ہوئی ، خیالات کا اظہار بیشتر ، اساتذہ کی زمینوں میں ہے ، جو کہ ایک ہمت مردانہ والی بات ہے کہ عمدہ سے عمدہ مضامین ، اساتذہ نے جب نظم کردیئے ہوں تو طبع آزمائی کے لئے بچ کیا جاتا ہے۔ لیکن صوفی سلطان شطاری صاحب نے بڑی ہمت دکھائی ، عہد استاذہ کی شعر گوئی کے جو جو لوازمات موضوعات ہیں، ان پر بڑی محنت کیساتھ مضامین بندھے اور شعر موزوں کرتے ہوئے اساتذہ کے اسلوب کی پاسداری رکھی ہے۔ غزل میں اظہار خیال غزل کے حقیقی آہنگ میں ہے۔
شعری مجموعہ خامہ فکر میں اگرچہ کہ چند ایک نظمیں بھی شامل ہیں لیکن یہ کتاب دراصل مجموعہ غزلیات ہی ہے، جس میں جملہ ایک سو اکیس غزلیات شامل ہیں اور ہر غزل اپنے عروج پر اور ہر شعر بولتا شعر ہے۔ زبان وبیان میں فصاحت ہے ، خیالات کی عمدگی ہے تازگی ہے شگفتگی ہے، عشق میں ایک ایک لمحہ حائل مرحلے پراظہار خیال ہے۔ حسن ، عشق ، بے وفائی، فرحت، تڑپ ، کسک ، یاد ، انتظار ، بہار وخزاں ، دل ، دردِ دل ، آنکھ ، نظر ، نگاہ ، برق وآشیاں ، گیسو ، لب ، ورخسار ، غرض کے غزل کے ہر ہر موضوع پر اشعار شامل ہیں۔ ہر شعر سنبھل کر کہا ہے ۔ شاعر کے تعارف کے بغیر کلام پڑھا جائے تو لگے کہ عہد اساتذہ کے دور کے کسی شاعر کا کلام زیر مطالعہ ہے۔
اپنے خیالات کے ثبوت میں خامہ فکر میں شامل غزلوں کے مختلف لوازمات وموضوعات پر موزوں اپنی پسند کے چند اشعار بطور حوالہ اور تعارف یہاں رقم کرنا مناسب سمجھتا ہوں۔ ملاحظہ ہوں۔
عشق سے متعلق چند اشعار :

کیا وہ سمجھیں گے عشق کو سلطاںؔ
جن کو دردِ جگر نہیں ہوتا
٭
کسی صورت سے انکی بزم میں جاونگا میں سلطاںؔ
پھر اس کے بعد جو بھی فیصلہ ہو میری قسمت کا
٭
دیکھو جو مٹ گئے ہیں گذرگاہِ عشق میں
واللہ ان کی موت ، حیاتِ دوام ہے
ان کا خیال ان کی تمنا ہے ان کی یاد
کیا کیا ہے ساتھ زاد ِسفر ہم سے پوچھئے
٭
دل اور درد سے متعلق اشعار:
دمِ گفتار رہا ضبطِ تکلم حائل
دردِ دل نے تو بہت اس کو پکارا ائے دوست
٭
ذرا دردِ دل بیتا کی لینا خبر آکر
مٹادے نہ کہیں سلطانؔ یہ آہ وفغاں مجھ کو
٭
پھر ترا غم دلِ مضطر تلاش کرتا ہے
جو تو نے چھوڑا ہے وہ گھر تلاش کرتا ہے

آنکھ ، نظر ، نگاہ، اور آنسو سے متعلق:

چشمِ بینا ہے تو آؤ اور دیکھو شوق سے
خود مصور جلوہ گر ہے پردئہ تصویر پر
٭
لب تھے خاموش مگر بول رہی تھیں نظریں
بزمِ جاناں میں عجب ہم نے تماشہ دیکھا
٭
موجِ الم کی زد میں ہے مرا سفینۂ حیات
جانے کدھر ہے آج کل تیری نگاہِ التفات
٭
نہیں تھمتے مرے آنسو نہیں تھمتے مرے آنسو
کہ بہنا کیا ہے ان کا ،حالِ دل کی ترجمانی ہے
٭

بہار اور خزاں سے متعلق اشعار :

آمد فصلِ بہاراں نے دکھایا ہے رنگ عجب
پھول ہیں سب دامنوں میں پھول شاخوں پر نہیں
٭
سلطاںؔ منائیں جشنِ بہاراں ہم کس لئے
جب بھی بہار آئی گرفتار ہوگئے
٭
ذرّہ ذرّہ پہ ہو خوفِ خزاں کا پہرا
پھول پر فصل بہاراں کا اثر کیا ہوگا
٭
مرے ہمدم بہارِ نو مجھے راس آنہیںسکتی
قفس میں نکہتِ گل آرہی ہے دردِ سر ہو کر
٭

برق وآشیاں سے متعلق :

نشیمن کو کیا روشن جو میں نے شعلۂ دل سے
فلک پربجلیاں سب رہ گئیں زیر وزبر ہوکر
٭
کیوں لینے لگی بجلی انگڑائی پہ انگڑائی

کہا میرے گلستاں میں پھر فصلِ بہار آئی
٭
اے برق اندھیرا ہے نشیمن میں ابھی تک
تقدیر نشیمن کی کسی طرح جگادے
٭
پھر ایک نیا آشیاں گلشن میں بنا کر
میں سوئے فلک برق وشرر دیکھ رہا ہوں

فرقت اور دردِ تنہائی سے متعلق :

یونہی رہے جو اپنے دلِ ناتواں کارنگ
فرقت میں ان کے صدمے اٹھائیں گے کس طرح
٭
بے وفا ہم پہ کیا گذری ہے تجھے کیا معلوم
درد کی رات جو کاٹی تو سویرا دیکھا
٭
کبھی دردِ فرقت نہ اٹھا تھا ایسا ، کبھی حال اپنا ہوا تھا نہ ایسا
سر ِشام ہی سے یہ ہوتا ہے محسوس ، مری زندگی کی یہ شام آخری ہے
٭
وہاں یاد کرتے تھے سلطانؔ کو وہ
گھٹا دم یہاں ہچکیاں آتے آتے
٭

انتظار کے موضوع پر:

صدا پہ کان ، نظر در پہ اور دل بے چین
وفورِ شوق میں یوں انتظار ہم نے کیا
٭
خدا ہی جانے وہ آئیں گے یا نہیں سلطاںؔ
ہم کب سے راہ میں آنکھیں بچھائے بیٹھے ہیں
٭
آپ کو سلطاںؔ اجل کا کس لئے انتظار
خود چھلک جاتا ہے پیمانہ یہ بھر جانے کے بعد
٭

اب انتظار کی لذت ہے بس حیات اپنی

تمام عمر ترا دوست انتظار چلے
صوفی سلطان شطاری صاحب نے اپنا شعری مجموعہ اس دور میں ترتیب دیا ہے جبکہ غزل کے مزاج میںکافی تبدیلیاں آچکی تھیں۔ حسن وعشق ، لب ورخسار کا ذکر بہت کم اور حالات حاضرہ کے مشاہدات پر مشتمل مضامین نے جگہ لے لی تھی، لیکن ایسے دور میں بھی سلطان شطاری صاحب نے ناموس صنف ِغزل پر آنچ آنے نہ دیا ۔ غزل کی روایت کے ساتھ انصاف سے کام لیا۔ تمام مضامین حسن وعشق کا طواف کرتے نظر آتے ہیں۔ الفاظ کی موزونیت وانتخاب ، مصرعوں کا ارتباط منصفانہ ہے اور غزل کے حسن میں اضافہ کرتا ہے۔ موصوف جن اساتذہ سے متاثر ہے ان کا رنگ کلام میں جھلکتا ہے۔ کہیں کہیں تو جناب اپنے کلام کے بے مثال ہونے کا دعوی کرتے نظر آتے ہیں، جیسا کہ ان اشعار سے واضح ہے۔
جب بھی سلطاں غزل سناتے ہیں
داد لیتے ہیں اہلِ محفل سے
٭
جمادیا وہاں شعر وسخن کا رنگ سلطاںؔ
غزل کو اپنی جہاں بھی سنادیا تونے
٭
توجہ دیں ذرا ارباب ِعلم وفن سلطاںؔ
سنا رہا ہو غزل میرؔ سے زباں لیکر
٭
کلام سن کے یہ کہتے ہیں اہل فن سلطاںؔ
جہاں میں ایسا تو جادو بیاں نہیں ملتا
کہیں کہیں اس احساس کے شکار بھی دکھائی دیتے ہیں کہ منہ سے کوئی بڑی بات تو نکل نہ گئی ہو، کیونکہ غزل گوئی میں معراج فن یا مکمل دسترس کا دعوی ، کوئی آسان یا معمولی بات تو نہیں ، اور خود ہی یہ کہتے ہیں کہ :
تو ناز کر نہ کبھی اپنے فن پہ ائے سلطاںؔ
جہان شعر پہ کب کس کا اختیار چلے
٭
کیا بات ہے کہ اب کوئی ہوتی نہیں غزل
سلطاںؔ تمہیں کمالِ سخن پہ غرور تھا
٭
ناقدریٔ دنیا سے نہ گھبرا کبھی سلطاںؔ
وقت آئے گا جب قدرِ ہنر ہو کے رہیگی
صوفی سلطان شطاری صاحب کی غزلوں میں کچھ ایسے اشعار بھی ارادتاً ہو کہ غیر ارادی طور پر شامل ہوگئے ہیں، جو اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ بہت جلد جناب کا ذوق سخن ایک نئی موڑ لینے والا ہے اور ایک ایسا سفر ہے جو انہیں منزل حقیقی کی راہ پر گامزن کرنے والا ہے۔ اور اس راہ میں وہ فکر کے ایسے چراغ روشن کریں گے جو نہ صرف انہیں بلکہ پوری قوم کو روشنی دکھاتے رہیں گے۔ منزل حقیقی کی طرف رہنمائی کرتے رہیں گے ، وہ چند قیمتی اشعار بھی برائے ملاحظہ پیش ہیں :

 

کر فکر عاقبت کی دو روزہ زندگی ہے
یہ ہے جہانِ فانی ، کس کی یہاں بنی ہے
٭
سلطانؔ بندگی تو بڑی بات ہے مگر
ایک سجدہ شکر کابھی نہ تم سے ادا ہوا
دارِ منصور ہو یا طُور یا نارِ نمرود
ہر طرف آپ کی الفت کے فسانے دیکھے
٭
ہے تو ہی اول وآخر ہے تو ہی ظاہر وباطن
کوئی عنوان ہے میرا نہ کوئی داستاں میری
٭
آپ دنیا سے سفر کرتے ہیں لیکن سلطاںؔ
ساتھ کچھ بھی نہیں سامان بڑی مشکل ہے
٭
کچھ خبر بھی ہے تجھے زاہد کہ بندگی کیا ہے
ہو دل میں نور تو چہرے پہ نور ہوتا ہے


خامہ فکر  کے بعد بیس سال تک ، صوفی سلطان شطاری صاحب کا پھر کوئی شعری مجموعہ منظر عام پر نہیں آیا۔ شاید راہ ِحق کی تاش میں غلطاں اور فکر صحیح کے سمندر میں مستغرق رہے ہوں، اسی لئے بیس سال کے طویل عرصہ کے بعد ان کا کوئی شعری مجموعہ منظر عام پر آیا تو سراجا منیرا کی صورت میں آیا جس میں ، خالق کائنات سے ارجاع ، وسپردگی سے متعلق حمدیہ کلام ، حب نبیؐ سے متعلق عشق ِرسول میں ڈوبا ہوا نعتیہ کلام ، صحابہ کرام وشہدائے کربلا پر تقدیس سے بھر پور سلام، بزرگان دین میں گرفتار عقیدت سے بھری منقبتیں ، اور نعتیہ قطعات شامل ہیں۔
حمد باری تعالیٰ ، نعتؐ ِرسول پاک اور بزرگان ِدین پر منقبتیں وہ لکھتا ہے، جس کو توفیق ہوتی ہے ، شاعری کے ان متبرک اصناف میں جو جتنا ڈوب کر کہتا ہے ، اتنی ہی توفیق سے نوازا جاتا ہے۔ اتنا ہی قربِ الہی ، قربِ محمدیؐ ، قربِ بزرگان دین سے مستفیض ہوتا ہے۔ ان اصناف میں شاعر خود نہیں کہتا ، بلکہ کہلوایا جاتا ہے۔ اور جو کہلوایا گیا ہے اس کے متعلق بھلا کوئی کہے تو کیا کہے۔ حمد اور نعت کا تو ہر شعر ہی لاجواب ہوتا ہے۔ ذکر الہی اور ذکر نبیؐ ہی تو اشعار میں ہوتا ہے ، اسی لئے تو حمد ونعت کا لکھنا ، سننا اور سنانا بھی ثواب عظیم ہے۔ اتنا ضرور ہے کہ اس میدان میں بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ صوفی سلطان شطاری صاحب کے نعتیہ مجموعہ سراجا منیرا سے ، یاد الہی،عشق ِرسول، اور بزرگانِ دین سے محبت پر ، چند ، رغبت اور عقیدت پیدا کرنے والے اشعار یہاں رقم کرنا چاہوں گا ، تا کہ قارئین میں سراجا منیرا کو شروع سے آخر تک پڑھنے کا اشتیاق جاگے۔
حمدیہ اشعار :


تو ہے کرم نواز تیرے بس میں کیا نہیں
تیرے سوا کریم کوئی دوسرا نہیں
٭
رحم فرما ہم پہ ربِّ ذوالجلال

جز ترے کس سے کہیں ہم اپنا حال
٭
تو پاس ہو کے دور ہے یہ اور بات ہے
ارض وسما میں کون تجھے جانتا نہیں
٭
ذات تری لا شریک اورپاک ہے
تجھ کو سمجھے کس کو یہ ادراک ہے


نعتیہ اشعار :


قرطاسِ دل میں وذہن پر نام آپ کا لکھ کر
روشن ہیں مرے فکر وقلم شاہؐ مدینہ
٭
ہیں دل شفاف آئینے تو چہرے آفتابی ہیں
محمدؐ کے غلاموں کی یہی پہچان ہے دیکھو
٭
ہے جذب اس میں محمدؐ کا پسینہ
شجر توحید کا اب تک ہرا ہے
٭
رات کی تنہائیوں میں ذکر کی خوشبو لئے
آپ پر ہر ایک لمحہ زندگی قربان ہے
٭
منسوب ہم ہوئے ہیں جب سے درِ نبیؐ سے
اکتا گئی ہیں آنکھیں دنیا کی روشنی سے
٭
آواز دے کے دیکھ کبھی احترام سے
بنتے ہیں بگڑے کام محمدؐ کے نام سے
شہدائے کربلا سے متعلق چند شعر:
یہ رو کر کہہ رہی تھی شام کو جاتے ہوئے زینبؓ
ذرا نانا مرا حالِ پریشاں دیکھتے جاؤ
٭
عظمت عیاں ہے سبطِ نبیؐ تیرے نام سے
تعریف کیا ہو تیری اس ادنیٰ غلام سے 

 

منقبتی اشعار :


علیؓ مشکل کشا کا نام صبح شام لینا ہے
کہ ہم کو ساقی ٔکوثر سے اپنا جام لینا ہے
٭
حسینؓ عالم امکاں میں جاودانی ہے
زمیں کی گود میں تنویر آسمانی ہے
٭
درِ غوث الوریٰؓ پر سر جھکاکر دیکھتے جاؤ
یہاں بن جاتے ہیں بگڑے مقدر دیکھتے جاؤ
٭
سلاطینِ جہاں اس جا ادب سے سر جھکائے ہیں
یہ ہے، وہ درِ فقیرانہ نہ معین الدین چشتیؒ کا
٭
آپؒ کی جس پر نظر ہو خواجۂ بندہ نوازؒ
پھر وہ کیسے در بدر ہو خواجہ بندہ نواز
٭
چھاگئے دل پہ نگاہوں میں سمائے فیاضؒ
کھو کے ہم اپنی خودی آپؒ کو پائے فیاضؒ


صوفی سلطان شطاری صاحب نہ صرف ایک بہت اچھے شاعر ، بلکہ ایک اچھے ملّی ، سماجی، اور سیاسی خادم کی حیثیت سے بھی مقبول عام شخصیت ہیں، میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کے دین کی خدمت کے جذبہ کو اور تقویت عطا فرمائے۔آمین 

عشق زندہ ہے محمدؐ کے پرستاروں سے

نفیسہ خان (ناگر جناساگر)
کبھی ادیب اور شعراء بھی عجیب سی خواہش کا اظہار کردیتے ہیں جس کی تکمیل کرنا ناممکن نہیں تو دشوارضرور ہوجاتا ہے کچھ ایسی ہی خواہش صوفی سلطان شطاری صاحب نے کی ہے کہ میں ان کی پچاس سالہ اردو شاعری کے سفر کے بارے میں کچھ لکھوں کچھ تبصرہ کروں ، یہ تو وہی بات ہوئی کہ کسی کو تیرنا نہ آئے اور آپ اسے پانی میں ڈھکیل دیں کہ تجھے تیرنا ہی پڑے گا جو کام مجھے سونپا گیا ہے میںاس کی اہل نہیں ہوں کیونکہ شاعری کے معاملے میں نہ تو میرا مطالعہ گہرا ہے نہ ہی اس کے اسرار وروز سے میں واقفیت رکھتی ہوں مجھے اردو زبان ، اردو ادب اور اردو شاعری سے والہانہ عشق ہے لیکن ساقط البحر اشعار کے بارے میں لکھ نہیں  سکتی ، اساتذہ سخن اور علم وعروض سے واقف اساتذہ ہی کچھ لکھ سکتے ہیں۔ مجھے کوئی شعر اچھا لگا تو بیاض میں لکھ لیا یا پھر یاد کرلیا اس سے زیادہ کلام کی باریکیوں ، خوبیوں وخامیوں کی شد بد بھی مجھے نہیں ہے اس لئے تنقید ، تعریف وتبصرہ میرے لئے دشوار ہے۔
پچھلے چند دنوں سے پہلے تک سلطان صاحب کو صرف ان کے نام سے جانتی تھی چہرہ تو پچھلے ماہ دیکھا ہے چونکہ  غریب کی جورو سب کی بھابی ہوتی ہے اس لئے میرے شوہر کے دوست ہونے کے ناطے میں بھی ان کی بھابی صاحبہ بن گئی ہوں ، دیور کی خواہش کا پاس ولحاظ ایک بھابی کی عظمت قائم ودائم رکھنے کیلئے ضروری ہوجاتا ہے۔
زندگی کے سفر میں پچاس سال بڑی اہمیت رکھتے ہیں اور اگر کوئی ادیب یا شاعر اپنی تعلیم کی تکمیل ومعاشی مسائل کوحل کرتے ہوئے ادبی سفر جاری رکھتا ہے تو یہ اس کا بہت بڑا کارنامہ سمجھا جائے گا۔
ہر انسان کا دل ودماغ کئی جذبات واحساسات کی آماجگاہ ہوتا ہے لیکن ہر کوئی اپنے اندرونی خیالات کو لفظوں کا جامعہ نہیں پہنا سکتا یہ تو ایک خداد صلاحیت ہے جو چند ایک کو نصیب ہوتی ہے اور اللہ سلطان صاحب کو اپنی نظر نوازش سے نوازا اپنے وہ ہر شاعر کی طرح حساس دل کے مالک ہیں ان کا مشاہدہ وسیع ہے ، سلطان صاحب کی تینوں کتابیں خامہ ٔ فکر  ، متاع نجات، اور سراجامنیرا کا مطالعہ کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ خامہ فکر جو کہ غزلیات ونظموں کا شعری مجموعہ ہے اور باقی دونوں کتابوں سے مختلف ہے اور اس کی وجہ طبعی عمر کا تقاضہ ہوتا ہے کہ جمالیاتی ذوق کی تسکین کی جائے اس لئے عمر کے عین مطابق عشق مجازی وعشق حقیقی دونوں کی جھلکیاں ان کے کلام میں اپنا خوب رنگ دکھاتی ہیں۔ خامہ فکر میں ان کا انداز کچھ اس طرح ہے کہ ؎


دردِ دل دردِ جگر ہو تو غزل ہوتی ہے
کچھ محبت کا اثر ہو تو غزل ہوتی ہے


اس طرح سامنے تصوراتی حلیہ کو رکھ کر وہ غزلیں کہتے ہیں ہجر ووصال ۔ مسرت وغم کے حسین امتزاج کا پرتو بھی ان کی غزلیات میں نظر آتا ہے۔ جیسے :


نہ پوچھ ہم سے تیرے غم کی عظمتیں کیا ہیں
تمام عمر تیرے غم سے پیار ہم نے کیا


کبھی ہم سلطان صاحب کو زلف گرہ گیر کا اسیر پاتے ہیں کیونکہ اپنی بیقراری وبے چینی کا کچھ اس طرح اظہار بھی کیا ہے کہ ؎


جب تک نہ دیکھوں آپ کے چہرے کو زلف کو
کوئی سحر ۔ سحر نہ کوئی شام ۔ شام ہے


لیکن عارض وگیسو۔ وصال وفراق کے دکھ وصعوبتیں۔ دیدۂ تر کی روداد جدائی کے شب وروز ۔ گل وگلزار۔ اور رخسار کی باتیں آنکھوں کا کیف وسرور۔ زیست کے مشکل مرحلے۔ پیمانہ ضبط کا چھلک جانا۔ محبت کے گھروندوں کی تعمیر کا شوق لیکن تخریب کے اندیشوں کا بیان ۔ ان تمام باتوں کو ماضی کے اندھیروں میں ڈھکیل کر مستقبل کی تعمیر کی کوشش یوں کرتے ہیں کہ ؎


رازِ دل کو کبھی لفظوں میں نہ لانا ہرگز
اور رودادِ محبت کو تو دفتر نہ بنا


لیکن سلطان صاحب نے خامۂ فکر میں ایک دفتر اپنے قارئین کے سامنے کھول کر رکھ دیا ہے ان کی غزلیات میں ان کا دل دھڑکتا ہے کیونکہ بصد خلوص ووارفتگی ، صدق دل سے دل کا حال اس کتاب میں قلمبند کردیتے گئے ہیں کہ


ہمارا نام محبت ہمارا نام جنوں ۔ !
صنم کدے سے جو اٹھے تو سوئے دار چلے


لیکن یہاں بھی سلطان صاحب سوئے دار نہیں گئے بلکہ عشق حقیقی میں پناہ ڈھونڈھنے کی کوشش کی جب ایک بندہ عشق حقیقی میں ڈوب جاتا ہے تو اس کوہر سو خدا کا نور اور رسولؐ کا جلوہ نظر اتا ہے سلطان صاحب کا ہر لفظ وحدانیت میں ڈوبا ہوا لگتا ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں ڈوب کر نعتؐ لکھنا صرف فن ہی نہیں بلکہ ایک سعادت بھی ہے ۔ انؐ کی ذات مبارک کے بارے میں چند الفاظ بھی کہا یا لکھنا قابل احترام عبادت ہے ۔ جب شعراء حضورؐ کے جمال جہاں آراء کا بیان کرتے ہیں تو ان پر تو فرشتے سایہ فگن ہوتے ہی ہونگے لیکن ہم جیسے گناہ گار بندوں کے کانوں میں بھی عشق رسول میں ڈوبے شیریں الفاظ کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔ سلطان صاحب کی نعتیہ شاعری میں بھی پیغمبر دوجہاںؐ کی بے شمار خوبیوں۔ عظمت۔ بڑھائی وبرتری کے شواہد کا خزینہ ملتا ہے۔ نعتیہ کلام لکھنا خود ایک بندگی ہے کیونکہ نعتؐ کے لغوی معنی تعریف کرنا ہے۔ اور تعریف جب حضور ؐدو عالم کی ہو تو ان کے اعمال ان کے ذکر ان کے معجزوں وکمالات کی ہو حلیہ مبارک کی ہو تو اس مدح سرائی پر کون نازاں نہ ہوگا ۔ حضورؐ کی عظمت سے آشنائی حاصل کرنا کون نہ چاہے گا اور اس سعادت سے محروم رہنا چاہے گا۔اللہ اور اس کے رسول کی حمد وثناء کرنا دعاء مانگنا عبادت میں شامل ہے ، کیونکہ اس پاک پروردگار نے دینے کا وعدہ جو کیا ہے وہ ہمارے قریب ہمارا نزدیک ہے۔
انا سالک عبادی عنی فانی قریب
سلطان صاحب کے گلدستہ عقیدت میں رچی بسی شاعری میں کہیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا حلیہ مبارک منور نظر آتا ہے تو کہیں اوصاف طیبہ کا مسرور کرنے والا ذکر ہے ، کہیں مدینہ کی گلیوں کی مشک آمیز مٹی کی خوشبو ہے۔ کہیں روضۂ اقدس وگنبد ِخضرا کے سبز گند کا روح پرور نظارا عقیدت مندوں کے دلوں پر لرزہ طاری کردیتا ہے اور جی چاہتا ہے کہ پھر ایک بار اس پاک سرزمین کی قدمبوسی کی سعادت حاصل ہوجائے۔ یہی عشق حقیقی کی تڑپ قلب مضطر کی پکار سلطان صاحب کو سرشار کردیتی ہے اور انکا قلم نکلتا ہے۔ ذکر مصطفیٰ ، تعریف مصطفی ، پاکیزہ دل ودماغ کی دین ہے حضور کی شان میں کلمات رقم کرنا بھی عبادت ہے رسول کی تعظیم وتکریم بھی ہر مومن کا فرض ہے۔
یا ایھا الذین آمنوا صلو علیہ وسلمو تسلیما
کتنے خوش نصیب تھے صحابی حضرت حسان بن ثابت اور صحابی حضرت کعب بن زبیر رضی اللہ عنہما کہ جب وہ حضورؐ کی شان میں ان کی بارگاہ میں نعتؐ گوئی کے لئے حاضر ہوتے تھے تو خود سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم ان دونوں صحابیوں کے لئے اپنے سامنے منبر پر مسند بچھوایا کرتے تھے اور یہ دونوں صحابی اپنی قسمت پر جس قدر بھی نازاں ہوتے کم تھا۔ تاریخ گواہ ہے کہ حضرت حسان نے حضور کی مدح سرائی ان کے کلام کو رفعت وبلندی حاصل ہونے کا ذریعہ بتایا اور آج حضرت حسان اور حضرت کعب کے پیروکاروں کو بھی اپنے آپ پر ناز ہوتا ہوگا کہ اللہ نے اس سعادت کے لئے انہیں چنا ہے سلطان صاحب ایک سچے محب رسول ہونیکا ثبوت دیتے ہیں ، پاکیزہ جذبات کی عکاسی ان کی نعتیں ہرمومن کو ان کا ہمنوا بنادیتی ہیں۔ سلطان صاحب نے اپنے دلی جذبات کو صفحہ قرطاس پر اتارنے کی نہایت پر خلوص کوشش کی ہے۔ یہ دعا ہے کہ عشق سخن جاری رہے اور دن بدہ دن ذوق نکھرتا رہے خوب سے خوب تر ، کلام کو پیش کرنیکی سعادت نصیب ہو جیسے جیسے عمر اور بڑھتی جائے گی عشق ِرسول کی وارفتگی وسرشاری بھی بڑھتی جائے گی۔ اور کلام بلندی کی منزلیں طے کرتا جائے گا۔ اللہ ہماری دعا کو قبولیت بخشے اور سلطان صاحب کو صحت کے ساتھ عمر دراز عطا کرے کہ ان کا کلام امت محمدیہؐ کے دلوں کو منور کرتا رہے ۔ (آمین۔ ثم آمین)
جیسے کہ


محمدؐ مصطفی کی اسوئہ حسنہ کو اپنا کر
سر محشر رہے گی خلد میں امت محمدؐ کی


یا پھر


جب سے کہ نگاہوں میں مدینہ کی زمیں ہے
سرکار کے قدموں کی ضیاء دیکھ رہا ہوں
دیدار کی راہوں میں نگاہوں کو بچھا کر
ہر سمت اُجالوں کی ردا دیکھ رہا ہوں
٭٭

شاعر سوز وگداز صوفی سلطان ؔشطاری

انجم شافعی۔ ریسرچ اسکالر
کسی شاعر حق پسند نے کیا خوب کہا ہے !
نعت کا لکھنا سننا ، سنانا سب کے بس کی بات نہیں
مالا کلام ! یہ ایک حقیقت ہے لیکن یہ بھی اظہر من السحر ہے کہ سرکار کائنات ﷺ کی شان اقدس میں نعت کا قلمبند کرنا امتی کی خوش بختی ہے۔ بلکہ یوں کہوں تو بے جا نہ ہوگا کہ اہلِ ایمان کا فریضۂ اول عبادت الہی ہے۔ تو سنتِ حق کا نعتؐ کا لکھنا۔ سننا اور سنانا عین سعادت مندی اور باعث ِحصول ِثواب ہے۔ سونے پہ سہاگہ یہ بھی ہے کہ ربِ کائنات نے اپنے بے شمار ملائکہ کے ہمراہ بذاتِ خود اپنے محبوب سرکارؐ کائنات کی شانِمبارک میں ثنا فرمائی ہے۔ نہ صرف خود خدا نے مدحت سرائی کی بلکہ اپنے تمام بندوں کو حکم دیا کہ وہ بھی حضور اکرمﷺ کی شانِ اقدس میں درود وسلام کے تحائف بھیجیں۔ جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے بے شک اللہ اور فرشتے سرکار کائنات پر صلوۃ وسلام بھیجتے ہیں۔  اے ایمان والو تم بھی نبی کریم پر درود وسلام بھیجو  ۔ اسی حکم ربِّ ذوالجلال کی تعمیل میں بندوں (ایمان والوں) پریہ بہ التزام ہوگیا کہ وہ ہمیشہ شفیع المذنبینﷺ پر درود شریف بھیجا کریں۔ تا کہ قلوب مطمئن ہوں۔
نعت کا لکھنا سنا ، سنانا ، مزید اطمینان قلب کا باعث ہوتا ہے۔ گویا درود وسلام کے باوجود نعوتؐ کہہ کر بندئہ خدا ، امتی رسول آپ ﷺ سے اپنی والہانہ محبت وعقیدت کا اظہار کرتا ہے۔ یہ سلسلہ خود رحمت اللعالمین محمد مصطفی ﷺ کے عہد نبوت سے تا ایں دم اپنی پوری آب وتاب سے درخشاں ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ ابد تک رہے گا۔ غلامانِ سرکار کائنات نے آپﷺ کے حضور میں نعوتؐ شریف کے اتنے خوبصورت اور معمورِ عقیدت نذرانے پیش کئے ہیں جن کا جواب نہیں۔ یہ آج بھی زبان زد خاص وعام ہیں۔ جنھیں ہزار مرتبہ بھی سنے اور سننے کے باوجود سیر نہیں ہوتی بلکہ دل عقیدت سے جھوم اٹھتا ہے۔ جن کو اللہ تعالیٰ نے بارگاہِ رسالت مآبؐ میں نعتؐ کہنے اورسننے کی اہلیت بخشی وہ یقینا بہتر اجر کے مستحق ہیں۔ انھیں شیدائیوں میں شہر حیدرآباد کے ممتاز کہنہ مشق شاعر ہیں جناب صوفی سلطان شطاری۔ جو عرصہ دراز سے نعتؐ گوئی میں مستغرق ہیں اور نبیؐ کریم سے الفت وعقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
آپ کے مجموعہ نعتؐ سراجاً منیرا کے مطالعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کو آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وسلم سے حد درجہ محبت وانسیت ہے۔ آپ نے جو کچھ بھی کہا ہے نہایت ہی خلوص وصدقِ دل سے کہا ہے۔ اور اس بات کا بہت خیال رکھا ہے کہ شان ِمبارک کی مدحت سرائی میں تشطط یا تنزل نہ ہونے پائے۔ ایک قابل اور باصلاحیت شاعر کی شاید یہی پہچان ہے۔ کیونکہ یہ عام مشاہدہ ومناظرہ ہے کہ اکثر اوقات نعتؐ گو شعراء اپنے کلام میں غلو کی سرحدوں کو چھولیتے ہیں بلکہ یہ سرحدیں پار بھی کرجاتے ہیں۔ جو بڑی حد تک ناگوار خاطر معلوم ہوتا ہے۔ راقم السطور اگر اپنی اس ناقص رائے کا اظہار کرے تو سمجھتا ہوں کہ غیر مناسب نہ ہوگا کہ  کلمہ شہادت اس بات کی توضیح اور صراحت کرتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، سرکار کائنات اللہ کے بندے اور رسول ہیں۔ گویا مقامات اللہ اور رسولؐ میں بہرحال خالق اور مخلوق ہونے کا اظہار واعلان ہے۔ کہنے کا مطلب یہ کہ سرکارؐ کسی صورت خدا نہیں ہوسکتے۔ اس میں شک نہیں کہ آپ ﷺ نورِ خدا ہیں لیکن ساتھ ساتھ خیر البشر بھی۔ اس کی تصدیق میں آپ نے اللہ جل جلالہ کی اتنی عبادت فرمائی کہ ازل تا ابد کوئی ذی نفس کر ہی نہیں سکتا۔ جناب سلطانؔ صاحب نے اسی بات پر اپنے کلام کا انحصار رکھا۔ ایسا ہونا بھی چائے کہ کیونکہ سطانؔ صاحب خود مشائخ ہیں۔ ان کے آبا واجداد مشائخین ہیں وہ بخوبی سب کچھ جانتے ہیں۔ تصوف وسلوک کی منازل طے کرر ہے ہیں۔ سیرت طیبہؐ سے بحوبی واقف ہیں اسلئے آپ نے صرف اور صرف حضور اکرم ﷺ کی مدحت فرمائی ہے۔ غلو سے گریز کرتے ہوئے۔ آپ کے ہر شعر سے حضورؐ اقدس سے بے پناہ محبت اور عقیدت کا اظہار ہوتا ہے۔
متعدد اشعار ایسے ہیں جنھیں پڑھ کر بے ساختہ  سبحان اللہ، بہت خوب  نکل جاتا ہے۔ کلام میں نکتہ شناسی، نکتہ بیانی، اور عقیدہ روانی کا حسین امتزاج ہے۔ کلام میں سلاست وفصاحت نظر آتی ہے ۔ صدقِ دل سے نکلی ہوئی بات یوں ظاہر ہوتی ہے۔


آئے رسولؐ کھل گئے دروازے نور کے 

خود ہی سمٹ گئے ہیں اندھیرے مہیب سے
٭
کیا راز تھا وہ آئے شبِ معراج تو بتا
دیکھا ہے صرف تو نے یہ منظر قریب سے
٭
سایہ کرم کا مجھ پہ بفضل خدا ہے یہ
دل میرا دل نہیں محمدؐ کدہ ہے یہ
٭


علاوہ ازیں بے شمار اشعار ایسے ہیںجن سے ان کے دلی جذبات کی عکاسی ہوتی ہے۔

دیکھئے یہ چند اشعار


تمہاری گفتگو میں امرِ حق کی جھلکیاں دیکھیں
ہوا محسوس خلاقِ دو عالم کی زباں تم ہو
٭
انصاف کا سورج تو بہت گرم ہے لیکن
محشر میں شفاعت کا شجر بھی تو گھنا ہے
٭
سلطانؔ نورِ پاک کی آساں نہیں ہے دید
سرکار مثلکم کا ہے پردا لئے ہوئے
٭
آساں نہیں ہے مسجد نبوی سے لوٹنا
طاری ہے میرے دل پہ جو رقّت نہ پوچھئے
٭


راقم الحروف نے سراجا منیرا کے مطالعہ سے کلام میں خاص پہلو یہ محسوس کیا کہ شاعر نے آپﷺ سے خود کو سرکار کائنات کی نسبت سے وابستہ ہونے کا اظہار کیا۔ یہی غلامی کا اصل بھرم ہے۔ یہ چند اشعار ملاحظہ فرمائیں۔

 

نسبت کا فیض ہے جو میں روشن وجود ہوں
سرکار آپؐ ہی کی تو ادنیٰ عطا ہے یہ
٭
نسبت سے آپؐ کی یہ شرف پارہا ہوں میں

آقاؐ غلام آپؐ کا کہلا رہا ہوں میں
٭
میں ہوں عاصی حیثیت کیا میری میرا علم کیا
نسبتِ سرکار سے میں صاحبِ ایمان ہوں
٭
آپ کی نسبت سے آقاؐ ہے شرف حاصل مجھے
آج جو ذی مرتبہ ذی قدر ذی شان ہوں
٭

پھر کیوں نہ جگمگائے تقدیر کا ستارا
نسبت کے راستے میں جبکہ ہوں میں تمہار
٭
اک نسبتِ آقاؐ کے تصدّق میں سر حشر
بخشش کے سبھی راستے ہموار ہوئے ہیں
٭
جس وقت گناہوں کا کچھ خوف نظر آیا
کام اپنے حقیقت میں نسبت کا ثمر آیا
٭
دونوں جہاں پہ آپؐ کی کملی کا سایہ ہے
سب مطمئن ہیں نسبت داماں لئے ہوئے
٭
زہے قسمت کہ سلطاں کو تمہارے در سے نسبت ہے
بس اس کے حامی وناصر شہ کون ومکاں تم ہو
٭
عاصیوں کی لاج رکھ لے گا خدا
آپ سے جب نسبتِ دامن رہے


علاوہ ازیں بے شمار اشعار ایسے بھی ہیں جن سے ان کی محمد مصطفیؐ سے گہری عقیدت اور محبت کا اظہار ہوتا ہے۔
الغرض سراجا منیرا ایک ایسا مجموعۂ نعوتؐ ہے جس کے مطالعہ سے روح تازہ اور ایمان وعقیدت میں تقویت ہوتی ہے۔ میری خواہش یہی ہے کہ سلطانؔ صاحب تا دم زیست نعوتؐ کہتے رہیں جیسا کہ خود انھوں نے کہا ہے ؎


جب تک بھی زندگی کا مری سلسلہ رہے 

ذکرِ رسولؐ پاک کا بس مشغلہ رہے
٭


جناب صوفی سلطان شطاری صاحب کو شاعری یقینا ورثہ کشوریؔ سے ملی۔ آپ کو بچپن سے شاعری سے بڑی دلچسپی رہی۔ کم عمری سے شعر کہتے ہیں۔ حالانکہ آپ کے والد صاحب نے اس شغل سے منع فرمایا تھا لیکن انسان میں شاعری کے جراثیم جب حلول کرجاتے ہیں تو اس کو شاعر بنا کر ہی چھوڑتے ہیں۔ یہی حال انکا ہے۔ ان کے جنونِ ذوق نے وہ کرشمہ دکھایا کہ آپ نے شاعری کی متعدد اصناف میں طبع آزمائی کی۔ خصوصاً حمد، نعت ، منقبت اور غزل ونظم آپ کی توجہ کا مرکز رہے۔
جس کے نتیجے میں متاع نجات، خامہ فکر، سراجا منیرا اور رنگ غزل جیسے نعتیہ اور شعری مجموعے منظر عام پرآئے۔ آپ پچھلے پچاس سالوں سے لگاتار اپنے کلام کے ذریعہ اردو کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کے مطمح نظر ہی اردو کی خدمت ہے ۔ چنانچہ خود فرماتے ہیں۔


پیشِ نگاہِ خدمتِ اردو زباں رہی
میرا کلام باعث انعام نہیں ہے
٭


آپ کے کلام میں نہ صرف سلاست، فصاحت ہے بلکہ آپ نے حتی الامکان شاعری کے دیگر تقاضوں کو پورا کیا ہے۔ کلام میں یقینا چاشنی، شستگی، شگفتگی ، شائستگی، اور نغمگی نمایاں ہے۔ یہی وجہ ہے اس شہر حیدرآباد ودیگر اضلاع کے مشہور ومعروف ماہر فن استاد گلوکاروں نے ان کے اشعار کو اپنی سریلی اور سحر خیز آواز دی۔ اس کا سلسلہ ہنوز آج بھی جاری ہے۔
جناب کے کلام میں پند ونصائح کا رجحان غالب ہے۔ روایت پسند ہیں۔ جدیدیت سے کوسوں دور ہیں۔ اسلوب انوکھا ہے تو انداز نرالا ہے لیکن دل کو چھولینے والا ہے۔ مزاج صوفیانہ ہے لیکن تغزل کے شیدائی ہیں۔
تمام غزلیں مرصع ومنزہ ہیں۔ جن کے پس پردہ ان کے اپنے تاثرات عیاں ہیں۔ چشم ، ورخسار ، گیسو ، ادا، لب ورخ ، تبسم ، ہجر ووصال ان تمام موضوعات پر متعدد دل نشیں اشعار کا ذخیرہ ہے۔ شاید ہی کوئی موضوع چھوٹا ہو ۔ ان کی شعری فکر کی رسائی بام عروج پر ہے۔ جو کچھ کہتے ہیں دل کھول کر کہتے ہیں۔ جب وہ غزل سناتے ہیں تو سامعین جھوم جھوم جاتے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ خود انھوں نے اپنی غزل ترنم میں نہیں سنائی۔ لیکن ترنم کے رسیا ہیں۔
میکشی کے پس پردہ تصوف کی جھلکیاں صاف نظر آتی ہیں۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تغزل پسند ہونے کے باوجودصوفیانہ فطرت کے حامل ہیں۔ اور کثرت میں وحدت کے قائل ہیں۔ یہ چند اشعار ملاحظہ فرمائیں۔ بلکہ سالم غزل ہی تصوفانہ خیالات کی عکاس ہے۔
دیکھئے :


ایک جرعہ تجھ کو کردے گا مستانہ پئے جا
ہو کر کسی کے عشق میں دیوانہ پئے جا
زاہد شرابِ عشق کی لذت کا واسطہ
ہو کر شریکِ محفلِ رندانہ پئے جا

منصور نے پیا ہے جسے وہ شرابِ حق
تجھ میں اگر ہے ہمتِ مردانہ پئے جا

سلطانؔ ترے حال پہ ساقی کا ہے کرم 

پیمانہ چیز کیا ہے تو میخانہ پئے جا
٭


ان کی ایک اور غزل کے چند شعر سنئے جو انھیں بھی بے حد پسند ہے۔ یہ غزل وہ کچھ ایسے انداز سے سناتے ہیں جیسے ان کا محبوب سامنے مجسم حیات بنا بیٹھا ہو۔


کیسی ہے کیا ہے ان کی نظر ہم سے پوچھئے
کیوں شق ہوئے ہیں قلب وجگر ہم سے پوچھئے

ان کے بغیر کیسے گذرتی ہے زندگی
یہ بات پوچھنا ہے اگر ہم سے پوچھئے

دیکھا ہے ہم نے عارض وگیسو کو ایک جا
ملتے ہیں کیسے شام وسحر ہم پوچھئے

بے تاب سجدے ہیں جو جبین حیات میں
کیا چیز ہے یہ نسبتِ در ہم سے پوچھئے

سلطانؔ لے رہے ہیں مرے دل کا جائزہ
کہتی ہے یہ کسی کی نظر ہم سے پوچھئے
باتوں باتوں میں کتنی آسانی سے کتنی اہم بات کہہ ڈالی ۔
ذرا ہم سے کوئی پوچھے متاعِ فکر وفن کیا ہے
ہم اپنے شعر کے ہر لفظ کو اک دل سمجھتے ہیں
٭
اس دورِ پرُ آشوب میں آپ کے جینے کا انداز وتیور دیکھئے۔
ہزاروں مرحلے ہیں اور میری زندگانی ہے
کہ شمع جل رہی ہے اور ہواؤں کی روانی ہے

مریض ِغم پہ طاری نزع کا عالم ہے اسے سلطاںؔ
کسی کا دیکھنے آنا ہی وجہ زندگانی ہے
٭


اس طرح آپ نے اپنی دیرینہ اور بے لوث خدمت اردو سے ثابت کردیا کہ اردو کی خدمت لگاتار مسلسل بغیر کسی طمع وخواہش داد وتحسین کے کرنی چاہئے ۔ جیسا کہ یہ خود کر رہے ہیں۔ سلطان شطاری صاحب پر لکھا جائے تو کئی سو صفحات بھی ناکافی ہوں گے۔ اب طوالت کے احتمال سے راقم السطور اپنے قلم کو یہاں روکتا ہے ۔ 

لیکن خلش ہے کہ تشنگی رہ گئی۔ آخر میں ، میں جناب سلطان شطاری قادری صاحب کو ان کے پچاس سالہ جشن ِشاعری کی مبارکبارد دیتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ ان کی شاعری مثل ِماہ وانجمؔ درخشاں رہے۔

صوفی سلطان ؔکی صوفیانہ شاعری

شاعری وہ صنف ِسخن ہے جو دل کو سرور، روح کو تازگی ، اور دل کو تسکین دیتی ہے۔ شعر زندگی کا ترجمان ہوتا ہے اور واردات قلبی کا مظہر ۔ ایک اچھی غزل کے جو تقاضے ہیں جیسے شگفتگی ، شیرینی ، دلداری ، سوز گداز بے خودی وارفتگی شوق نا مرادی، سرمایہ ہجر، لطافت وصل ، اسودگی آرزو ، کسک اور تڑپ یہ سبھی کچھ صوفی سلطان شطاری کے کلام میں موجود ہے۔
شاعری بقول کسی کے شجر مجموعہ ہے مگر وہ شاعری جو ضابطہ اخلاق کے تابع ہو ، حکیمانہ اندازِ فکر رکھتی ہو بہ قلب ِصمیم ممدح رولؐ کرتی ہو وہ یقینا اس زمرے سے خارج ہے۔ صوفی سلطان کی شاعری اس موڑ پر آکر ایک امتیازی وصف کی حامل ہوجاتی ہے ۔ نعتؐ گوئی ایک مشکل صنف ِسخن ہے فارسی کے ایک جید شاعر نے کہا۔


ہزار بار بشویم دہن زے مشک وگلاب
ہنوز نام تو گفتن کمال بے ابی است
٭


متاع نجات اور سراجا منیرا میں صوفی صاحب نے اپنا کشکولِ دل رحمت مصطفیٰ کے لئے پھیلادیا اور عقیدت واحترام میں ڈوب کر جگہ جگہ اظہار مدعا کیا۔


سرور عالم کی الفت سے اگر خالی ہو دل
لاکھ سجدے کیجئے لیکن اثر کچھ بھی نہیں
٭
آپؐ کی شان کتنی اعلیٰ ہے
سارے نبیوں کے مدعا ہیں آپؐ
٭


حضرت خواجہ شوقؔ نے متاع ِنجات میں تحریر کیا ہے  نعتؐ گوئی کوئی آسان کام نہیں  با خدا دیوانہ باشد ، با محمدؐ ہوشیار والی منزل ہے جس کا سلسلہ صدیوں سے جاری ہے۔
حمدیہ ، نعتیہ اور منقبتی کلام سے صوفی صاحب کے ایمان وایقان کی پختگی کا اندازہ ہوتا ہے۔ شاعر جہاں حسن پرست ہے وہیں حق پرست بھی ہے۔ کچھ اشعار ملاحظہ ہوں۔


کیف پرور چشم ساقی میںہیں کیا سرمستیاں
سامنے جیسے کسی نے جام وساغر رکھ دیا
٭

دیکھا ہے ہم نے عارض وگیسو کو ایک جا
ملتے ہیں کیسے شام وسحر ہم سے پوچھئے
٭
کہیں حرم میں کہیں دیر میں بھٹکتے ہیں
پھرا کرے گی کہاں لے کے جستجو تیری
٭
جلوؤں کا اس کے کوئی تعین نہ ہوسکا
اک پل میں وہ قریب تھا اک پل میں دور تھا
٭
ہو چشمِ بصیرت تو کھلے رازِ حقیقت
ظاہر میں تو انسان ہیں مگر جانئے کیا ہیں
٭


والد صاحب کی نصیحت پر عمل پیرا ہو کر صوفی سلطان شطاری نے شاعری کو متاعِ نجات کے لئے وقف کردیا اسکا اقرار یوں کیا۔


جو بات ہے خدا کی نبیؐ کی وہ بات ہے
روشن نبیؐ کے نور سے کل کائنات ہے
سلطاںؔ ادب کی حد سے نہ باہر نکل کبھی
نعتؐ رسولِ پاک متاعِ نجات ہے


صوفی صاحب کا سفر سخن متاع نجات سے خامۂ فکر تک دو سال میںطئے ہوا مگر سراجاً منیرا تک رسائی کو ۲۰ سال کا طویل عرصہ گذر گیا۔
اس دوران شاعری میں نکھار آگیا۔ عروس شعر کو مکمل سنگھار مل گیا۔
نعتوںؐ کے اس گلدستے میں ہر پھول کی اپنی انفرادیت اس کی خوشبو اور رنگ کے اعتبار سے الگ الگ ہے۔ مگر جہاں تک مرکزی خیال کی بات ہے وہاں حضورؐ ختمی مرتبت کے نقش پائے اقدس پر جو پھول نذر کئے گئے ان میں گہرائی ، گیرائی ، عاجزی ومسکینی ، ندرتِ خیال ، معنویت اخلاص ومدعا کا ہونا تو ضروری ہی ہے ۔ دیکھئے انہوں نے کیسے اس میدان میں دستِ طلب اشعار کے سہارے دراز کئے۔


ذکرِ رب ذکر ہے محمدؐ کا
غیر ممکن ہے حق ادا کرنا
٭
ہر وقت تصور ہے سرکارؐ کے روضے کا
جاری رہے بس یوں ہی سانسوں کا سفر آقا
٭
ہیں مدینے میں میرے سرکارؐ اس میں شک نہیں 

رحمت ان کی ساری دنیا کے گلی کوچوں میں ہے
٭
آپؐ کی شان کتنی اعلیٰ ہے
سارے نبیوں کا مدعا ہیں آپؐ
٭
انا من نور ہے ذاتِ محمدؐ
میرے سرکار کا یہ مرتبہ ہے
٭


چونکہ صوفی سلطان شطاری مشائخ گھرانے سے وابستہ ہیں اور سجادہ نشینی بھی ان کے حصے میں آئی ہے تو لازمی ہے کہ وہ جب قلم تھامیں گے تو جذبات عقیدت ہی رقم کریں گے۔ بلامبالغہ یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ ان کی آقائے نامدار ؐسے والہانہ وابستگی ، عاجزی وانکساری ، احتیاط ِادب دعا وطلب کی جھلک ہی ملیگی۔ حالانکہ خامہ فکر بھی سامنے موجود ہے۔ جو غزلیات کا مجموعہ ہے مگر ان میں بھی تصوفانہ انداز کھل کر سامنے آجاتا ہے۔


ہر شئے میں میں نے دیکھا ہر وقت تیرا جلوہ
قلب ونظر میں جب سے جلوؤں کی آگہی ہے
٭
موسیٰ کو دید کے لئے کیوں صرف طور تھا
ہر ایک شئے میں جب تیرا یارب ظہور ہے
٭


صوفی صاحب اپنی فکر کی دنیا میں ایک مخصوص انداز کے حامل ہیں۔ غزلوں میں رنگ ِتغزل تو نعتوں میں آداب ِسلطانی ۔ ان کے اشعار میں رنگ وآہنگ کا فنکارانہ حسن جھلکتا ہے۔ کہیں سادگی وپر کاری تو کہیں علامتیں اور اشارے کہیں بے ساختہ پن تو کہیں حدِ ادب۔ بڑی شائستگی کے ساتھ وہ اپنے فنی شعور کو لے کر چلتے ہیں۔ ان کے پاس اظہارِ غم بھی ہے اور مداوئے غم بھی۔ ہجر کی سلگتی راتیں ہیں تو وصل کی نشاط انگیزیاں بھی۔
جیسا کہ ان کے حالات زندگی سے پتہ چلتا ہے ان کے مریدین ومعتقدین کا ایک وسیع حلقہ ہے، رشد وہدایت کا کام جاری ہے۔ دینی ودنیوی کاموں میں مصروف رہتے ہیں۔ سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں باوجود اس مصروفیت کے یادِ خدا اور ذکر ِنبیؐ سے غافل نہیں۔ خود ان کے مرید ِخاص پاگلؔ عادل آبادی نے متاعِ نجات میں لکھا ہے  انتہائی مصروفیت کے باوجود بھی خدا اور اس کے حبیبؐ کی حمد وثنا کو نظم کرنے کے لئے اپنا وقت نکالا کرتے ہیں۔ آپ نے اسرار ورموز کو غزلیات میں سمو کر معرفت کا رنگ بخشا ہے۔
گویا صوفی سلطان شطاری کی شاعری شرابِ دوآتشہ ہے۔ ان کو اس شعر کے ساتھ میں اپنا مضمون مکمل کرتی ہوں۔


سلطانؔ ہوں غلام ہوں سرکارؐ آپ کا
دونوں جہاں میں سرخرو کہلا رہا ہوں میں


میرا مضمون ادھورا رہ جائے گا اگر میں اس بات کا تذکرہ نہ کروں کہ صوفی سلطان صاحب کی شعری خدمات کے ضمن میں ایک تہنیتی تقریب منعقد کی جاری ہے جس میں ان کی ادبی خدمات کا جائزہ لیا جائے گا اور خصوصیت یہ رہے گی کہ ایک ساونیر مرتب کیا جارا ہے جس میں صوفی سلطان صاحب کی شاعرانہ عظمت کے بارے میں مختلف شعبہ ادب سے تعلق رکھنے والے حضرات خامہ فرسائی کریں گے۔ صوفی سلطان صاحب کا کلام سر میں ڈھل کر داد وتحسین پائیگا۔ اس شاندار تقریب کے میرا مضمون ادھورا رہ جائے گا اگر میں اس بات کا تذکرہ نہ کروں کہ صوفی سلطان صاحب کی شعری خدمات کے ضمن میں ایک تہنیتی تقریب منعقد کی جاری ہے جس میں ان کی ادبی خدمات کا جائزہ لیا جائے گا اور خصوصیت یہ رہے گی کہ ایک ساونیر مرتب کیا جارا ہے جس میں صوفی سلطان صاحب کی شاعرانہ عظمت کے بارے میں مختلف شعبہ ادب سے تعلق رکھنے والے حضرات خامہ فرسائی کریں گے۔ صوفی سلطان صاحب کا کلام سر میں ڈھل کر داد وتحسین پائیگا۔ اس شاندار تقریب کے انعقاد پر میں دل کی گہرائیوں سے ان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔ پچاس سالہ شعری خدمات کا یہ اعتراف اس قدر مقبول ہو کہ ادب میں بادئہ گل گوں کے نشے کی طرح چھا جائے ۔ آمین ۔

خامۂ فکر  سے رنگ ِغزل تک

تسنیم جوہر ایم ۔اے۔ بی ایڈ

خاک ِطیبہ ٹرسٹ اور انڈین کونسلیٹ کی جانب سے مئی ۲۰۰۶ء میں بابِ حرمین شریفین جدہ میں عظیم الشان انڈوپاک مشاعرہ منعقد کیا گیا تھا۔ حیدرآباد سے مضطرؔ مجاز صاحب ، رؤف رحیم صاحب، اور تسنیمؔ جوہر کو اس مشاعرے میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیاتھا۔ عروس البلاد جدہ کے فائیو اسٹار ہوٹل لامیرڈئینی کے عالیشان بینکویٹ ہال میں ہند وپاک کے نامور شعراء جمع تھے۔ اپنے شہر سے باہر وہ بھی دوسرے ملک میں اتنے بڑے مشاعرے میں کلام سنانے کا شر ف حاصل ہونے سے جہاں میں مسرور تھی وہیں تھوڑی سی سہمی ہوئی بھی وہاں موجود میڈیا والوں کے سوالات کے جوابات دے رہی تھی۔ اچانک کسی جانب سے جانی پہچانی شکل نمودار ہوئی۔ چہرے پر سیاہ سفید داڑھی اور لمبے سے بال ، سفاری میں ملبوس حیدرآبادی وقار اور متانت کے سارے انداز اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے وہ صاحب میری جانب بڑھنے لگے۔  مجھے صوفی سلطان شطاری کہتے ہیں ۔ نام جانا پہچانا تھا۔ حیدرآباد کے مشاعروں میں کبھی کبھی سنا تھا۔ لیکن باقاعدہ تعارف نہیں ہوا تھا۔ عجیب اتفاق تھا۔ ایک شہر اور مسلک ِشاعری سے وابستہ ہونے کے باوجود بھی ہمارا تعارف ہوا بھی تو اپنے شہر سے باہر دوسرے ملک میں۔ مجھے تسلی ہوئی کہ چلو کوئی تو اپنے شہر سے نکلا۔ شطاری صاحب نے بھی اس مشاعرے میں اپنا کلام پیش کیا۔
سعودی عرب کی پاک سرزمین کے کسی بھی شہر میں منعقد ہونے والے مشاعرے کی اہمیت اپنی جگہ، لیکن اس مشاعرے کی عظمت کا کیا کہنا جو شہر مکہ معظمہ میں منعقد کیا گیا ہو۔ مشاعروں کی تاریخ کا پہلا اہم مشاعرہ مکہ معظمہ میں منعقد کیا گیا اس میں ہم حیدآبادی شعراء کو شرکت کا شرف حاصل ہوا تھا اور اس دن کو تمام شریک شعرائے کرام نے اپنی بیاض عمر میں سنہری الفاظ سے یادوں کی قرطاس پر ہمیشہ کے لئے لکھ لیاتھا۔
مکہ معظمہ کے ایک خوبصورت پارک کے وسیع وعریض میدان میں نہایت خوبصورت انداز سے آراستہ وپیراستہ اسٹیج پر جب خوش بخت انڈوپاک کے شعراء نے اپنی بیش بہا نعتیں اور چنندہ غزلیں پیش کیں تو سب کے گلے رندھے ہوئے اور آنکھیں پرنم تھیں۔ جذبات کاطوفان امڈ پڑا تھا۔ سب نے اسی مقدس سرزمین پر اشکوں کے گل ہائے عقیدت بچھادیئے اور وہ متبرک شام ہماری زندگیوں کی اہم ترین شام ہوگئی جن کی یاد ہمارے دل کو ہمیشہ فرحت وتازگی بخشتی رہے گی۔ اسی مقدس سرزمین پر سلطان شطاری صاحب کی نعتوں نے سماں باندھ دیاتھا اور میری زبان سے بھی بے ساختہ نکلا تھا۔


درِِ مصطفی سلامت میرا اور کیا ٹھکانہ
یہی سجدہ گاہ الفت مجھے سر نہیں ہٹانا
٭


حیدرآباد اردو کی پناہ گاہ ہے گہوارئہ علم وادب ہے۔ دکن نے اردو کوزندہ رکھا ہوا ہے۔ دکن کی سرزمین میں سخن نے ایسے نادر ونایاب خزانے اُگلے ہیں کہ رہتی دنیا تک دکن کا نام ونشاں اردو کے حوالے سے یاد رکھا جائیگا۔ دکن کے قطب شاہی تاجدار محمد قلی قطب شاہ کے ہاتھوں پہلے دیوان کی شکل میں ڈالی گئی بنیاد پر تعمیر کی جانے والی شعر وسخن کی عمارت آج فلک بوس ہوگئی ہے اور جس بلندیوں کی سمت آج بھی رواں دواں ہے اس میں شاذؔ ،جامیؔ اور مخدومؔ کے بعد اس سلسلے کی کڑی حضرت مضطرؔ مجاز اور جدید لہب ولہجے کے جواں سال شاعر سردار سلیم تک پہنچتی ہے۔ اسی زنجیر کی ایک کڑی بھی ممتاز غزل گو ونعت گو شاعر حضرت صوفی سلطان شطاری قادری بھی ہیں۔

سلطان شطاری صاحب سے کسی نہ کسی ادبی محفل میں ملاقات ہوجاتی اور انھیں سننے اور سمجھنے کا موقع ملا تو پتہ چلا کہ سلطان شطاری صاحب ایک سنجیدہ ، باوقار ، شریف النفس دیندار ، خوش اخلاق، ملنسار اور ہمدرد شاعر کا نام ہے۔ آپ کی باوقار اور برد بار شخصیت میں ان کی خاندانی عظمت کا عکس نمایاں نظر آتا ہے۔ سلسلہ قادریہ چشتیہ شطاریہ سے تعلق ان کے سلسلہ نسب کو حضرت غوث اعظم دستگیرؒ کے بڑے صاحبزادے حضرت سید شاہ عبدالرزاقؒ سے ملاتا ہے اور یہ سلسلہ آلِ رسول تک جا پہنچتا ہے۔ اس طرح حضرت سلطان شطاری کی خاندانی عظمت اپنی جگہ بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ اس خاندان کے اوصاف شطاری صاحب کی شخصیت کے ہر پہلو سے نمایاں نظر آتے ہیں۔ کسی انسان کو مغرور ہونے کے لئے کافی ہے کہ اس کا سلسلہ نسب آل ِرسول صلی اللہ علیہ وسلم سے جا ملتا ہو۔ لیکن آپ سے مل کر پورا یقین ہوجاتا ہے کہ بھاری شئے صدا خاک نشین ہی ہوتی ہے  عجز وانکساری اور سادگی کا پیکر صاحب موصوف پیشے سے کنٹراکٹر اور مزاجاً سیاستداں ہی سہی ان کی روح تو شاعر کی ہے۔ نرمل (عادل آباد) کے متوطن آپ کے والد بزرگوار حضرت صوفی عبدالمنان قادری کشورؔ نرملی عرف صوفی فیاض علی شاہ شطاری قادریؒ خود بھی فارسی اور اردو کے ممتاز شاعر تھے۔ اپنے تجربات کی بناء پر انھوں نے اپنے تیسرے فرزند کو شاعری کی راہ پر بچپن ہی میں گامزن ہوتے دیکھا تو بے چین ہو اٹھے اور اس پر خار رہ گذار پر قدم نہ رکھنے کی ہدایت فرمائی۔
کہاجاتا ہے کہ شاعر بنائے نہیں جاتے پیدا ہوتے ہیں اور یہاں تو ایک شاعر پیدا ہوچکا تھا جس کے دل ودماغ میں شعر وسخن کے سوتے پھوٹنے شروع ہوگئے تھے۔ پھر کیاتھا ایک شاعر نے انگڑائی لی ، اٹھ کھڑا ہوا اور ایسا چل پڑا کہ خود اپنے والد بزرگوار کے آگے زانوے ادب طے کر کے ہی دم لیا۔
رشید احمد صدیقی نے کہا تھا  ایک اچھا انسان ہی اچھی شاعری کرسکتا ہے  حضرت سلطان شطاری کی شخصیت میں شرافت ، خلوص ، شوخی ، زندہ دلی اور انسانی درد مندی کا عصر بدجہ اتم موجود ہے جو ان کو ایک اچھا شاعر بنانے میں معاون رہا۔ آپ کی پاکیزہ خیالی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ عشق کا اظہار ان کے نعتیہ کلام میں ایک ایک لفظ سے عیاں ہے ۔ نعتیہ شاعری میں ایک خاص جذب کی کیفیت ہے جو قاری کی روح کو سیدھے اس مقام تک پہنچادیتی ہے جہاں تک ہر ایک کی پہنچ ممکن نہیں ۔
بارگاہِ رسالت مآبؐ میں بار ہا حاضری کا شرف واعزاز حاصل کرنے والے صوفی منش شاعر سے کوئی پوچھے کہ اس کی روح کے احساسات اور تجربات کیا ہوں گے تو یقینا جواب نعتوں کے مجموعے متاع نجات اور سراجا منیرا کی شکل میں ہی ملے گا۔ پیشۂ طب وحکمت سے دلچسپی رکھنے والے شاعر نے اپنی غزلوں کا مجموعہ خامہ فکر کے نام سے دنیائے ادب کو دیا جسے مختلف اکیڈمیز کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ دوسرا مجموعہ کلام رنگِ غزل کے نام سے انشاء اللہ عنقریب منظر عام پر آنیوالا ہے۔ آپ نے نہ صرف خلیجی ممالک اور دیگرعر ب ممالک بلکہ پاکستان میں بھی اپنا کلام پیش کرچکے ہیں۔
اپنے شہر اور اضلاع میں وسیع حلقہ احباب ومعتقدین ومریدین رکھتے ہیں جس میں نامور وکلاء ، شعراء ، ادیب ، صحافی ، ڈاکٹرز ، فنکار اور لیڈر وغیرہ شامل ہیں۔ آندھراپردیش کی سیاسی پارٹی ٹی آر ایس ۔ سے وابستگی آپ کو سیاسی شخصیت بناڈالا۔ اپنی پارٹی کے کاز کے لئے دل وجان سے محنت کرتے ہیں اور اپنی آنکھوں میں علحدہ تلنگانہ کے خواب اور اپنی قوم کی خدمت کا سچا جذبہ لئے ہوئے وہ مصروف کار ہیں۔
فن موسیقی وشاعری سے والہانہ لگاؤ نے آپ کو فنکاروں سے بہت قریب کیا۔ حیدرآباد کے ممتاز ومعروف گلوکار جناب خان اطہر ، جناب رکن الدین ، جناب شکیل احمد ، حبیب علوی (مرحوم) اور امیر محمد خاں نے آپ کی غزلوں کو خوبصورت سنگیت اور اپنی آواز سے سجایا اور کئی کیسٹس پیش کئے۔ آج بھی ممتاز گلوکار جناب خان اطہر کی محفل جشن ِشاعر میں آپ کی غزلوں کو خوب سراہا جاتا ہے۔
میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ حیدرآباد کے معروف شاعر وصوفی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ اللہ کرے آپ کی پچاس سالہ ادبی خدمات کے اعتراف میں منعقد ہونے والے پروگرامز کامیابی سے ہمکنار ہوں ۔ دلی مبارکباد ۔ دعا گو ہوں کہ صوفی سلطان شطاری صاحب اپنی بصیرت افروز شاعری کا سفر پوری آب وتاب سے صحت وتندرستی کے ساتھ جاری رکھیں اور آپ کو عمر دراز ملے۔ آمین

صوفی شاہ محمد سلطان شطاری قادری

سعدیہ مشتاق
اتنا بڑا نام ۔ !!
اور اتنے بڑے بڑے لا جواب کام ۔۔ !!
یہ تو اس وقت پتہ چلا جب شطاری صاحب ، میری ہم ذوق ، میری عزیز دوست اور معروف شاعرہ تسنیم جوہرؔ کیساتھ میرے غریب خانے پر تشریف لائے۔ کچھ دنوں سے ایک نام گشت کر رہاتھا کہ سلطان صاحب کچھ ادبی جلسہ منعقد کرنیوالے ہیں بڑے پیمانے پر ، یا شطاری صاحب اسی سلسلے میں کچھ مضامین اکٹھا کر رہے ہیں۔ جس کے تعاون میں تسنیمؔ جوہر ، فریدہ زین اور نفیسہ خان لگی ہوئی ہیں۔ … لیکن جب گفتگو کا آغاز ہوا تو کبھی ان کو ، کبھی اپنے گھر کو دیکھتے رہ گئے … تب یہ عقدہ کھلا کہ یہ صرف سلطان شطاری نہیں بلکہ بڑے نام کے ساتھ ، پوری انجمن کی انجمن ہیں۔ ما شاء اللہ سلسلہ شطاریہ سے منسلک ہونے کی وجہ سے مشائخ گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اور سجادہ نشینی بھی آپ کے حصے میں آئی ہے۔ اب تو مقام حد وادب کا بھی لحاظ آنے لگا ۔ … لیکن سادگی وسادہ لوحی اور باوقار سنجیدگی کے ساتھ خوش کلامی …!! خاندانی عظمتیں دراصل اسی طرح اجاگر ہوتی ہیں۔ شخصیتیں خود کو اسی طرح منواتی ہیں، تبھی تو کہتے ہیں آدمی اپنی زبان کے پیچھے چھپا ہوتا ہے اور موصوف اعلیٰ زبان کے پیچھے نہیں ، اس پرحاوی بھی ہیں، بات نکلی تو بہت دور تلک گئی ، خاندانی اسرار ، دوستانہ تعلقات ، محلے کے واقعات ، کوئی نقطہ نہ چھوٹا ۔ میں جدید ملک پیٹ کی قدیم مکین … میں کیسے اس شخصیت سے واقف نہ ہوئی ! بس ۔ سونچتی رہ گئی۔ اور باتوں کے سلسلے تین گھنٹوں کا سفر طے کرگئے۔ شطاری صاحب غزل والے شاعر نہ لگے، البتہ نعتیہؐ شاعر جیسے لگے۔ لیکن دونوں میدان کے شاطر کھلاڑی ہیں۔ ذوقِ سلیم ، زبان پر قدرت ، ذہنی پختگی ہی اہل قلم کا فن ہے۔ گفتگو میں روانی ، جملوں کی ترتیب ،اور صداقت ِادیب وشاعر کا کمال ہوتے ہیں اور معاشرے کے آئینہ دار بھی ۔ شطاری صاحب کی شخصیت ان تمام پہلوؤں کی عکاسی کرتی ہے جو حقائق اور مقاصد کو بے نقاب کرتے ہیں۔ مقاصد کی بات چلی تو ہوش وحواہس اپنی صلاحیتیں اکٹھا کرنے لگے۔ آپ کے خیالات لفظوں میں ڈھلنے لگے تو رنگِ گلستاں ہی بدلنے لگا۔ ایسے خواب اب کہاں آتے ہیں۔ !۱ نیند ہی آجائے تو غنیمت ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ ادب ، اشعار ، اور صحافت ملک وقوم کی ذہنی تعمیر کا موثر وہ بہترین ذریعہ ہے ۔
جو سچے اور اچھے وصحیح جذبوں کو بیدار کر کے ماضی وحال کی عکاسی کرتے ہیں۔ ادب حیات کی تفسیر اور کائنات کی تصویر ہوتا ہے۔ اور اس مقام پر سلطان شطاری ایک سیدھے ، سچے ، ہمدرد انسان اور مکمل سیاستداں کی شکل میں آکھڑے ہوتے ہیں۔
شطاری صاحب کے کلام میں عشق مجازی کے بعد عشق حقیقی بھی ملتا ہے۔ اور عشق رسول سے تو سینہ معمور ہے۔ کچھ عمر کی منزلیں رہی ہوں گی۔ کچھ تقاضائے حیات … خوب مزے الفت کے اٹھائے۔ لیکن … اچھا ہوا کہ اذاں سے پہلے پیدائشی شاعر کو خدا یاد آگیا۔
رند کے رند رہے ہاتھ سے جنت نہ گئی
سلطان شطاری کی شعری واردو ادب کی خدمات کے ضمن میں ایک بہت ہی شاندار تہنیتی تقریب منعقد کی جارہی ہے جو کہ گولڈن جوبلی جشن کے نام سے دو روزہ جشن ہوگا۔ پہلے دن اردو گھر مغل پورہ میں ادبی اجلاس وغیر طرحی غزل کا مشاعرہ منعقد ہوگا ، اور دوسرے سیشن میں یعنی دوسرے روز ایک شاندار شام غزل کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جو کہ حیدرآباد کے عالیشان تھیٹر رویندرا بھارتی میں ہوگا۔ جس میں حیدرآباد کے ممتاز گلوکار خان اطہر ، وٹھل راؤ صاحب اور کئی آرٹسٹ صرف شطاری صاحب کی غزلوں کو پیش کرنے والے ہیں۔
اور ایک بہت ہی خاص بات یہ ہوگی کہ ایک ساونیر جاری کیا جائے گا۔ میں سلطان شطاری صاحب کو اس پر مسرت موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں اور ان کے دنیوی کاموں کے علاوہ ، دنیاوی فلاح وبہبود کا جو زرین خاکہ اور حسین خواب ، شطاری صاحب کا مقصد حیات ہے، اس کی خوش آئند تعبیر وتکمیل کیلئے ، میں اپنی آخری سانسوں تک دعا گو رہوں گی ۔ انشاء اللہ

جناب صوفی سلطانؔ شطاری کی صوفیانہ شاعری


انجم قمر سوز

کسی شعر میں شاعر کی بہ ظاہر نظر آنے والی شخصیت سے زیادہ اس کے قلب وروح پر چھائے ہوئے احساسات کا اثر زیادہ رہتا ہے۔ شاعر اپنے باطن کا ترجمان ہوتا ہے۔ جناب صوفی سلطان شطاری صاحب پر یہ بات پوری طرح صادق آتی ہے۔ ان کی شاعری ان کی بہ ظاہر نظر آنے والی شخصیت کا چہرہ نما نہیں بلکہ غم وانبساط کی متضاد کیفیت کی آئینہ دار ہے۔ ان کے کلام میں کہیں ذوق کی بلندی نظر آتی ہے تو کہیں محرومیوں کا کرب۔ کہیں ناکامی ومایوسی تو کہیں آسودگی اور مسرتوں کے خوبصورت رنگ بکھرے ملتے ہیں ۔ کہیں عزم وہمت کاسمندر ٹھاٹھیں مارتا نظر آتا ہے۔
جناب صوفی سلطان شطاری کاشمار حیدرآباد کے بلند پایہ اور کہنے مشق شعراء میں ہوتا ہے۔ ان کی نعتیہؐ شاعری شریعت ، طریقت ، اورحقیقت کی منزلوں سے گذر کر معرفت کے مقام تک پہنچتی ہے۔
جب تک کسی شاعر کا ذوق درجہ کمال کونہیں چھولیتا اس کے کلام میں جان نہیں آتی۔ شاعر کے بلند معیار ِفکر کے علاوہ باطنی شعور بھی ضروری ہے۔ چنانچہ شطاری صاحب کے کلام کو پڑھنے کے بعد یہ احساس ضرور ہوا کہ انہیں یقینا کوئی غیبی طاقت حاصل ہے جو ان کے کلام کو کمال عطا کرتی ہے جس کا اندازہ ان کے اشعار پڑھنے سے ہوجاتا ہے۔
میکشی کے بارے میں ان کا ذوق اتنا بلند ہے کہ وہ بے خودی کے لئے محتاج مئے وجام ومینا ہرگز نہیں بلکہ ساقی سے نظریں مل جانا ہی کافی ہوجاتا ہے۔
ساقی کی مست آنکھوں سے پیتا ہوں روز وشب
شغلِ شراب منتِ کشِ جام نہیں ہے
٭
بعض اشعار سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھیں حق تعالیٰ کی ذات پر اتنا یقین کامل ہے کہ مشکل سے مشکل حالت میں بھی وہ ہمت نہیں ہارتے ۔ لکھتے ہیں۔
مشکلیں دم میں ہوگئیں آساں
اس کو مشکل میں جب پکارے ہیں
کہیں شدت محبت کا اظہار اور خوف رسوائی بھی جھلکتی ہے۔
میری آنکھوں ہی میں رہتی ہے صورت تیری
مجھ کو بدنام نہ کردے کہیں الفت تیری
٭
اور
فرق دوئی کا مٹانے کے لئے سلطانؔ آج
آئینۂ دل میں ہم نے آئینہ گر رکھ دیا
بہرحال جناب سلطان شطاری صاحب کے کلام پر مکمل جائزہ ایک تفصیل طلب عمل ہے اوراس پر بہت کچھ لکھا جاسکتا ہے۔ ان کے شاعری کا اپنا معیار ہے۔ سہل ممتنع میں کہے گئے شعروں میں بھی اتنی گہرائی اور معنویت ہوتی ہے کہ اسکی تہہ تک پہنچنے کے لئے شریعت ، طریقت، حقیقت اور معرفت کے مراحل کاتھوڑا بہت علم ضروری ہے بس وی لوگ ان کے کلام کی گہرائی تک پہنچ سکتے ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ ہم نے آج تک کسی کے کلام پر تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہم اپنے آپ کو اس قابل سمجھتے ہیں کہ کسی کی تحریر پر تنقید یا تبصرہ کیا جائے۔ شطاری صاحب کے کلام کے مطالعے کے بعد ذہن ودل میں جو احساسات جاگے انھیں ہم نے صفحہ قرطاس پر بکھیردیا۔
بس ہم یہ سمجھتے ہیں کہ شطاری صاحب جیسے شعراء سے شاعری کا وقار ومعیار قائم ہے اور رہیگا۔ ورنہ آج کل شاعری کو تک بندی ہی کہنا زیادہ مناسب ہوگا۔
سلطان شطاری صاحب کے اشعار روح وقلب کو چھوجاتے ہیں اور قاری یا سامع ایک ایسی کیفیت سے دوچار ہوجاتا ہے کہ جس کے اظہار کے لئے الفاظ نہیں ملتے۔ کئی اشعار ایسے ہیں جن کی معنوی گہرائی اور وسعت اتنی زیادہ ہے کہ ان کی معنویت کی اصل روح تک پہنچنا عام آدمی کے لئے مشکل ہے لیکن وہ جو شراب معرفت ، کے نشہ میں سرشار ہیں ضرورجان جاتے ہیں کہ شاعر کا اصل منشاء کیا ہے۔ ان کے اشعار کے معنی سمجھنا ہر ایک کے بس کا روگ نہیں۔
جناب صوفی سلطان شطاری صاحب سے تقریبا ۷یا۸ سال سے ملاقات ہے۔ ہم پہلی ملاقات میں ہی ان کی شخصیت سے بہت متاثر ہوگئے تھے۔ انھیں دیکھ کر لگتا تھا کہ جن کو ہم دیکھ رہے ہیں وہ کوئی خاص ہستی کے مالک ہیں۔ پھر جب ان کے کلام کو سنا تو اور زیادہ اثر ہوا پھر جب ملاقاتیں بڑھیں تو پتہ چلا کہ شطاری صاحب کے مراسم میرے شوہر ڈاکٹر محمد قمر الدین سے رہے ہیں۔ پھر تو ہماری دلچسپی کچھ اور بڑھی اور پھر ہم نے ان کے کلام کا بڑی دلچسپی سے اور بہ غور مطالعہ کیا۔ ہمیں کسی کے کلام پر تبصرہ کرنا تو نہیں آیا لیکن شطاری صاحب کی طرز تحریر نے ہم سے بہت کچھ لکھوالیا ہے۔ جو کچھ بھی ہم نے لکھا ہے اس میں کوئی تصنع یامبالغہ آرائی نہیں ہے صرف دلی احساسات ہیں جو ہم نے قلمبند کئے ہیں۔
بہرحال جناب صوفی سلطان شطاری صاحب کی ادبی خدمات کے پچاس سال مکمل ہوئے ہیں۔ الحمد للہ وہ پچھلے پچاس سالوں سے اردو شاعری کی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ اس لئے ان کی خدمات کا پچاس سالہ جشن منایا جارہا ہے۔ ان کی گولڈن جوبلی تقاریب پرمیں دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں اور اس دعا کے ساتھ اپنا مضمون ختم کرتی ہوں کہ ۔
اللہ کرے زور قلم اور زیادہ
٭٭

نام کتاب : سراجا منیرا ۔ (نعتیہ مجموعہ)
مصنف : صوفی سلطانؔ شطاری
مبصر : رؤف خلش

کسی کی تعریف وتوصیف کیلئے متعدد الفاظ رائج ہیں۔ مثلا : ثناء۔ مدح۔ستائش وغیرہ لیکن باری تعالیٰ کیلئے حمد ۔ حضور ﷺ کے لئے نعت اور اولیاء کرام اور بزرگان دین کیلئے منقبت کی اصلاح مستعمل ہے۔ زیر نظر شعری مجموعہ جو ایک نعتیہ مجموعہ ہے صوفی سلطان شطاری کی تصنیف ہے۔ اور رسول اکرم ﷺ کی ایک صفاتی ترکیب سراجاًمنیرا پر اس مجموعے کا نام رکھاگیا ہے۔
صوفی سلطان شطاری کو جن کا تعلق ضلع عادل آباد سے ہے لیکن جو مستقلاً حیدرآباد میں مقیم ہے۔ شاعری ورثے میں ملی ہے۔ ان کے والد بزرگوار صوفی محمدعبدالمنان کشورؔ نرملی کاشمار اپنے دور کے اچھے شاعروں میں رہا ہے۔ مسلک طریقت ، شریعت اور معرفت کی اصطلاحوں میں گئے بغیریہ طے ہے کہ نعت گوئی ادب کی وہ صنفِ سخن ہے جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس اور اوصاف حمیدہ کااحاطہ کرتی ہے۔ کسی مشہور شاعر کا شعر ہے۔


لفظ جب تک وضو نہیں کرتے 

ہم تیری گفتگو نہیں کرتے


نعت گوئی کے لئے جس شاعر نے بھی یہ شرط رکھی ہے اس سے نہ صرف حضورﷺ کی ذات گرامی کے عظیم المرتبت ہونے کا اعتراف ملتا ہے بلکہ نعت گوئی کا ایک اونچا معیار بھی متعین ہوتا ہے۔
زیرنظر نعتیہ کلام جو ڈیمائی سائز (۱۵۲) صفحات پر مشتمل ہے۔ اس میں نعتوں کی تعداد زیادہ ملتی ہے۔ ویسے حمد ، سلام اور منقبت بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ سلطان شطاری صاحب نے کتاب کے آخر میں اپنے والد بزرگوار صوفی محمد عبدالمنان کشور نرملی کا ایک نعتیہ خمسہ اور ایک نظم جو احادیث کے مفہوم پر مبنی ہے۔ شامل کی ہے۔
نعتوں کے باب میں شاعر نے نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ حب نبی کا بے ساختہ اظہار کیا ہے۔ وارفتگی کا احساس ہر نعت میں نمایاں ہے جیسا کہ محترم خواجہ شوقؔ نے کتاب کے آغاز میں جو مضمون تحریر فرمایا ہے اس میں بے شک صحیح نتیجہ اخذ کیا ہے کہ صوفی سلطان شطاری کے عجز وانکسار ، جذبات مودت ، جانثاری کا ثبوت ان کی نعتوں کے طرز ادا سے صاف مترشح ہے اس کے علاوہ یوسف روش نے اپنے مضمون اور شیخ اسماعیل صابر نے علی الترتیب شاعر کے کلام اور شخصیت کے بارے میں بھر پور تاثرات پیش کئے ہیں۔ جو شاعر کے کلام اور شخصیت کو سمجھنے میں ممد ومعاون ہیں۔
واقعہ یہ ہے کہ سرور کونین کی مدحت وہی کرسکتا ہے جو دیوانہ وار عشق نبی سے متصف بھی ہو اور لفظیات کو برتنے کا سلیقہ بھی رکھتا ہو ۔ اس کے علی الرغم حمد کی صفت میں بھی وہی شاعر خدائے واحد کی صفات الوہیت کا اقرار کرسکتا ہے جس میں رسول اکرم کی صفات بیکراںکا بھی اندازہ ہو۔ یہی دو باتیں کلمہ طیبہ کا لب لباب ہیں۔ صوفی سلطان شطاری کی نعتیہ مجموعے سراجا منیرا میں اوپر بیان کردہ باتوں کا ثبوت بہ آسانی فراہم ہوسکتا ہے۔ کتاب کے مطالعے کو قارئین پر چھوڑتے ہوئے صرف چند اشعار مختلف اصناف کے درج کئے جاتے ہیں۔
حمد:


تو ہے کرم نواز تیرے بس میں کیا نہیں
تیرے سوا کریم کوئی دوسرا نہیں
بہت ممکن کہ تو مل جائے مجھ کو
فقط اک جستجو ہے اور میں ہوں
رحم فرما ہم پہ رب ذوالجلال
جز ترے کس سے کہیں ہم اپنا حال

نعت :


وابستگی ہوئی جو خدا کے حبیبؐ سے
آئی ہے اپنے ہاتھ یہ دولت نصیب سے
دل میں جو یہ بہارِ عقیدت نبیؐ کی ہے
بستی مرے وجود کی جنت نبیؐ کی ہے
سایہ کرم کا مجھ پہ بفضلِ خدا ہے یہ
دل میرا دل نہیں ہے ، محمد کدہ ہے کہ


منقبت :


کوئی فرات کی لہروں سے پوچھ کر دیکھو
غمِ حسینؓ میں دریا کا دل بھی پانی ہے

٭
لرزے میں تھی زمین، متزلزل تھا آسماں
جس دم شہید فاطمہؓ کا لاڈلا ہوا
٭
حسینؓ ابن علیؓ نے جس کی خاطر سر کٹا ڈالا
ہمیں وہ دین لینا ہے، وہی اسلام لینا ہے


صوفی سلطان شطاری اپنے مزاج کے اعتبار سے واقعی صوفیانہ صفات رکھتے ہیں۔ یہ رویہ ان کی نعتیہ شاعری میں بھی موجود ہے۔ انکے کلام میں تنوع پایا جاتا ہے جو ایک اچھی شاعری کی علامت ہے۔ سیرت نبیؐ کے مضامین ہوں یا تلمیحی واقعات ، وہ محض منظر نگاری نہیں کرتے بلکہ اپنے جذبات ، احساسات ، اور عقیدت کو شعر میں شامل کرتے ہیں جو ان کے نعتیہ کلام کو خوب سے خوب تر کی منزل کی طرف لے جاتی ہے۔
قارئین کتاب کو بغور پڑھیں تو صاحب کتاب کے عقیدت کی گرمی ان پر بخوبی واضح ہوجائے گی۔
کتاب کی قیمت 200 روپئے ہے، ملنے کا پتہ ، بمکان مصنف16-8-617 فردوس منزل ، روبرو اکبر ٹاورس ، جدید ملک پیٹ ، حیدرآباد ، المختصر صوفی سلطان شطاری کا یہ نعتیہ مجموعہ عاشقان ِرسول کیلئے ایک نایاب ہدیہ ہے اور یقین ہے کہ وابستگان دین محمدیؐ کے نزدیک قبولیت کا درجہ پائے گا۔ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔٭

سلطانؔ قادری کی پچاس سالہ ادبی خدمات


محمد نعیم اللہ شریف

۲۰۰۴ء میں جدہ کی ایک محفل میں سلطان قادری صاحب سے ملاقات ہوئی، پتہ چلا کہ آپ علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک سے وابستہ ہیں بلکہ وہ تو ۱۹۶۹ء سے ہی اس تحریک کے طفیل میں صعوبتیں برداشت کی تھیں۔ جدہ میں ہو رہے ایک انڈوپاک مشاعرے میں قادری صاحب کو غزلیں پڑھتے دیکھا۔ دھیرے دھیرے ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھا تو سلطان قادری صاحب کے کئی ایک روپ سامنے آئے۔ پہلے تو وہ ایک استاد کی حیثیت سے عادل آباد میں خدمات انجام دیئے اور آپ کو وظیفہ پر سبکدوش ہوئے عرصہ ہوا لیکن اپنے آپ کو سیاسی ، سماجی اور ادبی خدمات کے ذریعہ مصروف رکھا، یونانی حکمت کے دریعہ بھی وہ عوامی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہیں، جدہ میں بھی کئی لوگ انہیں حکیم صاحب کے نام سے پکارتے ہیں۔ اس طرح حکیم محمد سلطان قادری شطاری صاحب کی ایک ہمہ گیر شخصیت سامنے آتی ہے۔
سلطان قادری صاحب کے شعری مجموعے بھی منظر عام پر آئے ہیں۔ نعتیہ کلام ، صوفیانہ کلام ، غزلیات کے ساتھ اردو ادب میں بھی آپ نے اپنا مقام بنایا۔ قادری صاحب ایک سوشیل ورکر کے طور پر بھی کافی معروف ہیں۔ غربا ومساکین کی خبر گیری اور خاص کر ملت کے غریب طلبہ کی دست گیری کرتے رہتے ہیں۔ مسلمانوں کے سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور معاشرتی مسائل پر قادری صاحب کافی فکر مند رہتے ہیں۔ اوقافی جائیدادوں کی ناجائز فروخت پر وہ عملی طور پر احتجاج میں شریک رہے۔
گویا! قادری صاحب پچاس سالوں سے سیاسی، سماجی ، تعلیمی حکیمی اور ادبی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آپ کے پچاس سالہ دور خدمات پر دو گویا! قادری صاحب پچاس سالوں سے سیاسی، سماجی ، تعلیمی حکیمی اور ادبی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آپ کے پچاس سالہ دور خدمات پر دو روزہ جشن کا اہتمام اور سووینیر جاری کیا جارہا ہے۔ ہم آپ کو اور آپ کے اور اہل وعیال کے لئے دعائے خیر کرتے ہیں اور دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
محمد نعیم اللہ شریف چیرمین اے پی فورم جدہ 

حرفِ جمیل

جمیل نظام آبادی
ہندوستان میں تبلیغ دین کا جو کام ہوا ہے وہ صوفیا اور اولیاء کرام کی محنتوں کا رہین منت ہے ان کی خانقاہیں مرجع خلائق تھیں جہاں ہر مذہب کے لوگ آتے اور دین کی نعمت سے بہرہ ور ہوتے۔ صوفیائے کرام نے وعظ ونصیحت کے مختلف طریقہ اپنائے تھے ان خانقاہوں میں وعظ وبیان کے ساتھ ساتھ محفل سماع کو بھی بڑی اہمیت حاصل تھی۔ قوال حضرات ان صوفیائے کرام کا لکھا ہوا کلام سناتے اور سامعین وجد میں آکر جھومنے لگتے۔ ان کی دلی کیفیات بدلنے لگتیں۔ اس طرح ان صوفیائے کرام نے شاعری کو ذریعہ بنا کر بھی دین کی بڑی خدمت کی ہے ان کا لکھا ہوا کلام مجموعوں اور رسالوں کی صورت میں آج بھی کتب خانوں کی زینت بنا ہوا ہے۔ چنانچہ دکن میں حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ کا کلام مثال کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ آپ نے اشاعت دین کے لئے شاعری سے بھی استفادہ کیا ہے اور آپ کی مجالس میں صرف وعظ وتقاریر ہی نہیں ہوتیں بلکہ شاعری کے دور بھی چلتے۔ ان اللہ والوں میں شاعری ورثہ کے طور پر منتقل ہوتی رہی۔ اور یہ سلسلہ کم ہی سہی مگر آج بھی موجود ہے۔ صوفی سلطان شطاری صاحب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں جو آج ہمارے بیچ موجود ہیں اور شاعری کو ایک روایت ہی نہیںبلکہ اپنا فریضہ سمجھ کر اسے بڑے خوشگوار طریقے سے نبھارہے ہیں۔
صوفی شاہ محمد سلطان قادری شطاری آپ کا پورا نام ہے سلطانؔ تخلص کرتے ہیں۔ آپ کے والد محترم حضرت صوفی محمد عبدالمنان قادری شطاری بھی اپنے دور کے بہت اچھے شاعر تھے کشورؔ تخلص کرتے تھے جن کا قلمی نام کشورؔنرملی تھا۔ صوفی سلطان شطاری ۱۵؍اگست ۱۹۴۲ء کو نرمل (ضلع عادل آباد) میں پیدا ہوئے۔ وقت اور حالات کے مطابق آپ کو مذہبی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم بھی دلوائی گئی۔ آپ نے بی اے ۱۹۶۴ء میں کامیاب کیا اور عملی زندگی میں داخل ہوئے اور ملازمت میں صدر مدرس کی حیثیت سے رہے۔ اور اب گورنمنٹ کنٹراکٹر بنے اور کامیاب زندگی گزارنے لگے۔ مذہب کے ساتھ ساتھ دنیا داری کے طور طریقے بھی سیکھے خانقاہ سے نکل کر اپنی آنکھوں سے باہر کی دنیا کا بھی نظارہ کیا۔ وقت وحالات سے پوری طرح آگاہی حاصل کی۔ دنیا کی اونچ نیچ کو بھی دیکھا جب آپ پیدا ہوئے تو حضور نظام کی شاہی حکومت زوال پذیر تھی۔ جب شعور کو پہنچے تو حالات بدل چکے تھے۔ ملک آزاد ہوچکا تھا۔ ملک میں جمہوریت قائم ہوچکی تھی۔ سیاسی جماعتیں اقتدار حاصل کرنے کی جستجو میں وہ سب کچھ کر رہی تھیں جو ملک کی ترقی اور سیکولرزم کے لئے نقصان کا سبب بن سکتا تھا۔ ان حالات نے صوفی سلطان کو بھی متاثر کیا۔ اور آپ قوم وملت کی خدمت کے لئے سیاست میں دلچسپی لینے لگے تا کہ مسلم کو اپنا حق مل سکے چنانچہ آج آپ ایک سیاسی جماعت تلنگانہ راشٹریہ سمیتی میںشامل ہیں اور ایک بڑے عہدہ پرفائز ہیں۔
صوفی سلطان شطاری کو شاعری ورثہ میں ملی۔ آپ اوائل عمر ۱۹۵۹ء سے شعر کہنے لگے حمد ونعت آپ بہت عقیدت اور محبت سے لکھتے ہیں۔ تصوف سے گہری دلچسپی نے آپ کی کہی ہوئی حمدوں اور نعتوں کو گہرا اثر دیا ہے۔ آپ کی حمد ونعت کا پہلا مجموعہ متاعِ نجات کے نام سے ۱۹۸۵ء میں شائع ہوا ہے۔ اس مجموعہ نے آپ کی شناخت بطور نعتیہ شاعر قائم کرنے میں بڑی مدد کی ہے۔ حمد اور نعت کے ساتھ ساتھ آپ شاعری کی دیگر اصناف میں بھی دلچسپی لیتے ہیں چنانچہ

غزلیں، نظمیں اور قطعات بھی لکھتے ہیں لیکن غزل سے آپ کو زیادہ لگاؤ ہے نعتوں کے بعد آپ نے غزلیں بہت لکھی ہیں۔ آپ کی غزلوں کا ایک مجموعہ خامہ ٔ فکر  کے نام سے اس کے اگلے ہی برس یعنی ۱۹۸۶ء میں منظر عام پر آیا خامہ فکر کو مغربی بنگال اردو اکیڈیمی نے انعام سے نواز کر انھیں ایک بہترین غزل گو شاعر ہونے کی سند عطا کی۔ آپ کے پہلے نعتیہ مجموعہ کو آندھراپردیش اردو اکیڈیمی نے انعام عطا کیا تھا۔ اس سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ آپ حمد ونعت اور غزلیں ان اصناف سخن میں کمال رکھتے ہیں۔ ۲۰۰۷ء میں آپ کی نعتوں کا ایک اور مجموعہ سراجا ً منیرا شائع ہو کر بہت مقبول ہوا۔
شعر گوئی کے ساتھ ساتھ جناب صوفی سلطان شطاری کو نثر نگاری پر بھی عبور حاصل ہے آپ نے تصوف اور سیرت پاکؐ پر مضامین لکھنے کا سلسلہ جاری رکھا جو علم وآگہی سے بھرے ہوتے ہیں۔ سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر لکھے گئے آپ کے مضامین کا ایک مجموعہ نور کا سفر (خاصہ ٔرسول اکرمؐ) کی اشاعت بھی ۲۰۰۷ء میں عمل میں آئی ہے۔
جناب صوفی سلطان شطاری۔ شعر گوئی اور دنیاداری ہی میں گم نہیں ہیں بلکہ اپنے منصب پر قائم رہ کراپنے مسلکی ومنصبی فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرتے۔ آپ کے مریدین کا ایک بڑا حلقہ بھی ہے جو آپ کے علم وفضل سے فیض حاصل کرتا ہے ۔ آپ کے مریدین میں مشہور مزاحیہ شاعر جناب پاگلؔ عادل آبادی مرحوم بھی شامل تھے۔ پاگل ؔ عادل آبادی سے میری بڑی دوستی رہی ہے ایک مرتبہ پاگلؔ صاحب کے ساتھ ہی ۱۹۷۹ء میں مجھے جناب صوفی سلطان شطاری صاحب کی خانقاہ واقع اوٹنور (ضلع عادل آباد) جانے کا موقع ملا تھا یہ میری صوفی سلطان شطاری صاحب سے پہلی ملاقات تھی۔ وہاں میں نے آپ کو قریب سے دیکھا تھا اور آپ کے حالات سے آگاہی حاصل کی تھی۔ اس کے بہت عرصہ بعد پھر ہماری ملاقاتیں حیدرآباد کی ادبی محفلوں میں ہونے لگیں۔ میں اس بات پر حیرت کرتا ہوں کہ ایک پوری طرح مذہبی شخص جس کی صورت شکل حلیہ ایک مکمل مولوی کا ہے جو واقعتا مذہبی شخص ہے پیرو مرشد کے مرتبہ کا حامل ہے لکن یہ شخص جس کے کلام میں تصوف کے خزانے پوشیدہ ہیں یہ شخص آج کے ماحول اور آج کے مشاعروں میں جدید لب ولہجے میں عصر حاضر کی غزل سناتا ہے۔ یہ دراصل صوفی سلطان قادری صاحب کا فن ہے ان کا کمال ہے۔ ایک پیر ومرشد کی حیثیت سے جہاں وہ ایک مکمل مذہبی رہنما ہیں وہیں وہ ایک شاعر کی حیثیت سے ایک مکمل شاعر ہیں۔ یہی کمال انہیں دیگر مذہبی وادبی شخصیتوں سے جدا کر کے انھیں ایک خاص شخصیت کا حامل بناتا ہے۔
اب جناب صوفی سلطان شطاری صاحب کی شعری زندگی کے پچاس سال (۲۰۰۹ء میں)مکمل ہو رہے ہیں اور ان کے چاہنے والوں نے اس سلسلے میں ایک گولڈن جوبلی جشن منانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں ایک سونیر بھی شائع کرنے والے ہیں۔ میں انھیں اپنے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ اس دعا کے ساتھ کہ اس باکمال شخص کے اور بہت سارے کمالات ہمیں دیکھنے کو ملے (آمین)

صوفی سلطانؔ شطاری معتبر ومحترم شاعر

مومن خاں شوقؔ
صوفی سلطان شطاری معتبر ومحترم شاعر ہیں۔ آپ ایک پر خلوص انسان، اچھے دوست ، ہمدرد اور نفیس انسان ہیں۔ شاعری کے ساتھ ساتھ حکمت میں بھی مہارت رکھتے ہیں ۔ سماجی وسیاسی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ آج کل ریاستی تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے سکریٹری ہیں۔
صوفی سلطان شطاری ۱۵؍اگست ۱۹۴۲ء کو نرمل (ضلع عادل آباد) میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد محترم صوفی محمد عبدالمنان کشورؔ نرملی جو اپنے دور کے اچھے شاعر اور حکیم تھے۔ صوفی سلطان شطاری نے بی ۔ اے پاس کر کے گورنمنٹ کنٹراکٹر ی کا پیشہ اختیار کیا۔ آپ ۱۹۵۸ء سے مستقل طور پرحیدرآباد منتقل ہوئے۔
شاعری کا آغاز ۱۹۵۹ء سے ہوا۔ آپ کے والد محترم ہی آپ کے استاد ورہنما رہے۔ آپ نے نعتیہ شاعری کے علاوہ غزلیہ شاعری میں بھی اپنا مقام بنالیا ہے۔ آپ کے تین شعری مجموعے (۱)متاع نجات (نعتیہ مجموعہ ۱۹۸۵ء ) (۲) خامہ ٔ فکر (غزلوں کا مجموعہ) ۱۹۸۶ء (۳) سراجا منیرا (نعتیہ مجموعہ) ۲۰۰۷ء میں شائع ہو کر منظر عام پر آچکے ہیں۔ اردو اکیڈیمی آندھراپردیش کی جانب سے متاع نجات کو انعام وایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اردو اکیڈیمی مغربی بنگال کی جانب سے خامہ فکر کوبھی انعام وایوارڈ سے نوازا گیا۔ آپ کو بیرون ممالک کے کئی شہروں میں منعقدہ مشاعرو ںمیں شرکت کا شرف حاصل رہا ہے۔ آپ کے کلام کو حیدرآباد کے ممتاز گلوکاروں نے ساز پر پیش کیا ہے۔ جن میں حبیب علوی، رکن الدین، خان اطہر، شکیل احمد ودیگر قابل ذکر ہیں۔
اچھی شاعری یا اچھا شعر وہی ہوتا ہے جو پڑھتے ہی یا سنتے ہی دل و دماغ کو متاثر کرے اور پڑھنے یا سننے والے کے دل پر گہری چھاپ چھوڑ دے۔ صوفی سلطان شطاری کی شاعری سننے اور پڑھنے والوں کے ذہن ودل پر اثر کرتی ہے۔ آپ کے کلام میں خلوص، عجز وانکساری، ندرت ، شگفتگی کے ساتھ سوز بھی ہے۔ گیرائی اور گہرائی بھی ہے۔ جذبے کی حرات بھی اور فکر کی وسعت بھی ہے۔
صوفی سلطان شطاری کے شعری مجموعوں سے چند منتخب اشعار پیش کر رہا ہوں آپ خود ہی شاعر کے کلام کا اندازہ لگاسکتے ہیں۔
نعتیہ اشعار :


سرکارؐ کے طفیل میں عزت ملی ہمیں
ہم جی رہے ہیں سینے میں قرآں لئے ہوئے
٭
آپؐ کا ذکر اگر ہو تو ہے جینے کا مزہ
ورنہ ہر سانس ہے بیکار رسولؐ عربی
٭
ہے سلطانؔ یہی آرزو میرے دل میں
رہوں بن کے میں خاک پائے محمدؐ
٭
ایمان سے کہتا ہوں حضورؐ آپ ہیں جس کے
اس شخص کا سلطان نگہبان خدا ہے
٭
ہر لمحہ یہاں بارش انوارِ خدا ہے
روشن ہے اسی نور سے دربارِ مدینہ
٭
نام ہے جب سے لبوں پر احمد مختار کا
تازگی ہی تازگی مہکی ہوئی سانوں میں ہے
٭
سلطانؔ ذرہ ذرہ ہے اس بات کا گواہ
روشن جہاں میں شمع ہدایت نبیؐ کی ہے
٭
سلطان ؔ نعتؐ پاک سراج منیر ہے
منزل کی راہ ہم کو دکھانے کے واسطے
٭

متفرق اشعار :


منزل زیت کی مشکل ہر اک آساں ہوگی
شرط یہ ہے کہ قدم اپنے بڑھاتے رہئے
٭
مہرباں اپنا سمجھتے تھے جسے دنیا میں
آج وہ ہوگیا انجان بڑی مشکل ہے
٭
ان کا خیال ان کی تمنا ہے ان کی یاد
کیا کیا ہے ساتھ زادِ سفر ہم سے پوچھئے
٭
گرے نہ پھر نئے انداز سے کہیں بجلی
نیا چمن ہے نیا آشیاں بناتے ہیں
٭
جی یہ کہتا ہے کہ اٹھ کر بزم سے ہوجاؤں دور
آپ کے بدلے ہوئے محفل میں تیور دیکھ کر
٭
سب کچھ تو دیکھتے ہیں سمجھتے نہیںمگر
کچھ لوگ ایسے ذہنوں کے بیمار ہوگئے
٭
اشعار میں پوشیدہ حقائق ہیں اے سلطاںؔ
دیکھو فقط تصویر خیالات نہیں ہے
٭
سلطانؔ حادثات کو شعروں میں ڈھال کر
ایسی غزل سناؤ کلیجہ نکل پڑے
٭


نیک تمناؤں کے ساتھ ۵۰ سالہ جشن پر مبارک باد پیش ہے۔

صوفی سلطانؔ شطاری قدیم روایتی کلاسیکی طرز اظہار کا پیروکار

ڈاکٹر راہی ؔ
قدیم کلاسیکی شاعری کو سچے دل اور پکے ارادے اور وفور جذبات سے با ساختہ گلے لگانے والے باتمکین کی فہرست کا ایک نام صوفی سلطان شطاری ہے صوفی سلطان شطاری کے ہاں غزل اپنے پوری بانکپن اور اپنی تمام تر رنگینیوں، رعنائیوں اور حسن ادا کے ساتھ قدم قدم پر انگڑائیاں لیتی نظر آتی ہے انہوں نے غزل کو غزل ہی رہنے دیا ہے۔ اس کے روایتی حسن، کلاسیکی رچاؤ، اس کے در وبست اس کے تغزل اور اس کے حقیقی خدوخال کو کہیں بھی متاثر نہیں ہونے دیا۔ اور نہ عصری تقاضوں اور مسائل کی غازہ کاری سے اس کی پلاسٹک سرجری کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے غزل کو غزل ہی رہنے دیا۔ سلطانؔ شطاری نے غزل میں غزل سے باتیں کی ہیں، اپنے محبوب سے کلام کیا ہے۔ اس کے ناز وانداز کو سراہا ہے اسے ٹوٹ کر چاہا اور نہ صرف چاہا بلکہ چاہے جانے کے جذبات شدید کا برملا اظہار بھی کیا ہے۔ حیا افروزی کے ساتھ خود سپرد ہونے کے فطری طریق سے آگاہی بھی دی ہے۔ اسے اس کی جاذبیت نسوان کشش ، مقناطیسی قوس قزائی حسن کا احساس بھی دلایا ہے۔ ان کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے غزل کے قدیم روایتی چولے کو بدلنے کی کوشش نہیں کی ہے۔
ایک کامیاب شاعر کی شناخت اس کے اپنے لب ولہجے کی انفرادیت سے ہوتی ہے شاعری میں موضوع اور لہجہ دو ایسے اہم عناصر ہیں، جن کی شمولیت کے بغیر شاعری ہو کہ فن پارہ مکمل نہیں ہوتا جس کے باعث تخلیق کار اور ایک شاعر کی شناخت نہیں بن پاتی، ان دونوں عوامل کے تال میل ہی سے تخلیق وقوع پذیر ہوتی ہے اس کا حسن دوبالا ہوتا ہے اس کی خوبصورتی نکھرتی ہے۔ کیونکہ شاعر اپنے ارد گرد قرب وجوار میں ہونے والے واقعات یا واردات سے پہلے خود متاثر ہوتا ہے بعد اس کے اسے موضوع ِسخن بناتا ہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے جذبات واحساسات کی عکاسی کوبھی مقدم سمجھتا ہے۔ اور اس کے برملا اظہار کے لئے اضطراری اور اضطرابی کیفیت اور ایک ذہنی ہیجانی صورت حال کے پل صراط سے بھی گذرتا ہے کسی بھی شئے کے برائے راست اظہار کے لئے ایک اور شئے اس کا تخیل ہوتا ہے۔ شاعری کے لئے موضوع کے علاوہ ایک اہم عنصر لہجہ اور اسلوب بھی ہے۔ لہجے کی انفرادیت ہی دراصل اس کی شناخت ہوتی ہے۔ جس سے وہ بہ آسانی پہچانا جاتا ہے۔ اور شاعری میں شناخت بنانا آسان نہیں ہے۔ اکثر شعراء نے شناخت بنانے میں اپنی عمریں گزاردیں۔ لیکن اپنی شناخت نہ بنا پائے عمر بھر تجربے کرتے رہے۔ عصری علائم جدیدیت ترقی پسندیت کے حصار میں مقید ہو کر تقلیدی طرز اظہار کو اپنا کر مسائل تجریدی آرٹ کو فکری آرگن بنا کر جنسیاتی موضوعات کو شعری جامہ پہنا کر اخلاق سوز مضامین کے ساتھ ناکام رہے۔ صوفی سلطان شطاری نے کھلی آنکھوں اور اپنے پورے ہوش وحواس میں رہ کر ان ادوار کا مشاہدہ کیا۔ لیکن اپنی روایتی کلاسیکی حصار سے باہر قدم نہیں نکالا مشاہدات اور تجربات کے مقابل اپنے لطیف تر احساسات اور شدید ترین جذبات کی عکاسی Imagey کو ہی معراج ِسخن جانا۔ اپنے فطری جذبات اور دلی احساسات ہی کو اپنی شعری بصیرت کا آئینہ دکھلاتے رہے۔ اور اپنی روایتی کلاسیکی ڈگر نہیں بدلی۔ حالانکہ عصری آوازوں سے ان کے کان آشنا تھے۔ ترقی پسندوں کا طوطی بولتے ہوئے دیکھا بھی سنا بھی، جدیدیت کے علمبرداروں ، حاشیہ برداروں کی پرکی ، بے پرکی ، اڑان بھی دیکھی تجریدی آرٹ کے بے سر پیر کی موضوعاتی علامتی کرامتی شعری کمالات کا بھی مشاہدہ کیا۔ بنتی بگڑتی بے جان لکیروں اور اخلاق سوز جنسی شاعری کے نمونے بھی دیکھے لیکن ان کی بصارت اور بصیرت کا دائرہ نہیں بدلا، کان عصری آوازوں سے سماعت آشنا رہے۔ چاہتے تو تقلیدی شاہراہ سخن پر چلتے ہوئے اپنی نئی شناخت بنالیتے۔ جدید شاہراہ سخن پر اپنی فنی اور فکری صلاحیتوں سے چل کر نہیں دوڑ کر دکھلاتے۔ اور جدیدیوں میں اپنی قامت ِسخن کو ہمالیائی بنالیتے۔ لیکن انہوں نے اپنی روش سخن نہیں بدلی، اپنی کلاسیکی روایتی شاہراہ سخن پر ہی چلتے رہے دوڑتے رہے۔ اور کلاسیکی شاعری انفرادیت کی برقراری کو اپنا مقصد حیات بنالیا۔ کسی تحریک کسی ازم کسی نظریہ کسی شحصیت کا کوئی بھی اثر قبول نہیں کیا اپنے شعری سفر کیخود ہی رہنما خود ہی رہبر بنے رہے۔ اپنی سلامت روی ثابت قدمی پر نازاں وفرحاں، میر کارواں بن کر اپنا راستہ سخن حود ہی تلاشہ طرز سخن خود ہی وضع کیا اور بحمد اللہ آج تک عزم صمیم حوصلہ مندی اور شعورِ زیست کے ساتھ اس پر گامزن ہیں۔ صوفی سلطان شطاری صاف سیدھے اور کشادہ ذہن ودل روشن فکر وخیال کے سچے اور اچھے انسان ہیں۔ ہر خاص وعام سے یکساں تپاک اور اخلاص فرواں سے ملتے ہیں اپنی خوش گفتاری خوش لباسی زندہ دلی اخلاق حسنہ اور حسن کردار سے ہر طرح متاثر کرتے ہیں۔ان سے ملنے والا ان کا والا شیدا ہوجاتا ہے ان سے ملنا اور ملتے رہنا چاہتا ہے۔ مزاج میں اسلامی روادی کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔ صاف گوئی اور حق پرستی کا پیکر ہیں۔ دوستی کرنا ہی نہیں نبھانا بھی جانتے ہیں ان کے اخلاص کی قسم کھائی جاسکتی ہے۔ حیدرآبادی تہذیب وثقافت انسان دوستی ، منکسر المزاجی، مہمان نوازی، دوسروں کو خوش کرنا اور انہیں خوش دیکھ کر خود خوش ہونا ان کی فطرت ہے۔ طبیعت میں سادگی حلیمی بربدباری ، عجز وانکساری، خاکساری کچھ زیادہ ہی پائی جاتی ہے۔ اس کے باوجود صاحب انا ہیں۔ حد درجہ خود داری، اپنی عزت آپ کرنے کا شعور وادراک بھی رکھتے ہیں، لیکن خود نمائی کے عارضے میں مبتلا نہیں ہیں۔ تحفظ ذہنی بھی نہیں رکھتے۔ حق بات کے اظہار کیلئے مصلحت پسندی کو پسند نہیں کرتے۔ باطل کے مقابل حق کے طرف دار ہیں ادب میں گروپ بندی کے سخت خلاف ہیں۔زبان وادب تہذیب وتمدن اور شعر وادب کے تحفظ اور فروغ کے خواہاں ہیں کردار کشی، کرنے والوں کو سخت نا پسند کرتے ہیں۔ اور ان سے روابط ودوستی کے سخت خلاف ہیں۔
ادب میں اجارہ داری اور شخصی مناپلی کو سم قاتل سمجھتے ہیں۔ ادب برائے ادب کے مقابل ادب برائے زندگی کے قائل ہیں۔ نئے رجحانات اور تقاضوں سے کما حقہ واقف ضرور ہیں لیکن ان کو صدق دل کے ساتھ قبول کرنے تیار نہیں ہیں۔ کلاسیکی روایتی شاعری کا وقار مجروح ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتے اردو شاعری کا قدیم ڈھانچہ جس کی بنیاد کلاسیکیت پر رکھی گئی اس میں تبدیلی اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ انھیں منظور نہیں ہے زبان وبیان اور حسن خیال ان کی شاعری کا محور ہیں۔ اظہار خیال کوشاعری کی روح نہیں سمجھتے ، اور نہ اسے شاعری کی بنیاد متصور کرتے ہیں۔ اظہار خیال کے لئے نثری میدان موجود ہے۔ اظہار خیال کے لئے شاعری کیا ضروری ہے زندگی کے نئے نئے تجربات اورمشاہدات شعری لبادہ پہنانا برا نہیں ہے۔ اور اس کی تقلید استفادہ نہیں کہلاتی بلکہ اس خیال کو مکمل کرنا اسے اور آگے لے جانا اور اسے ہمالیائی قامت عطا کرنا کمال سخن کہلاتا ہے فقط اعادہ خیال کوئی کمال نہیں ہے۔ بلکہ اعادۂ خیال سے فکری صلاحیتوں کے سوتے خشک ہوجاتے ہیں۔ فطری صلاحیتوں کو دیمک لگ جاتی ہے۔ صوفی سلطان شطاری نے روایتی حسن وجمال کو جاذب نظر ہی نہیں بنایا بلکہ اس کے حسن وجمال میں چاند تارے بھی ٹانکے ہیں حسن کو ایک حد تک خود سپردگی عطا کی ہے تو عشق کو گستاخ نہیں بنایا ہے۔ یہی ان کی شاعری کا کمال ہے۔
کلاسیکی روایتی شاعری میں تقلید اک اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے اور وہ ستون ان کی شاعری میں بھی موجود ہے۔ استعجاب انگیز امر یہ ہیکہ نئی بوتل میں پرانی شراب کو بھی سلیقہ کے ساتھ خوش رنگ بنا کر پیش کرنے کی انہوں نے سعی مشکور انجام دی ہے اس میں ان کی اپنی محنت اور خوب سے خوب تر کی جستجو کا کچھ زیادہ ہی عمل دخل ہے۔ ان کے شعری نگار خانے کا روایتی حسن ملاحظہ کریں۔


بے وفا تیری محبت نے مجھے لوٹا ہے

تو ہی بتلا کہ کروں کس سے شکایت تیری
٭
یہ تڑپ یہ درد وغم ہیں اور آہوں کا ہجوم
شکر ہے دل کا مرے آباد گھر ہونے لگا
٭
ڈوبنے والے کو کچھ اپنا پتہ چلتا نہیں
ان کی آنکھوں میں خدا نے کیا سمندر رکھ دیا
٭
ہر در پہ سر جھکانا بے روح سجدہ کرنا
یہ بندگی نہیں ہے توہین بندگی ہے
٭
تو حسن کا انداز زمانے کو دکھادے
پھر عشق کی گردن کسی عنوان سے جھکادے
سانسوں میں تسلسل سا ہے یادوں کی بدولت
کس دل سے کوئی آپ کی یادوں کو بھلادے 

٭
اے برق اندھیرا ہے نشیمن میں ابھی تک
تقدیر نشیمن کا کسی طرح جگادے
٭
آپ جب مل کے ہوگئے خاموش
کتنے طوفان زندگی سے ملے
٭
صرف اک جھلک ہم کو حسن کی دکھادیتے
ہم متاعِ جاں و دل آپ پر لٹادیتے


صوفی سلطان شطاری کی شاعری ایسے بے شمار خوبصورت دل آویز شعروں کا مجموعہ ہے جو آنکھوں کی راہ سے سیدھے دل میں اترجاتے ہیں۔ حافظے میں بس جاتے ہیں۔بلاشبہ صوفی سلطان شطاری کلاسیکی شاعری کا امین اور روایتی طرز اظہار کا پیرو کار سخنور ہے۔
میں اپنے مضمون کے آخر میں محترم صوفی سلطان شطاری صاحب کے ادبی وشعری پچاس سالہ خدمات پر اور ان کی گولڈن جوبلی تقاریب پر دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ۔
اللہ بس باقی ہوس۔

نرمل کا کومل شاعر صوفی سلطان شطاری

فرید سحر ؔ
عرصہ ہوا ہم نے کوئی مضمون سپرد قلم نہیں کیا۔ اور کرتے بھی کیسے ؟ کیونکہ ان دنوں ہمارے سر پر شاعری کا بھوت جو سوار ہے۔ یقین کیجئے اس بھوت نے ہمیں کہیں کا نہ رکھا۔ کیونکہ جب کبھی ہم کوئی مضمون سنجیدہ یا مزاحیہ لکھنے کا سوچتے ہیں تو اچانک یہ بھوت آدھمکتا ہے۔ اور نئی بحریں، نئی زمینیں ، نئی ردیفیں اور نئے قافئیے ہماری خدمت میں بڑے ادب سے پیش کرتے ہوئے عرض کرتا ہے۔ کہاں دو تین صفحات کے لئے سر کھپاتے ہیں سحرؔ صاحب؟ چلئے سات شعری ہی سہی ایک عدد غزل لکھئیے اور پھر خوب  واہ واہ  کی کرنسی اپنے کھاتے میں جمع کرلیجئے۔ وہ ظالم ہماری کمزوری سے خوب واقف ہے۔ وہ جانتا ہے کہ ہم شاعر لوگ داد  کے کس قدر بھوکے اور طلبگار ہوتے ہیں۔ چنانچہ اسی واہ واہ  کا لالچ دیکر اس بھوت نے ہمیں نثر نگاری سے دور اتنا کردیا ہے کہ اب ہم گویا شاعری کے غلام بن کر رہ گئے ہیں۔
لیکن کل دن میں اچانک ہمیں اپنے ایک کرم فرما دوست ، شاعر ، ادیب، مصنف، اور عالم دین مولانا نادر المسدوسی کا فون آیا۔ انھوں نے ارشاد فرمایا کہ ہم شاعری کے علاوہ مضمون نگاری یا خاکہ نگاری میں بھی اپنا قیمتی وقت برباد کرلیں تو کوئی حرج نہیں ۔ یہی نہیںبلکہ انھوں نے ایک عدد Proposal یہ بھی پیش فرمادیا کہ ہم ایک ایسے ممتاز شاعر ،ادیب ، پیر ومرشد اور لیڈر کا خاکہ اڑائیں جن کے بارے میں ہماری معلومات انتہائی ناقص ، گھٹیا اور کمزور ہیں۔ یہ سچ ہے کہ ہم موصوف سے دوچار بار مل چکے ہیں لیکن کیا موصوف کا خاکہ اڑانے کے لئے یہ دو چار ملاقاتیں کافی ہونگیں ؟ چنانچہ ہم نے دبے الفاظ میں مولانا سے معذرت خواہی کی تووہ بھڑک اٹھے اور ایسے بھڑکے کہ حکم نادری صادر ہوا کہ اسی وقت دولت خانے پر حاضر ہوجاؤں۔ مسدوسی صاحب نہایت پر خلوص انسان ہیں۔ دیکھنے میں ہم  سے بڑے دکھائی دیتے ہیں لیکن نہایت صفائی سے کہتے ہیں آپ میرے بڑے بھائی ہیں ہم بھی خوش ہوجاتے ہیں کہ ایک عالم آدمی جب ہمیں اپنا بڑا بھائی بنارہا ہے تو یقینا یہ سودا گھاٹے کا نہیں ہے۔ لیکن موصوف کے دولت خانے پر تشریف لے جانے سے پہلے ہم نے اپنے بھوت کو آواز دی تا کہ اس سے مشورہ لے سکیں۔ لیکن بھوت کا دور دور تک پتہ نہیں تھا۔ وہ تو ایسے غائب ہوگیا جیسے گدھے کے سر سے سینگ ، بات سمجھ میں آگئی ۔ چونکہ معاملہ ایک عالم اور ایک مرشد کا تھا اسلئے بھوت نے کھسک جانے میں ہی اپنی عافیت سمجھی۔
خیر ہم ہانپتے کانپتے کھڑی دھوپ میں دوڑے دوڑے مسدوسی ہاؤز پہنچے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ مسدوسی صاحب کے ساتھ وہ شریف زادے بلکہ پیرزادے محترم بھائی صوفی سلطان شطاری بھی تشریف فرما ہیں۔ وہاں ظہرانے میں نان اور چاکنے سے ہماری تواضع ہوئی۔ ظہرانہ کے بعد ہمیں مطلع کیا گیا کہ عنقریب صوفی بھائی دینی، دنیاوی ، ادبی ، شعری، سماجی ، سیاسی وغیرہ وغیرہ خدمات کے صلہ میں ان کے اعزاز میں دو روزہ جشن کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ چنانچہ احقر کو بھی موصوف سے ہوئی دوچار ملاقاتوں کا معاوضہ بشکل خاکہ ادا کرنا ہے۔ ہم نے سوچا چلو سستے میں جان چھوٹی۔ چندہ میں موٹی رقم دینے کے بجائے دو تین صفحات کے خاکہ پر ہی بلا ٹل رہی ہے۔ سو ہم نے فورا ہی اوکے کہدیا۔ ہم نے اب تک جتنے بھی خاکے لکھے یا اڑائے ہیں وہ سب نہایت بے تکلفی کے اشہب پر سوار تھے۔ لیکن صوفی سلطان شطاری صاحب کا معاملہ کچھ اور ہی ہے۔ وہ خانقاہی نظام کے پروردہ ہیں۔ ویسے یہ ناچیز بھی اسی نظام کا ایک حصہ ہے لیکن دنیاداری کے چنگل میں بری طرح پھنسا ہوا ہے۔ لہذا صوفی بھائی یا پھر خود ہمارے بارے میں کہنے یا لکھنے کیلئے ایک نہیں دس بار سوچنا پڑتا ہے۔
صوفی سلطان شطاری صاحب سے ہماری پہلی ملاقات مسدوسی ہاؤز میں ہوئی۔ ادبی اجلاس اور مشاعرے تو آئے دن مسدوسی ہاؤز میں ہوتے رہتے ہیں۔ ایسے ہی ایک موقع پر صوفی بھائی سے تعارف ہوا۔ بڑے تپاک سے ملتے ہوئے فرمایا جناب آج تک اخبارات کے ذریعہ آپ سے متعارف تھا۔ لیکن آج شخصی طور پر مل رہا ہوں تو بڑی مسرت ہو رہی ہے ۔عموما ہمارا تعارف رسمی ہوا کرتا ہے۔ لیکن صوفی بھائی کے پرخلوص جملے سے ہمیں محسوس ہوا جیسے ہم سے مل کر انھیں سچ مچ خوشی ہوئی ہو۔ادبی اجلاس میں ان کی تقریر اورمشاعرہ میں ان کا کلام سن کر یہ اندازہ لگانے میں قطعی دیر نہیں لگی کہ موصوف نہ صرف ایک اچھے ادیب وشاعر ہیں بلکہ اس میدان کے ایک بہترین شہسوار بھی ہیں۔ اس بہترین شہسوار سے مزید کچھ محفلوں میں ملاقاتیں ہوئیں تو کچھ اور قریب سے جاننے کا موقع ملا۔
موصوف کا تعلق مشہور شہر نرمل ضلع عادل آباد سے ہے۔ جہاں انہوں نے ۱۵؍ اگست ۱۹۴۲ء کو ممتاز عالم دین وشاعر مولانا محمد عبدالمنان قادری شطاری المعروف کشورؔ نرملی کے گھر آنکھ کھولی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے محل نہ ہوگا کہ شہر نرمل علم وادب کا زبردست گہوارہ رہا ہے۔ چنانچہ اسی شہر کے ادبی اور شعری ماحول نے ونیز والد محترم کی عظیم صحبت نے صوفی بھائی کو صوفی شاہ محمد سلطان قادری شطاری سے صوفی سلطان شطاری بنادیا۔ انھوں نے بجز اپنے والد محترم حضرت العلامہ کشورؔ نرملی کے کسی اور سے شرف تلمذ حاصل نہیں کیا۔ شاعری کی تمام اصناف میں صوفی بھائی نے طبع آزمائی کی ہے۔ حمد باری تعالی،نعت پاک، منقبت ، نظم اور غزل پورے خلوص اور انبساط سے کہتے ہیں۔
احقر کا ایک نعتیہ شعر ہے:


عشق نبیؐ میں ڈوب کے یوں نعت میں کہوں
ہر شعر نعت پاک کا میرا جدید ہو


صوفی بھائی کی نعوت پڑھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بھی سچ مچ عشق نبیؐ میں سرشار ہو کر نعت لکھتے ہیں۔ ان کے دو نعتیہ شعر پیش ہیں :


نعلین چھوڑنے کی بھی مہلت نہ دی گئی
دیکھو خدا کو کتنی محبت نبیؐ کی ہے
٭
بیٹھا ہوا ہوں کب سے درِپاک پر حضورؐ
جاؤں گا در سے در کا اتارا لئے ہوئے 

 

یہ اور اس طرح کے سیکڑوں اشعار اس بات کا ثبوت ہیں کہ صوفی بھائی نے اپنے آپ کو درنبیؐ کا ادنیٰ گدا بنانے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ غزل کے بھی موصوف ایک مایہ ناز شاعر ہیں۔ چنانچہ انھوں نے نہ صرف وطن عزیز میں بلکہ بیرون ہند میں بھی مثلا لاہور ، کراچی، سیالکوٹ ، مکہ مکرمہ، جدہ، مدینہ منورہ، اور سعودی عرب کے کئی شہروں میں مشاعرے پڑھے اور پرستاران شعر وادب سے خود داد وصول کی۔ ہمیں تو لگتا ہے صوفی بھائی سے نچلا نہیں بیٹھا جاسکتا۔ اب یہی دیکھئے کہ اچھی خاصی سرکاری ملازمت کو چھوڑکر گتہ داری شروع کی۔ وہاں دل نہ لگا تو پیری مریدی کا سلسلہ شروع کیا۔ پھر اس مقدس مسند پر رہتے ہوئے شعر وشاعری کا دھندہ شروع کیا۔ اب اس سے بھی دل بھر گیا تو نکل پڑے قوم کی خدمت کرنے۔ یعنی لیڈر بن گئے۔ مانا کہ سیاست شجر ممنوعہ تو نہیں۔ لیکن ایسابھی کیا کہ کل کو خدانخواستہ  اس لیڈری میں عزت سادات بھی گئی کہنا نہ پڑے۔ بہر کیف ہماری دعا ہے کہ وہ خود غرض لیڈروں کی نجس صحبت سے محفوظ رہیں اور ملت کے حقیقی خدمت گذار کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں۔
صوفی بھائی ایک نفیس شخصیت کے مالک ہیں۔ نفیس لباس زیب تن کرتے ہیں۔ اللہ تعالی نے اپنے کرم خاص سے انھیں وجیہ اورشکیل بھی بنایا ہے۔ یہ آج بھی اسمارٹ اور ہینڈسم کہلائے جاسکتے ہیں۔ اگر یہ فلم انڈسٹری میں جاتے تو مدھو بالا ، مینارکماری ، وجینتی مالا، اور مالا سنہا ان پر ضرور فریفتہ ہوجاتیں۔ یقینا عہد جوانی میں انھوں نے کئی ایک آگ کے دریا پار کئے ہونگے۔ ورنہ یوں ہی شاعری میں کوئی پچاس برس جھک نہیں مارتا۔ ان کی عشقیہ شاعری کا نمونہ ملاحظہ ہو ۔


ان کے بغیر کیسے گذرتی ہے زندگی
یہ بات پوچھنا ہے اگر ہم سے پوچھئے
٭
چلے بھی آو قسم ہیں تمہیں محبت کی
تڑپ رہا ہے کوئی صبح وشام فرقت میں


انہوں نے اب تک شائقین شعر وادب کی خدمت میں تین شعری مجموعے متاع ِ نجات ، خامہ فکر ، اور سراجا منیرا کے علاوہ نور کا سفر نثری مضمون بھی پیش کیا ہے۔ ان تمام پر اعزازا ت اور رقمی انعامات سے بھی نوازے گئے ہیں۔ الغرض محترم صوفی سلطان شطاری صاحب کی (گولڈن جوبلی) پچاس سالہ ادبی خدمات کے صلہ میں دو روزہ اس جشن کے موقع پر اپنے چند ناچیز کلمات بچکانہ پیش کر تے ہوئے احقر کو بیحد خوشی اور مسرت ہو رہی ہے۔ صوفی بھائی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد قبول فرمائیے۔
خدا حافظ یار زندہ صحبت باقی

متاع نجات سے رنگ ِغزل تک صوفی سلطان کا تخلیقی سفر

متین وسنجیدہ، مونس ومخلص، ہمدرد وغمگسار، خوش وضع خوش پوشاک خوش فکر وخوش گو، شعلہ بیان مقرر۔ صاحب نثر ونظم، دینی علوم کے قاری، ہمہ وقت مفکر وتبدر، ذہانت فکر وفن، نورانی چہرا، دل پذیر سراپا، غزل رنگ مزاج، بے پناہ شعری فکر، صاحب تصنیف پر وقار لہجہ،یہ کوئی اور نہیں ان صفات کے حامل جناب صوفی محمد سلطان شطاری ہیں :
اس میں کچھ خوبیاں عطائی ہیں تو کچھ کسبی ہیں۔ اکثر اوقات یہ دیکھا گیا ہے زیادہ تر لوگ کسی ایک ہی میدان میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ ایسی کئی مثالیں موجود ہیں کہ ایک اچھا ناقد اچھا شاعر نہیں ہوپاتا۔ تو کامیاب شاعر کامیاب ناقد نہیں بن پاتا۔
ہاں یہ خوش نصیبی کچھ لوگوں کے حصہ میں ضرور آتی ہے۔ جناب صوفی سلطان صاحب انہیںخوش نصیب شاعروں میں سے ایک ہیں۔
فن کے متعلق میرا نظریہ یہ ہے کہ فن کار کے محسوسات میں تازگی اور توانائی ہو تو ان سے فن کو جلا ملتی ہے۔ تجربات ومشاہدات کے اظہار میں جس قدر  خلوص، احساس کی صداقت ، او ر گہرائی ہوگی اسی قدر قاری کے دل پر تخلیق کا اثر ہوگا۔ کوئی بھی اسلوب ہو اظہار کا کوئی بھی طریقہ اپنایا گیا ہو اداب فن کا لحاظ رکھنا ضروری ہوگا۔
جنون کی حد تک کسی کو پڑھنے کا ذوق ہوتا ہے تو کسی کو لکھنے کا اور کسی میں تو یہ دونوں ذوق پیدا ہوجاتے ہیں تو وہ ایک بہترین نامہ نگار یا تصنیف وتالیف کا قلم کار بن کر ابھرتا ہے یہی حال جناب سلطان شطاری صاحب کا ہے لکھنے اور پڑھنے کے شوق نے انہیں مصنف بنادیا ۱۹۸۵؁ء سے ۲۰۰۹؁ء تک کی تین کتابوں کے مصنف بن گئے جن میں مندرجہ ذیل کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔
نور کا سفر : جس کی طباعت ۲۰۰۷ء میں ہوئی مخصوص عنوان خاصۂ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مضامین کا مجموعہ ہے۔ سیرت پاک کی کتابوں میں خاصۂ رسولؐ کے تعلق سے سیر حاصل مضامین ہیں۔ لیکن سلطان صاحب نے اس عنوان کو خالص بنا کر جو پیش کیا ہے اس سے قاری کے ذہن ودل میں واقعات پختگی حاصل کرلیتے ہیں اور قاری اپنی یاد داشت کی بنیاد پر ایک دوسرے سے تذکرہ کرتا رہتا ہے۔ ایسے مضامین اہم اور لایق مطالعہ ہوتے ہیں :
خامہ ٔ فکر اور رنگ ِغزل : یہ دونوں غزلیات کے مجموعے ہیں خامہ فکر ۱۹۸۶؁ء میں اور رنگ غزل ۲۰۰۹؁ء میں قدر دان علم وفن کی پذیرائی حاصل کرچکا ہے۔ خامہ ٔفکر کے بے شمار غزلیں محفلوں میں کیسٹ اور گلوکاروں کے ذریعہ بے شمار حضرات کی سماعت تک پہنچ چکی ہے۔
میرا تجربہ یہ کہتا ہے کہ شاعر جس معاشرہ میں جنم لیتا ہے جس ماحول میں تربیت پاتا ہے اس عہد کی تہذیب وتمدن اور زبان کی چھاپ اس میں ملتی ہے اور اس کی ذاتی لہجہ ہی اسلوب بن جاتا ہے جس کا تعلق اس کے تخلیقی اظہار سے ہوتا ہے۔ اسی اسلوب سے کسی شاعر یا ادیب کی شخصیت پہچانی جاتی ہے۔ غزل کے یہ دونوں مجموعے اص طور پر خامہ ٔفکر کا مطالعہ کیا جائے تو قاری کو علم ہوجائیگا اس میں انفرادی چھاپ کے ساتھ ساتھ دکن کے ماحول کا پورا اثر ملتا ہے۔
محمد سلطان شطاری صاحب سراپا صوفی ہیں صاحب ِنسبت ہیں پیر طریقت ہیں۔ یہ تینوں اعزازات اور اس کی سرفرازی دکن کے ماحول میں ہوئی ہے دکنی تہذیب وتمدن ان کا کلچر اور بول چلال ان کی شاعری پر پوری طرح غالب ہے۔ سلطان صاحب بے حد سلجھا ہوا ذہین نظریہ رکھتے ہیں ان کے کلام سے گہری سنجیدگی اور عمیق تفکر کا احساس ملتا ہے۔ سماجی عوامل۔ تاریخی شعور ۔ تہذیبی عمل اور طبقاتی کش مکش ان کے کلام کا امتیازی نشان ہے۔
متاع ِنجات اور سراجا منیرا :
صوفی سلطان صاحب کے پہلے نعتیہ مجموعے کا نام متاع ِنجات ہے جو ۱۹۸۵؁ء میں شائع ہوا۔ اور دوسرے نعتیہ مجموعہ جو سراجا منیرا کے نام سے منظر عام پر آیا ۲۰۰۷؁ء میں شائع ہوا ہے۔
نعت مقدس کا پاک موضوع اگرچہ کافی وسیع اور ہمہ گیر ہے۔ وہیں بے حد مشکل اورنازک صنف ِسخن ہے اس میں افراط یا تفریط دونوں صورتوں میں دین وایمان خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف وتوصیف میں غلو یا بے احتیاطی اس صنف ِسخن کو مجروح کردیتی ہے۔ اس لئے نعتیہ شاعری کی دنیا میں وہی حضرات قدم رکھنا پسند فرماتے ہیں جن کا دل ودماغ توفیق الہی اور عشق ِرسول کی دولت کریمانہ سے آباد ومزین ہوتا ہے ورنہ بغیر تائید ربانی واعانت رسولؐ کے یہ وادی زر ابتدا تا انتہا وادی خار زار ہے۔ نعتیہ شاعری کے لئے از حد ضروری ہیکہ احتیاط وپاسدادری کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹے اسی میں دین ودنیا کی سعادت مندی وفیروز بختی ہے۔
جناب صوفی محمد سلطان صاحب کی نعتیہ شاعری کے تعلق سے کھل کر کہوں گا کہ سلطان صاحب کو رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم سے گہری عقیدت ووابستگی ہے وہ ایک دردمند انسان ہیں۔ افتراق وانتشار اور مسلکی وگروہی عصبیت سے انھیں نفرت ہے ان کی تمام نعتوں میں اداب نعت کا پورا پورا لحاظ وپاس ہے۔
اور اشعار میں عشق وشیفتگی کا اظہار بڑے نفیس انداز میں پیش کیا ہے نعت ؐکا شعر نعت ہی کا لگتا ہے غزل کا نہیں سلطان صاحب کا یہ کمال فن ہے غزل کہیں تو غزل کے شاعر کہلائے نعت پاک کہیں تو نعتؐ کے شاعر کہلائے۔
صوفی سلطان صاحب کو یہ سعادت حاصل ہیک کہ ہند اور بیرون ہند کے کئی ممالک کے مشاعروں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے۔ مشاعروں میں سرفہرست رہے ہیں۔
اورنگ آباد مہاراشٹرا میں بنے میاںؒ سرکار کے عرس کے مواقع پر جوآل انڈیا مشاعرہ منعقد ہوتا ہے جس میں مہاراشٹرا کے مختلف اضلاع سے شعرا شرکت  کرتے ہیں وہی حیدرآباد واکناف کے شعراء اور استاذہ مع اپنے شاگردوں کے شرکت کرتے ہیں برسر تذکرہ یہ ہے کہ اس مشاعرے میں برسوں سے صوفی سلطان صاحب اور اسماعیل صابرؔ صاحب یہ دو چہرے میرے اس مشاعرے کے کرتا دھرتا بھی ہیں اور کامیابی کے ضامن بھی۔
صوفی سلطان صاحب کی نعتیں سادہ الفاظ میں ہوتی ہیں۔ مگر پر مغز پر کیف اور روح افزا ہوتی ہیں۔ ماشاء اللہ آپ کے نعتؐ پڑھنے کا انداز اایسا والہانہ ہوتا ہے کہ اس سے سامعین متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتے۔
آپ چونکہ نعتیہ شاعری میں صوفی عبدالمنان کشورؔ نرملی ؒ سے شرف ِتلمذـ ہے ایسے صوفی سلطان صاحب کے کلام میں یہ غیر معمولی تاثیر حضرت کشورؔ ؒ کی صحبت کیمیا کی برکت سے ہے۔ اس کا جیتا جاگتا ثبوت متاع نجات اور سرجا منیرا ہے۔
جی چاہتا ہے کہ کچھ بزرگوں کے ارشادات ، تنبیہ اور ہدایات جو نعتؐ پاک کے تعلق سے کہی گئی ہیں رقم کروں:
اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ عصر حاضر میں جتنے کل ہند مشاعرے ہوتے ہیں اسمیں آدھی تعداد گلے بازوں کی تک بندی والوں کی اور نقالوں کی ہوتی ہے۔ اور تقریبا تمام کے تمام متشاعر ہوتے ہیں شاعر تو جدید لب ولہجہ کے ہوتے ہیں اور نعتؐ پاک کے مشاعرے میں مواقع مل جائیں تو اساتذہ کو نذرانے کے دے کر دوچار نعتیں لکھوالیتے ہیں۔ جبکہ ایسے شاعر نعتؐ کی ابجد سے واقف ہی نہیں ہوتے۔ یہ خاکسار ان ہی چیزوں سے متاثر ہو کر چند اکابر شعرا اور بزرگوں کے ارشادات قلم بند کر رہا ہے ملاحظہ فرمائیں۔
حضرت مال الدین محمد عرفی شیرازی ؒ :
فرماتے ہیں نعت گوئی ایک انتہائی دشوار راہ گذر ہے اس میں نہ غزل کی شوخی چلتی ہے نہ قصیدے کی طرح بے راہ روی ۔ اور نہ زمین وآسمان کے قلابے ملانے والی باتیں۔ یہ بات یاد رکھو سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کسی کی زرہ برابر لغزش بھی مالک حقیقی کو پسند نہیں ہوگی عرفی شیرازی کا یہ شعر نعت گویانِ نبی کو خبردار کرتا ہے۔
عرفی مشتاب ایں رہ نعت است نہ صحرا است
آہستہ کہ رہ بردم تیغ است قدم را
علامہ بوہیریؒ :
نعتؐ کہنا حقیقت میں پل صراط پر چلنے سے زیادہ سخت ہے مگر اس منزل سے کامیابی کے ساتھ گذر جانا ہر کس وناکس کے بس کی بات نہیں ۔
پروفیسر نثار احمد فاروقی :
جس طرح قرآن جامع الحسنات ہے اسی طرح رسالت پناہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی جامع صفات ہے۔ اس لئے کوئی ایسی مبالغہ آمیز تعریف نہ کرے جو قرآن وحدیث سے معارض ہو مثلاً ان صفا ت ربانی کو جو اللہ سے مخصوص ہیں رسول سے منسوب کرنا اس طرح دوسرے انبیاء سے ایسا موازنہ کرنا جس میں تفریق کا پہلو نکلے یہ نص صریح کے خلاف ہے ۔ ناپختہ ذہن رکھنے والے نعت گو اس طرح کی باتیں لکھ کر یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے عقیدت ومحبت کا حق ادا کردیا ہے۔ یہ لوگ گمراہ ہیں:
ماہر القادری :
حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے کمال محبت وعقیدت ایمان کا جزو ہے اور شریعت کے عائد کردہ قیود اور پابند یوں کی پاس داری ایمان کا عین تقاضہ ہے نعت گوئی کے ان دو طرفہ تقاضوں میں سے کسی ایک سے بھی بے نیازی یا بے اعتنائی برتی جائے تو نعتؐ نعتؐ نہیں رہے گی:۔
ڈاکٹر تابش مہدی :
اصناف سخن میں نعت ایک مشکل ترین صنف ہے میاں جنید وبایزید بھی نفیس گم کردہ اتے ہیں یہاں فکر وخیال کے لئے کچھ قیود اور پاپندیاں ہیں ان کے دائرہ میں رہ کر بھی کچھ کہا اور لکھا جائے گا۔ وہ نعتؐ ہوگی بصورت دیگر ہلاکت اور تباہی کا اندیشہ ہے۔
پروفیسر منصور احمد خالد :یہ جاں لو کہ نعت حفظ مراتب کا زبردست امتحان ہے تلوار سے تیز اور بال سے باریک پل صراط سے گذرنے کی بات ہے سیرت نبوی اور اسلامی تاریخ پر جب تک عبور حاصل نہیں ہوتا تب تک اس میدان میں قدم رکھنے کی جرأت نہ کی جائے تو اچھا ہے :
احسان دانش :
جس نعتؐ سے حضورؐ کے اوصاف حمیدہ جو قاری یا سامع کے علم سے باہر ہوتے ہیں اگر نمایاں نہ ہوں اور حضورؐ کی ذات وصفات کو اجاگر نہ کرے تو وہ نعت ہے نہ حسن شعر ہے نہ شاعر کا کمال :
ان بزرگوں کے اقوال پر اپنی بات ختم کرتا ہوں بات دراصل صوفی محمد سلطان شطاری صاحب کے فن اور شخصیت کی چل رہی تھی درمیان میں خاکسار نے بہتر سمجھا اس تاثیر کے ساتھ ہی بزرگوں کے اقوال بھی قاری کیلئے ہماری ابھرتی ہوئی شعراء کے نسل کے لئے ہدایت کی راہ ثابت ہو :
مضمون کے آخر میں میں حضرت صوفی سلطان شطاری قادری کے ادبی ، شعری وسماجی خدمات پر اس گولڈن جوبلی تقاریب کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اور دعا گو ہوں اللہ تعالی انھیں صحت وعافیت کے ساتھ رکھے۔ آمین

صوفی سلطان شطاری

نسیمہ تراب الحسن
حیدرآباد ہمیشہ سے علم وادب کا گہوارہ رہا۔ ماضی سے اب تک بہت سے ادیب وشعراء نے اپنے علم سے اردو ادب میں قابل قدر اضافہ کیا ہے اور اللہ کے فضل وکرم سے یہ سلسلہ آج تک نگاہوں کے سامنے ہے۔اس کی تفصیل طویل ہے، فی الحال طالب حاجت بھی نہیں کیونکہ اس وقت میرے سامنے صوفی سلطان شطاری کی کتابیں رکھی ہیں جنھوں نے میری توجہ اپنی طرف کرلی۔
صوفی سلطانؔ شطاری محتاج تعارف نہیں۔ آباواجداد کاسلسلہ ہاشم پیر ودستگیرؒ، خلفاء سے ہے۔ والد محمد عبدالمنان کشورؔ نرملی اپنے وقت کے مشہور شاعر تھے۔ شاعری ایک خدادا صلاحیت ہوتی ہے۔ ضروری نہیں کہ وراثت میں ملے لیکن صوفی سلطان شطاری قسمت والے ہیں کہ انھیں یہ ورثے میں مل گئی۔ کمسنی سے شعر وشاعری سے لگاؤ اور ماحول ایسا ملا کہ نے سونے پر سہاگہ کا کام کیا۔ بڑھتی عمر سے جلا ملتی گئی۔ غزلیں لکھنا شروع کیں۔ غزل کی صنف انسان کے احساسات اور جذبات کو شعری جامہ پہنادیتی ہے۔ ظاہر ہے ہر ایک کا رنگ جدا ہوتا ہے۔ کوئی اسے مجازی عشق کا آئینہ بناتا ہے، کوئی فلسفیانہ خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی لئے ہم کو مختلف روپ نظر آتے ہیں۔ انہی سے ہم کو شاعر کے دلی جذبات کا اندازہ ہوتا ہے۔ صوفی سلطان شطاری کی غزلوں کو اٹھا کر پڑھئیے تو بخوبی ان کے معیار سمجھ جائیں گے۔ وہ کہتے ہیں۔

سلطاںؔ یہ کون گذرا ہے راہ حیات سے
ہرایک قدم پہ مجھ کو جو نقش وفا ملا
دوسرا شعر ملاحظہ کیجئے۔
لب تھے خاموش مگر بول رہی تھیں نظریں
بزم جاناں میں عجب ہم نے تماشہ دیکھا

صوفی سلطان صاحب کا یہ کہنا بھی منفرد انداز ہے۔

نگاہ ڈالنے موسیٰ کی کم نگاہی پر
نظر کسی سے ملانا کوئی مذاق نہیں

نظروں کے کھیل کو انھوں نے طرح طرح شعری روپ میں ڈھالا ہے۔ اب یہاں دیکھئے وہ کہتے ہیں۔

رقص کرنے لگیں گے پیمانے
نیچی نظریں ذرا اٹھادینا

محبوب کے آنے سے بہار آنے کا حال تو آپ نے بہت بار سنا ہوگا مگر یہ ندرت خیال نہیں تو کیا ہے۔

جگر میں درد اٹھا اور آنکھ بھر آئی
گذر رہے ہیں وہ شاید غریب خانے سے
دراصل وہ اس کے علم بردار ہیں کہ جو دل پر گذرتی ہے رقم کرتے رہیں گے۔ ایک مضمون میں اگر ان کے اشعار ہی لکھتی رہوں تو خیالات کا اظہار کیسے کروں گی ، اور پھر مشکل یہ آپڑی کہ وہ ایک فرمانبردار بیٹے ہیں۔ غزلوں کا مجموعہ خامہ فکر  شائع تو کرچکے تھے لیکن والد نے حمد ونعت کی ترغیب دلائی کہ یہ دولت دونوں جہاں میں کام آنے والی ہے۔ باپ کی نصیحت کو ذہن نشین کرلیا اور اس طرف رجوع ہوگئے، حمد، نعتؐ ، منقبت سے چراغ جلنے کی کہاوت کا عکاس ہے۔ باپ دادا سے حاصل کی ہوئی اس دولت کو اپنے خون جگر سے سینچا ہے اسی لئے ان کے کلام میں سرکار دو عالمؐ سے عقیدت و وابستگی کا بدرجہ اتم اظہار ہے۔ عجز وانکساری ، جذبات مودّت اور جانثاری کا عکس ہر شعر میں جھلکتا ہے۔ وجہ صاف طور پر عیاں ہے۔
ملاحظہ ہو۔
دنیائے آب وگل میں ہوئے جلوہ گر حضورؐ
راہ نجات کیا ہے دکھانے کے واسطے
دوسرا شعر دیکھئے۔
نام نبیؐ سے ہوتی ہیں آسان مشکلیں
ملتا ہے یہ ثبوت خدا کے کلام سے
سلطان شطاری صاحب کا یہ کہنا کس قدر حقیقت سے لبریز ہے۔
سلطان ذرہ ذرہ ہے اس بات کا گواہ
روشن جہاں میں شمع ہدایت نبی کی ہے
حمد ونعت کی شاعری ہر کس وناکس کے بس کی بات نہیں ۔ اس میں محض جذبات اور عقیدت کی ہی ترجمانی نہیں ہوتی بلکہ فن کا مکمل اظہار بھی ضروری ہوتا ہے۔ اس میں معنی ، مفہوم اورعقیدت وجذبے کو ہم آہنگ کرنے کا اگر سلیقہ نہ ہو تو حمدیہ ونعتیہ شاعری نہیں ہوسکتی یہ سب صوفی سلطان شطاری کے کلام میں موجود ہے۔ ساتھ ہی ان کے کلام میں گہرائی اور گیرائی ہے۔ ان کا عقیدہ دیکھئے۔
کلی کھلتی ہے دل کی ، جب تمہارا نام لیتا ہوں
تمناؤں کے گلشن کی ، بہار بے خزاں تم ہو
ایک اور شعر ۔
سایہ ہے نہ ثانی ہے نہ سرکارؐ کا ہمسر
اللہ نے قرآن میں یہ صاف لکھا ہے

پھر کہتے ہیں۔

نعلین چھوڑنے کی بھی مہلت نہ دی گئی
دیکھو خدا کو کتنی محبت نبیؐ کی ہے

مجھے یقین ہے کہ جو بھی مدینہ منورہ جاچکا ہے اس کے دل وزبان کی عکاسی سلطان صوفی صاحب کے اس شعر سے ہوجائیگی۔


ہر لمحہ یہاں بارشِ انوار خدا ہے
روشن ہے اسی نور سے دربار مدینہ


غرض کہ ہر نعتؐ ایک صاحب ایمان کے جذبات واحساسات کی کھلی کتاب ہے۔ بلاشبہ صوفی سلطان شطاری صاحب ایک بلند پایہ شاعر ہیں۔ زبان اور فن شعر پر وہ کامل دسترس رکھتے ہیں۔ فنی باریکیوں سے خوب واقف ہیں اور کیوں نہیں پچاس سال گزر گئے اس دشت کی سیاحی میں۔
صوفی سلطان شطاری کو اپنے فن شاعری پر اعتبار واعتماد ہے ساتھ ہی آگے بڑھنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ ان کے کلام میں خلوص ، صداقت ، فکر اور شدت وجذبات کی خصوصیات نمایاں ہیں۔ میں شاعر نہیں لیکن اچھی شاعری دل ودماغ کو راحت بخشتی ہے اس کا اندازہ ہے۔ خامۂ فکر کی غزلیں اور سراجاً منیرا نعتیہ مجموعہ پڑھنے سے جو تاثرات ذہن میں پیدا ہوئے ، سوچا قلمبند کردوں اور صوفی سلطان شطاری صاحب کو مبارکباد دوں کہ انہوں نے نہ صرف اپنے والد کو خوش کیا بلکہ  متاع نجات اپنے لئے بھی اور دوسرے پڑھنے والوں کے لئے قابل ستائش کتابوں کا انمول تحفہ دیا۔
جن کے سہارے عشق رسولؐ کو تازہ رکھنے کا سامان موجود ہے۔ خدا کرے صوفی صاحب کی عمر دراز ہو اور وہ صحت کے ساتھ دین وایمان کے گلشن میں پھول کھلاتے رہیں۔ آمین
بقول صوفی صاحب کے

محشر میں سر چھپانے کا اک اسرا ہے یہ

صوفی کی شاعری میں تصوف کی جھلکیاں

مسعود مرزا محشر ورنگل
ہندوستانی عوام کے مزاج ، طرز معاشرت ورجحان کو دیکھتے ہوئے بزرگان سلف نے فلاح انسانی کے لئے راہ تصوف کو موزوں ومناسب سمجھا۔ تزکیہ نفس ودرس سلوک کے لئے خانقاہی نظام کی بنیاد ڈالیگئی۔ یہ نظام کئی صدیوں تک اصلاح معاشرہ کا کام کرتا رہا۔ بلکہ سلسلہ در سلسلہ خدمت خلق بھی انجام دیتا رہا۔ خانقاہوں سے بلا تخصیص مذہب وملت لوگ فیضیاب ہوا کرتے تھے۔ لیکن درسِ سلوک وابستگان سلسلہ تک محدود تھا۔ صوفی محمد سلطان شطاری صاحب کا تعلق بھی اسی خانقاہی نظام سے ہے۔ ظاہر ہے کہ عقیدت رسولؐ کی خوشبو سے مہکتا ہوا آپ کا گھرانہ پیاسی روحوں کو سیراب کرتا رہا۔ اس گھر کے آنگن میں کھلنے والے گلوں نے بھی اپنی خوش فکری سے اک جہاں کو متاثر کیا۔ صوفی محمد سلطان شطاری نے جب ہوش سنبھالا تو سرمدی نغمے آپ کی سماعت میں رس گھولنے لگے۔ آنکھوں نے عقیدت کے نظارے دیکھے۔ دل نے اس ماحول کو بہ سر وچشم قبول کیا۔ سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شعر وادب کے جرثومے آپ کے بدن میں داخل ہوگئے اور اپنا کرشمہ دکھانے لگے عقیدت کے پھولوں سے گوندھا ہوا گجرا سراجاً منیرا منظر عام پر آیا اور داد وتحسین حاصل کیا۔ اس گلدستۂ نعتؐ پر اساتذانِ دکن نے وہ خامہ فرسائی فرمائی کہ کوئی پہلو باقی نہیں بچا۔ ویسے بھی نعت کا میدان جتنا وسیع ہے اتنا ہی محدود بھی ہے۔ اس پر وہی لوگ قلم اٹھانے کی جسارت کرسکتے ہیں جو ادب۔ قرآن وسیرت پر یکساں دسترس رکھتے ہیں۔ صوفی محمد سلطان شطاری صاحب کا ایک اور مجموعہ خامہ ٔ فکر  جو ۱۹۸۷ء میں شائع ہو کر منظر عام پر آیا تھا ۱۳۷ غزلوں اور چند نظموں پر مشتمل یہ مجموعہ تخلیق کار کی صلاحیتوں کا عکاس ہے۔ میر تقی میرؔ سے ہوتا ہوا جو سلسلہ محترم المقام سعید شہیدی تک پہنچا۔ اسی کاتسلسل خامۂ فکر میں بھی نظر آتا ہے۔ زمانے نے کئی کروٹیں بدلیں اسلوب شاعری میں تغیرات آئے۔ ادوار کا تعین بھی ہوا۔ لیکن صوفی صاحب ان کے اثرات سے مبرا ہیں۔ اور انہوں نے موضوعات کی مناسب سے کلاسیکی اسلوب کو ہی اپنایا۔ جام وسبو۔ گل وگلستاں۔ برق وآشیاں۔ قید وقفس۔ طوفان وتلاطم۔ میخانہ وپیمانہ۔ لب ورخسار۔ گیسو و گفتار۔ شام وسحر۔ بہار وخزاں۔ رنج وانبساط۔کی علامات سے ہی اپنی شاعری کو مزین کیا ہے۔ لیکن وہ ان زمینی علامتوں کو استعمال کرتے ہوئے بھی آسمان کی جانب کرتی ہوئی پرواز کو پوشیدہ نہیں رکھ سکے۔
شاعری چاہے کسبی ہو یا وہبی۔ شاعر اپنی فطرت کو چھپانے سے قاصر رہتا ہے۔ بظاہر خامۂ فکر  کے اشعار میں مجازی محبوب کا تصور نمایاں نظر آتا ہے لیکن کہیں کہیں حقیقی محبوب کی جانب اشارے ملتے ہیں۔ اور مقصود شاعری وہی ہوسکتے ہیں۔ صوفی محمد سلطان شطاری صاحب کا تعلق صوفیوں کے خانوادہ سے رہا ہے اس لئے آپ کی شاعری میں تصوف کا داخلہ فطری عمل کا نتیجہ ہے۔
تصوف ماورائی حقائق کے ادراک کا نام ہے۔ ماورائی حقائق کے ادراک کا اظہار صوفی محمد سلطان شطاری صاحب کا کلام کس طرح ہوتا ہے۔ ملاحظہ فرمائیے۔

ہر شئے میں میں نے دیکھا ہر وقت تیرا جلوہ
قلب ونظر میں جب سے جلوؤں کی آگہی ہے
٭
ہر طرف تو ہی تو نظر آئے
کیا کوئی ایسی آگہی سے ملے
٭
کور نظروں نے نہ دیکھا کبھی جلوہ تیرا
چشم بینا نے ہر اک ذرّہ میں جلوہ دیکھا
٭
تیرے تو جلوے ہر اک سمت عام ہیں لیکن
وہ کور چشم ہیں جلوے جو تیرے پا نہ سکے

تصوف میں انسان کا تعلق براہ راست خدا سے ہوتا ہے۔ مادی دنیا اس کی نظر میں کوئی حقیقت نہیں رکھتی اسی کو صوفی سلطان صاحب یوں قلم بند کرتے ہیں۔


تیرا خیال تیرا تصور ہے تیرا ذکر
اب اس سے ہٹ کے کریں ہم کہاں کی بات


تصوف اللہ کی ذات میں فنا ہوجانے کا نام ہے۔ اللہ کی ذات میں خود کو ضم کر کے بقائے دوام حاصل کی جاسکتی ہے۔ اسی حقیقت کا منشاء حسب ذیل اشعار میں کرتے ہیں۔

بے خودیٔ شوق میں سر جھک گیا اپنا جہاں
خود بہ خود ظاہر وہاں اک سنگ ہونے لگا
٭
جب ہمارا سر جھکے گا آستاں کھچ آئے گا
یوں نہ سب کی طرح تیرا آستاں ڈھونڈیں گے ہم
٭

تصوف عالم شہود سے بے نیازی عطا کرتا ہے۔ اسی بے نیازی کو صوفی محمد سلطان صاحب کس سلیقہ سے پیش کرتے ہیں ملاحظہ فرمائیے۔

ہے تو اول و آخر ہے تو ہی ظاہر و باطن
کوئی عنوان ہے میرا نہ کوئی داستاں میری
خامہ فکر کی غزلوں میں مسائل تصوف ہی نہیں۔ غم جاناں وغم دوراں کا تذکرہ بھی ملتا ہے۔ میرے مضمون کا عنوان صوفی کی شاعری میں تصوف کی جھلکیاں ہے۔ اس لئے میں نے ان ہی اشعار کا انتخاب کیا ہے جو تصوف سے متعلق ہیں۔ ویسے اس کے علاوہ بھی خامۂ فکر میں بہت کچھ ہے جس پر لکھا جاسکتا ہے۔ طوالت کے ڈر سے مضمون کو یہیں حتم کرتا ہوں۔ شیخ اسمعیل صابر صاحب کی اطلاع کے مطابق صوفی محمد سلطان شطاری صاحب ضخیم دیوان کی ترتیب میں منہمک ہیں ( سراجاً منیرا صفحہ ۱۴) دیکھنا ہے کہ صوفی صاحب کی شاعری اس ضخیم دیوان میں کیا گل کھلاتی ہے۔

صوفی سلطانؔ شطاری صوفیانہ فکر کا شاعر

اقبال شیدائی ورنگل
آئی ۔ ٹی ۔ ڈی ۔ اے کے دفتر میں صوفی سلطان شطاری صاحب سے میری پہلی ملاقات ہوئی۔معلوم ہوا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے کنٹراکٹر ہیں اور آئی ٹی ڈی اے کے ہاسٹلوں کے بچوں کے لئے ٹرنک باکس اور دیگر اشیاء سپلائی کرتے ہیں۔ یہاں جامع مسجد کے قریب ان کا ایک مکان بھی ہے جس میں وہ حیدرآباد سے آکر ٹہرتے ہیں۔ حیدرآباد میں ان کاs Tow-Tier Cot بنانے کا ایک کارخانہ بھی ہے۔
ہم دونوں غائبانہ طور پر ایک دوسرے سے واقف تھے۔ میں نے بہت پہلے انھیں ورنگل کے ایک مشاعرے میں اور پھر عادل آباد کے ایک مشاعرے میں دیکھا تھا مگر ان سے ملنے کا موقع نہیں مل پایا تھا۔ اوٹنور ہی میں ہم دوسرے کے حالات اور تفصیلات سے واقف ہوئے۔ چھریرے بدن کے ساتھ سرخ سفید نورانی چہرہ ، سیاہ گھنی ریش ، جامہ زیب ، خوش اخلاق، یار باش شطاری صاحب کا میں چند ہی دنوں میں گرویدہ ہوگیا تھا۔ ملاقاتیں دوستی میں بدل گئیں۔ کئی بیٹھکوں میں ہم نے ایک دوسرے کو سنا۔ ان کا ترنم بھی غضب کا تھا۔ نعتیں خصوصاً ترنم سے پیش کرتے تھے۔ ہم نے اوٹنور میں ایک ادبی انجمن بزم نور ِ ادب اوٹنور کے نام سے قائم کی۔ جس کے وہ صدر تھے اور میں معتمد۔ اوٹنور میں قیام کے دوران ہم نے مل کر دو مشاعرے تاریخی کروائے۔ پہلا مشاعرہ آئی۔ ٹی ۔ ڈی ۔ اے کے ہاسٹل میں ہوا جس کی صدارت جناب کالوجی رامیشور راؤ شاد نے فرمائی تھی۔ جس میں عادل آباد ، کریم نگر ورنگل اور نظام آباد کے شعراء نے شرکت کی۔ دوسرا مشاعرہ پنچایت سمیتی کے میٹنگ ہال میں ہوا۔ اس کے چند دنوں بعد ہی میرا تبادلہ ورنگل ہوگیا۔ جس کے بعد بزمِ نورِ ادب کی سرگرمیاں ختم ہوگئیں۔ سلطان شطاری صاحب سے ربط ٹوٹ گیا۔
سلطان شطاری صاحب اور میں تقریبا ہم عمر ہیں۔ شطاری صاحب حضرت صوفی محمد عبدالمنان صاحب کے گھر نرمل میں ۱۵؍ اگست ۱۹۴۲؁ء کو عالم آب وگل میں تشریف لائے۔ والد بزرگوار نرمل کے نمائندہ شعرا میں تھے ان کا قلمی نام کشورؔ نرملی تھا ۔ اس طرح شاعری انہیں ورثے میں ملی ہے۔ والد صاحب ہی سے انہیں شرف تلمذ حاصل رہا۔ بی ۔ اے تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ گورنمنٹ کنٹراکٹر بن گئے۔
شطاری صاحب نے ۱۹۵۹؁ء ہی سے ہی شعر کہنا شروع کردیا تھا۔ اس طرح ان کی شاعری کی عمر ۲۰۰۹؁ء میں پچاس برس ہوجاتی ہے۔ اور شاعری کی گولڈن جوبلی واجب ہوجاتی ہے۔ شطاری صاحب کا پہلا شعری مجموعہ نعتیہ کلام پر مبنی متاع نجات  ۱۹۸۵ء میں منظر عام پر آیا۔ یہ وہ زمانہ تھا جس میں ایک متوسط گھرانے کے شاعر کے لئے اپنا شعری مجموعہ شائع کروانا جوئے شیر لانے سے کم نہیں تھا۔ بہت سے اساتذہ اپنے کلام کو چھپوانے کی حسرت لئے دنیا سے چل بسے تھے۔ ایسے میں دوسرے سال ہی یعنی ۱۹۸۶ء میں غزلیہ شاعری کا مجموعہ خامۂ فکر پیش کر کے اچھے اچھوں کو چونکا دیا۔ لگاتار کتابوں کی اشاعت سے یوں لگ رہا تھا کہ سلطان شطاری صاحب ہر سال ایک کتاب اردو دنیا کو دیں گے۔ مگر ایسا نہیں ہوا۔ وہ تقریباً بائیس سال تک ادبی دنیا سے گویا غائب رہے۔ بائیس سال بعد انہوں نے دنیائے سخن کی جانب پھر مراجعت کی اور ۲۰۰۷ء میں اپنا دوسرا نعتیہ مجموعہ سراجا ً منیرا اور نثری تصنیف نور کا سفر  کو منظر عام پر لاکر اعلان فرمادیا کہ لو اب ہم آگئے ہیں۔ اور اب وہ اپنے دوسرے غزلیہ شاعری کے مجموعے رنگ غزل کو عنقریب منظر عام پر لانے والے ہیں۔ اب ہم ان سے امید کرسکتے ہیں کہ وہ اردو ادب کو ہر سال ایک کتاب سے مالا مال کرنے کے اپنے پروگرام میں بڑی مستعدی دکھائیں گے۔
ان کی شاعرانہ زندگی میں بیس برسوں کا جو خلا نظر اتا ہے اس میں انہیں بیرونی ممالک کی سیاحت کا موقع بھی نصیب ہوا۔ کراچی ، لاہور (پاکستان) اور سعودی عرب کے شہروں مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، تبوک ، الخطیف ، عر عر وغیرہ کی ادبی محفلوں میں انہیں کلام سنانے کا موقع ملا۔
پچھلے برس جناب صوفی سلطان شطاری صاحب سے ورنگل میں میرے سمدھی جناب اقبال احمد صدر اقلیتی سیل ٹی ۔ آر ۔ ایس کے دولت خانے پر غیر متوقع طور پر ملاقات ہوگئی۔ وہ بھی سیاست میں داخل ہوگئے تھے۔ ٹی۔ آر۔ ایس پارٹی میںشطاری صاحب ریاستی لیول کے سکریٹری ہیں۔ پارٹی میٹنگ میں ورنگل آئے تو انہیں پرانے دوست کی یاد آئی۔ انہوں نے اقبال احمد صاحب سے میرے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ خود اقبال شیدائی کے سمدھی ہیں۔ تب انہوں نے مجھے فون کر کے شطاری صاحب کے بارے میں بتایا تو میں فوراً ان سے ملنے چلا گیا وہ مجھ سے بغلگیر ہوگئے۔ بیس سال بعد ان سے ملاقات ہوئی تھی ان دنوں وہ لکھنو کے بانکے لگتے تھے۔ اب ان کے چہرے پر بزرگی کے آثار نظر آرہے تھے۔ وہ کسی سیاسی لیڈر سے زیادہ مذہبی رہنما نظر آرہے تھے۔ کرتا پاجامہ ، ویسٹ کوٹ ، سر پر ٹوپی۔ میں نے انہیں اپنا دوسرا شعری مجموعہ خواب جاگتی آنکھوں کے  کے پیش کیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کا نعتیہ شاعری کا مجموعہ سراجا منیرا کے کئی نسخے انہوں نے احباب میں تقسیم کے لئے بجھوائے۔
جہاں تک جناب سلطان شطاری صاحب کی شاعری کا تعلق ہے قاری کو اس بات کا دھیان رکھنا ہوگا کہ شطاری صاحب کا تعلق ایک صوفی گھرانے سے ہے ، جس پر تصوف کا رنگ غالب ہونا عین ضروری ہے۔ جس میں عشق مجازی اور عشق حقیقی خلط ملط ہوجاتے ہیں۔ خالص غزل کا شعر ایک صوفی کے لئے خالص نعت یا حمد کا شعر ہوجاتا جو اپنے محبوب کے روپ میں رسول ؐ یا اللہ کی ذات کو دیکھتا ہے۔ اس میں ناز ونیاز بھی ہے روٹھنا مننا بھی ہے ، شکوے شکایتیں بھی ہیں۔ تعریف حسن بھی ہے۔ یہی کیفیات لئے کچھ غزلیہ اشعار سلطان صاحب کے ملاحظہ فرمائیں۔


جب کبھی تیری یاد آئی ہے
غم کی لذت بھی ساتھ لائی ہے
٭
تیرے دربار میں ہر سمت دیوانے دیکھے
دردمندانِ محبت کے ٹھکانے کے دیکھے
٭
کیا نظر تیری یار ہوتی ہے
جو مرے دل کے پار ہوتی ہے
٭
جس گھڑی پاس تم نہیں ہوتے
وہ گھڑی دل پہ بار ہوتی ہے
٭
کھودیا میں نے خودی کو آپ کو پانے کے بعد
ہوش میں آیا ہوں گویا ہوش اڑجانے کے بعد
٭
ترے التفات کا شکریہ مجھے آرزو سے سوادیا

رہ زندگی تھی جو پرخطر ترے غم نے سہل بنادیا
نگاہ مست کو جب بھی اٹھادیا تو نے
ہمارے ہاتھ سے ساغر گرادیا تو نے
٭
یہ میرے حسن تصور کا فیض ہے شاید
دل ونظر میں ہے تصویر ہو بہو تیری
٭
بس انکی نظر سے پیتے ہیں ہم ساغر ومینا بھول گئے
اب ہوش نہیں ہے دنیا کا ہم ساری دنیا بھول گئے
٭
جب سامنے وہ آجاتے ہیں کچھ ہوش نہیں رہتا ہم کو
ہم کیسے کہیں پا کر ان کو کیا یاد رہا کیا بھول گئے
٭


یہ تو تھا سلطان شطاری صاحب کی غزلوں کے عشق مجازی میں عشق حقیقی کا رنگ اب ان کی خالص نعتیہؐ شاعری کا رنگ ملاحظہ فرمائیے۔


کاٹنے قدم قدم پہ بچھائے گئے تو کیا
اک گام بھی سفر نہ رکا آپ کا حضورؐ
٭
یہ گلشن دنیا نہیں صحرائے فنا ہے
صرف آپؐ سے عقدہ یہ کھلا سرور کونینؐ
٭
محتاجِ کرم کیسے رہے پھر کوئی عاصی
مسند پہ سخاوت کی ہیں سرکار مدینہؐ
ہیں مجبور و محتاج ہم یا محمدؐ
مداوائے درد والم چاہتے ہیں
تمہارے ہیں بس ہم تمہارے رہیں گے
فقط در تمہارا ہی ہم چاہتے ہیں
٭
ہو بیاں شان آپ کی آقاؐ
اتنی وسعت کہاں ہے لفظوں میں
٭

فکرِ محشر ہو کیسے سلطاںؔ کو
دامنِ مصطفے ہے ہاتھوں میں
٭


یہ جان کرمسرت ہوئی کہ اس سال ماہ جون کی ۲۷ اور ۲۹ تاریخ کو جناب صوفی شاہ محمد سلطان شطاری قادری صاحب کی ۵۰ سالہ ادبی خدمات کے اعتراف میں دو روزہ جشن منانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ایسے مواقع خوش قسمتوں ہی کے حصے میں آتے ہیں۔ اس موقع پر شطاری صاحب کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہوں کہ اللہ جل شانہ ، انہیں عمر ِخضری عطا فرمائے اور وہ پوری صحت مندی کے ساتھ اردو زبان کی ترقی میں اپنا رول ادا کرتے ہیں۔ آمین

جناب سلطان ؔ قادری کے پچاس سالہ
جشن شاعری کے موقع پر ایک تاثر

محمد محمود علی

صدر اقلیتی سیل ٹی ۔ آر ۔ ایس ۔ محمد محمود علی نے سلطان قادری کے پچاس سالہ جشن شاعری کے یادگار موقع پر اپنے تاثر پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلطان قادری پچھلے ۴۰ سال سے میرے پڑوسی اور ہم محلہ رہے ہیں۔ ان کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ شعر وادب کی دنیا میں ایک بڑا مقام رکھتے ہیں خاص کر ان کا نعتیہ مجموعہ سراجا ً منیرا پڑھنے کے بعد ان کی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بے حد عقیدت ومحبت ظاہر ہوتی ہے۔ وہ ایک نیک سیرت انسان ہیں اور تقریبا ۸ سال سے وہ اسٹیٹ سکریٹری کیساتھ ساتھ گلف این ، آر ،آئیز کے انچارج کی حیثیت سے میرے ساتھ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی سے وابستہ ہیں اور مل جل کر حسن وخوبی سے کام انجام دے رہے ہیں۔ خاص کرحکومت کی طرف سے اقلیتوں کے لئے ریزرویشن دینے جو کمیشن قائم ہوا تھا اس میں مل جل کر اقلیتوں کی نمائندگی مناسب طریقے سے کرتے رہے اور خصوصی طور پر اس سلسلے میں اقلیتوں کی معاشی بدحالی پر ایک ڈھائی گھنٹے کی ویڈیو فلم تیار کی گئی جس میں بڑی محنت ومشقت کرنی پڑی تھی جس میں سلطان قادری صاحب سرفہرست رہے۔ اس فلم میں مسلمانوں کے معاشی حالات پر تقریبا ۴۸ پیشوں سے وابستہ مسلمانوں کا انٹرویو لیاگیا۔ مسلمانوں کی معاشی بدحالی کو اس فلم کے ذریعہ بی ۔ سی کمیشن اور سچر کمیٹی میں پیش کیاگیا اور اس فلم کو صدر ٹی ۔ آر ۔ ایس جناب کے چندر شیکھر راؤ نے پی ۔ سی ۔ سی پریسیڈنٹ سونیا گاندھی ، پرائم منسٹر منموہن سنگھ اور سچر کمیٹی کے صدر راجندر سنگھ سچر کو پیش کیا ۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سلطان قادری نہ صرف ایک اچھے شاعر ہیں بلکہ ایک اچھے اور سچے مسلمانوں کے قائد بھی ہیںاور تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں ان کا بہت اچھا مقام ہے۔ ان کی تقاریر وبیانات کو لوگ خاص طور سے سنتے ہیں پارٹی کی طرف سے انھیں سعودی عرب میں این آر۔ آئیز کے مسائل کا انچارج بھی بنایا گیا ہے۔ اور وہ کامیاب دورے کرچکے ہیں۔ ان کے چاہنے والے سعودی عرب ، دوبئی ، کے کئی شہروں میں کثرت سے موجود ہیں۔ مسلمانوں کے ایک سچے ہمدرد اور خدمت گزار مسلمان ہیں۔ ان کے اس پچاس سالہ جشن شاعری پر ان کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔